عازمین حج کے لیے زرمبادلہ کی رقم متعین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-12

عازمین حج کے لیے زرمبادلہ کی رقم متعین

حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کیلئے زر مبادلہ کی رقم متعین کرتے ہوئے ایک ریال کی قیمت 14.98 روپئے طے کی ہے، جبکہ سعودی عرب میں دیگر اخراجات کیلئے ریال کی قیمت 16.07 روپے طے کئے گئے ہیں۔ عازمین حج کو اخراجات کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے 2100 ریال دئے جانے ہیں۔ ریال کی اس طے شدہ قیمت کے مطابق اب عازمین حج کو بقیہ رقم گرین زمرہ کیلئے 1,06,100 روپئے اور عزیزیہ زمرے کیلئے 76,050 روپے جمع کرانے ہوں گے۔ اس رقم میں ہوائی جہازکا کرایہ بھی شامل ہے۔ رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آج تمام عازمین کو مطلع کیا گیا ہے کہ عازمین اپنی ایڈوانس جمع کی گئی رقم 76000 روپئے کے علاوہ درج شدہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی کے بینک اکاونٹ نمبر FEE TYPE-25میں "پے ان سلپ" کے ذریعہ جس میں حوالہ نمبر، بینک ریفرنس نمبر، برانچ کا نام اور کوڈ نمبر بھرا ہوا ہو 27 جولائی تک جمع کرادیں۔ عازمین حج Pay in Slip حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.hajcommittee.com یا متعلقہ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر سے حاصل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی کی اطلاع کے مطابق دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین کو گرین زمرے میں 1,06,100 روپئے اور عزیزیہ زمرے میں مبلغ 76,050 روپے، بنگلور، وارانسی، کولکتہ، ممبئی اور حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین گرین زمرے میں 1,03,800 روپئے اور عزیزیہ زمرے میں 73,750 روپئے، اورنگ آباد، بھوپال، کالی کٹ، چنئی، گوا، اندور، ناگپور، گیا اور رانچی امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین کو گرین زمرے میں 1,01,700 روپے اور عزیزیہ زمرے میں 71,650 روپئے اور احمد آباد، بنگلور، سری نگر، گوہاٹی، لکھنو اور جئے پور امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین گرین زمرے میں 1,02,550روپئے اور عزیزیہ زمرے 72,500روپئے جمع کرائیں۔ علاوہ ازیں اہل تشیع عازمین جو جدہ سے جعفہ میقات جانا چاہتے ہیں ان کو جدہ سے جعفہ جانے کیلئے 1600 روپے زائد جمع کرانے ہوں گے۔ عازمین کو خاص طور سے ہدایت دی گئی ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا میں بنیک ڈرافٹ، چیک یا نقد رقم جمع نہیں ہوگی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر پرویز میاں نے دہلی سے جانے والے تمام عازمین حج سے گذارش کی ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے ہی رقم جمع کرادیں۔ رقم اسٹیٹ بنک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاونٹ نمبر Fee Tpye-25 میں جمع کراکر رسید حاصل کرلیں۔ تمام عازمین اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ بغیر بینک ریفرنس نمبر کے رقم جمع نہ کرائیں۔ اس کے علاوہ غیر ملکی زر مبادلہ میں اتار چڑھاؤ، نقل و حمل کے اخراجات یا کسی بھی ٹیکس کے اضافے یا کرائے میں اضافے کی صورت میں عازمین حج کواور مزید رقم ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سال مدینہ منورہ میں عازمین حج کو ان کے قیام کے دوران کھانا مہیا کرانے سے متعلق بھی بات ہورہی ہے، اگر کھانا دیا جائے گا تو عازمنے حج سے مزید رقم لینے کے بجائے یہ رقم 1200 ریال سے کاٹ لی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے اعلان کے مطابق اس مرتبہ عازمین حج سے ہوائی جہاز کا کرایہ 28000 روپئے وصول کیا جارہا ہے کہ جبکہ گذشتہ سال یہ کرایہ 20000روپئے تھا۔

Balance Haj amount for Haj 2013 - Haj Committee of India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں