رام مندر یا ہندوتوا کے بجائے سماجی مسائل پر توجہ ضروری - ادھو ٹھاکرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-21

رام مندر یا ہندوتوا کے بجائے سماجی مسائل پر توجہ ضروری - ادھو ٹھاکرے

Shiv Sena chief Uddhav Thackeray
شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ اب ملک میں رام مندر یا ہندوتوا جیسے مسئلے کی نہیں بلکہ سلگتے مسئلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایک عام آدمی کو ان سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ یہ عام آدمی کانگریس کی "غلط حکمرانی" کے باعث کئی مسائل سے دوچار ہے۔ شیوسینا سربراہ نے اپنے اس بیان سے پیدا ہونے والے غلط تاثر کو بھی دور کرنے کی کوشش کی کہ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو بحیثیت وزارت عظمی امیدوار پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ وہ لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کی انتخابی مہم کا سربراہ مقرر کرنے پر نریندر مودی سے پہلے ہی نیک خواہشات کااظہار کرچکے ہیں۔ کل میں نے جو کچھ کہا وہ ملک کے تقاضہ کے عین مطابق تھا کیونکہ اس وقت ملک کو ایک معتبر چہرہ کے حامل وزیراعظم کی ضرورت درپیش ہیں۔ یہ ریمارک موجودہ حکمراں پارٹی کانگریس کے تناظر میں تھا، میں نے کانگریس کے تعلق سے یہ بات کی تھی۔ لیکن ان کے ریمارکس کو میڈیا والوں نے توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ٹھاکرے نے واضح کردیا کہ رام مندر جیسے ہندوتوا مسائل اپوزیشن کی مہم میں اصل موضوع نہیں ہوں گے بلکہ اصل توجہ سلگتے مسائل پر مرکوز کرنی ہے۔ کیونکہ کانگریس کی غلط حکمرانی نے ملک کے عام آدمی کو مسائل کی کھائی میں ڈھکیل دیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے بی جے پی میں مودی کو اہمیت دینے کے بعد قومی دارالحکومت دہلی کا پہلی مرتبہ دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر گجرات مودی نے بی جے پی انتخابی مہم کا سربراہ مقرر کرنے کے بعد ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مجھ سے ملاقات کی تھی اور اسی وقت میں نے انہیں اپنی نیک خواہشات سے واقف کروایا تھا"۔ کل کی میری تقریر پر آج مجھے کیوں کر وضاحت کرنی چاہئے جبکہ میڈیا نے میرا بیان غلط انداز میں پیش کیا "۔

need to focus on the "burning problems" faced by the common man - Shiv Sena chief Uddhav Thackeray

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں