حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی - سارا بوجھ خانگی آپریٹرس پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-09

حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی - سارا بوجھ خانگی آپریٹرس پر

ہندوستان نے آج حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ اس کمی کا سارا بوجھ خانگی ٹو آپریٹرس کو برداشت کرنا پڑے گا اور ان خانگی آپریٹرس کے ذریعہ مقدس سفر پر جانے والوں کی تعداد 45ہزار سے گھٹ کر صرف 9,995 ہوجائے گی۔ ہند۔سعودی عرب باہمی معاہدہ متعلق بہ حج 2013ء پر گذشتہ 16مارچ کو جدہ میں دستخط ہوئے تھے۔ اس معاہدہ کی رو سے ہندوستان کیلئے حج کوٹہ 1,70,025 تھا۔ ان کے منجملہ 1,25,025 عازمین حج کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا (ممبئی) کے توسط سے مقدس سفر پر روانہ ہونے کی گنجائش تھی اور 45ہزار عازمین، خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ جاسکتے تھے۔ گذشتہ جون میں وزارت خارجہ ہند کو اطلاع دی گئی کہ سعودی حکام نے حج 2013ء کے کوٹہ میں مقامی تعداد میں 20فیصد کمی کردی ہے تاکہ حرم شریف کے اطراف جاری انفراسٹرکچر کام کی تکمیل میں سہولت ہو اور یہ علاقہ ،عازمین کیلئے محفوظ رہ سکے۔ "مذکورہ بالا امور کے پیش نطر حج 2013ء کیلئے 20فیصد کمی (یعنی جملہ 34,005نشستوں کی کمی) کا فیصلہ کیاگیا۔ یہ کمی، خانگی آپریٹرس کے موجودہ کوٹہ 45ہزار میں سے کی جائے گی۔ آج کی تاریخ تک مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے جن عازمین کے سفر کو منسوخ کیا گیا ہے ان کو "تابحد امکان" حج 2013ء کیلئے اہل خانگی ٹور آپریٹرس کو منتقل کیا جائے گا"۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کے توسط سے جانے والے 1,23,511 عازمین پہلی بار سفر حج کررہے ہیں۔ جاریہ سال سے، مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ سفر کو "صرف زندگی میں ایک بار" سفر حج پر روانہ ہونے والوں تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ ماضی میں5سال میں ایک بار اس سفر کا موقع دیا جاتا تھا۔ حج 2013ء کے خانگی ٹور آپریٹرس کے ناموں کا اعلان ہنوز باقی ہے۔


20% cut in Haj quota, private tour operators to be hit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں