اترپردیش - ذات پات پر مبنی ریلیوں پر پابندی - الہ آباد ہائیکورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-12

اترپردیش - ذات پات پر مبنی ریلیوں پر پابندی - الہ آباد ہائیکورٹ

الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے یوپی میں ذات پات پر مبنی ریالیوں کے انعقاد پر پابندی لگادی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنو بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ کورٹ نے کہاکہ ذات پات پر مبنی ریالیوں کے انعقاد سے سماج منقسم ہوتا ہے اور اس کا برا اثر پڑتاہے۔ عدالت نے اس بارے میں سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کی ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ یوپی میں اکثر ذات پات پر مبنی ریالیاں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ بات چاہے بی ایس پی کی ہو یا حکمراں ایس پی کی،ایسی ریالیوں کے انعقاد میں کوئی پارٹی ایک دوسرے سے پیچھے رہنا نہیں چاہتی۔ ووٹ بینک کی خاطر سیاسی پارٹیاں اب تک دھڑلے سے مخصوص ذات پر مبنی ریالیاں کرتی آئی ہیں۔ حال ہی میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے برہمن ریلی کا انعقاد عمل میں لایا تھا۔ جسٹس اما ناتھ سنگھ اور جسٹس مہندر دیال پر مشتمل بنچ نے کہاکہ ذات پات پر مبنی سیاسی ریالیاں دستوری اصولوں کے مغائر ہیں۔ بنچ نے ایڈوکیٹ موتی لال یادو کی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں ذات پات پر مبنی سیاسی جلسوں اور ریالیوں کا انعقاد عمل میں نہیں لایا جانا چاہئے۔ درخواست گذار نے الزام عائد کیا کہ 7جولائی کو بہوجن سماج پارٹی نے لکھنو میں ایک بی ایس پی مہا سمیلن منعقد کیاتھا تاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں برہمنوں کے ووٹ حاصل کئے جاسکیں۔ پارٹی کا یہ اقدام مکمل طورپر دستور کے مغائر ہے۔

Allahabad high court bans caste-based rallies in Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں