اترپردیش پبلک سروس کمیشن امتحانی نتائج کی منسوخی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-28

اترپردیش پبلک سروس کمیشن امتحانی نتائج کی منسوخی

Uttar Pradesh public service commission
اترپردیش پبلک سرویس کمیشن نے متنازعہ ریزرویشن پالیسی کی اساس پر معلنہ انتخابی نتائج آج منسوخ کردئیے جس پر موافق ریزرویشن طلبہ کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا جنہوں نے توڑ پھوڑ مچاتے ہوئے برسر اقتدار سماج وادی پارٹی کو "دغا بازی" کا مورد الزام ٹھہرایا۔ ایک سرکاری بیان میں یوپی پی ایس سی نے کہاکہ کمبائنڈ سیول سرویس؍ اپرسب آرڈنیٹ اگزامنیشنس (مینس) معلنہ بتاریخ 4جولائی 2013ء کے نتائج منسوخ سمجھے جائیں اور "نظر ثانی شدہ نتائج " کا "جلد ازجلد" اعلان کیا جائے گا۔ کمیشن نے کہاکہ یہ فیصلہ کل منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا۔ کل رات یوپی پی ایس سی کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ متنازعہ ریزرویشن پالیسی جس کے ذریعہ ذات پات پر مبنی کوٹے ابتدائی مراحل میں متعارف کرائے گئے، اسے ہی واپس لیا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ ریاست کی سماج وادی پارٹی حکومت کی بظاہر ناراضگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جس نے ایسا پیام دینے کی کوشش کی ہے کہ اسے کمیشن نے یہ فیصلہ کرتے ہوئے اعتماد میں نہیں لیا، جس نے ماضی قریب میں پرتشدد احتجاجیوں کا سلسلہ چھیڑ دیاتھا۔ علاوہ ازیں 22 جولائی کو الہ آباد ہائی کورٹ نے نئے ریزرویشن سسٹم کو چیلنج کرنے والی ایک پٹیشن پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھتے ہوئے یو پی پی ایس سی کو "فیصلہ سنانے تک"انٹرویوزکے انعقاد سے روک دیا تھا۔ عدالت نے ریزرویشن پالیسی میں متنازعہ ترمیم کرنے میں کمیشن کی "جلد بازی" پر بھی سوال اٹھایا تھا جبکہ یہ پالیسی بتایا جاتا ہے کہ تعارف کے روز ہی ندائی ووٹ کے ذریعہ منظور کرلی گئی تھی۔ تاہم سخت ناراضگی پر قابو پانے کی سعی کو مواقف ریزرویشن طلبہ کی طرف سے برہم احتجاجیوں کا سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے ایس پی ضلع صدر پندھاری یادو کی قیام گاہ پر حملہ کیا اور ان کی گاڑیوں، فرنیچر اور کھڑکی کے شیشوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔ احتجاجیوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے برسر اقتدار پارٹی پر "دغا بازی" کا الزام عائد کیا اور پولیس پارٹی پہنچنے پر وہاں سے چل دئیے۔ پولیس نے کہاکہ پندھاری یادو کی اﷲ پور قیام گاہ پر فورسس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور خاطیوں کوپکڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ دریں اثناء 22مخالف ریزرویشن اسٹوڈنٹ لیڈروں کو جنہیں 22 جولائی کو ایجی ٹیشن کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ کے پیش نظر حراست میں لیا گیا تھا ،آج دیر گئے رہا کردئیے جانے کا امکان ہے۔

Quota policy row: UPPSC cancels exam results

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں