Bharatiya Janata Party's Tamil Nadu unit general secretary V Ramesh was allegedly hacked to death
ٹاملناڈو کی بی جے پی یونٹ نے اپنے ایک جنرل سکریٹری کے قتل کی عدالتی تحقیقات کرانے کیلئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ کے خلاف پیر کو ریاست گیر بند منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے جنرل سکریٹری 52 سالہ وی رمیش کل رات اپنی پارٹی کے دفتر سے گھر واپس ہورہے تھے کہ 4 نامعلوم 4افراد پر مشتمل ٹولی نے ان پر مہلک حملہ کردیا تھا جس کے بعد سیلم اور دیگر مقامات پر سنگباری کے اکادکا واقعات پیش آئے۔ احتیاطی تدابیر کے طورپر حکام نے سیلم میں آج تمام اسکولس بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر پون رادھا کرشنن نے کہاکہ "ہم چاہتے ہیں کہ خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے"۔ انہوں نے مدراس ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کے ذریعہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ رادھا کرشنن نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت ان کی پارٹی کے قائدین کو سکیورٹی فراہم نہیں کررہی ہے اور دعویٰ کیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ریاستی سطح کے 3 قائدین ارون ریڈی، پی مروگن اور ویلیان کے قتل ہوئے ہیں لیکن خاطی ہنوز آزاد گھوم رہے ہیں ۔ بی جے پی کے قومی قائدین نے بھی قتل کے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر سشما سوراج نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں