انڈونیشیا میں زلزلہ - 22 ہلاک 200 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-04

انڈونیشیا میں زلزلہ - 22 ہلاک 200 زخمی

انڈونیشیا میں حکام کے مطابق ملک کے مغربی جزیرے سماترا میں آنے والے زلزلے میں کم سے کم 22افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق منگل کو ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1ریکارڈ کی گئی۔ انڈونیشیا کے صوبے آچے میں آنے والے زلزلے کے بعد امدادی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ زلزلہ کی وجہہ سے متعدد مکانات زمین بوس ہوگئے۔ ایک اطلاع کے مطابق انڈونیشیا کے مرکزی صوبے آچے میں واقع ایک مسجد گرنے کے نتیجہ میں 6بچے ہلاک اور 14افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔ انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ترجمان کے مطابق زلزلے میں اب تک 22افراد ہلاک اور 210 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ایک اہلکار سبحان نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایاکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ انڈونیشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ فوجیوں اور پولیس کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیا گیا تاہم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہوجانے سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر انڈونیشیا کی اےئر فورس نے امدادی کاموں کیلئے ایک جہاز اور ہیلی کاپٹر بھیج دیاہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے 15/سیکنڈ تک محسوس کئے گئے۔ حکام کے مطابق صوبہ آچے کے علاقائی دارالحکومت بندہ آچے، میراں اور بینر سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ انڈونیشیا میں اس سے پہلے بھی شدید زلزلے آتے رہے ہیں۔ دسمبر 2004ء میں اسی علاقے میں 9.1 شدت کے زلزلے کے بعد بحر ہند میں شدید سونامی آئی تھی جس سے ہندوستان، سری لنکا سمیت 13 ممالک متاثر ہوئے تھے اور 2.5لاکھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Strong earthquake in Indonesia's Aceh province kills 22 and injures hundreds

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں