امریکی حزب مخالف - ریپبلیکن پارٹی کے رہنماؤں کے مابین اختلافات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-04

امریکی حزب مخالف - ریپبلیکن پارٹی کے رہنماؤں کے مابین اختلافات

امریکہ میں اپوزیشن پارٹی ری پبلکن کی کوشش ہے کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں مسلسل دو مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کو شکست دے دے۔ اس حوالے سے ری پبلکن پارٹی نے ابھی سے ہی تیاری شروع کردی ہے۔ تاہم ملک میں اہم سماجی معاملات پر ہونے والی حالیہ پیشرفت پر پارٹی میں اختلافات ہیں۔ ناقدین کے بقول اس صورتحال میں عام ووٹروں میں ری پبلکن پارٹی کی مقبولیت کم ہوسکتی ہے۔ گذشتہ ہفتے ہی سینٹ نے ایمگریشن اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم بل کو منظور کیا تھا، جس کے تحت امریکہ میں غیر قانونی طورپر لاکھوں لوگوں کو امریکی شہریت ملنے کے راستے کھل جائیں گے۔ ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار مارکوروبیو اور رینڈپال اس حوالے سے مختلف رائے رکھتے ہیں۔ اس اختلاف رائے نے اپوزیشن پارٹی میں اس تقسیم کو عیاں کردیا ہے کہ لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے امریکی ووٹروں کو اپنی طرف مائل کرنے کیلئے کیا پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کی طرف سے ہم جنس پرستوں کے مابین شادیوں کے حق میں فیصلہ دئیے جانے پر بھی ری پبلکن پارٹی کے متعدد اہم رہنماؤں نے تنقید کی ہے۔ اس معاملے پر بھی ری پبلکن ووٹرز اپنی جماعت سے برداشت کے متمنی ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکہ میں ری پبلکن پارٹی کے زیادہ جوان ووٹرز ہم جنس پرستوں کے مابین شادیوں کو قانونی تحفظ دینے کے حق میں ہیں۔ رینڈپال اگرچہ اس قانون پر کوئی زیادہ سخت مؤقف نہیں رکھتے تاہم روبیو کے بقول سپریم کورٹ نے ڈیفنس آف میرج ایکٹ کو کالعدم قراردے کر اپنی حدود کو پارکیا ہے اور ایک’سنگین غلطی، کی ہے۔ اپوزیشن پارٹی کے کچھ رہنما کہتے ہیں کہ ان دونوں معاملات پر پارٹی کی پالیسی ووٹرز پر اثر انداز ہونے میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں