میڈیکل کورسز میں داخلہ کے لیے NEET کا لزوم برخاست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-19

میڈیکل کورسز میں داخلہ کے لیے NEET کا لزوم برخاست

SC quashes NEET
سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے کل ہند سطح پر قومی اہلیتی داخلہ ٹسٹ (این ای ای ٹی) کی پابندی برخواست کردی ہے۔ چیف جسٹس التمش کبیر کی صدارت والی ڈویژن بنچ نے پرائیوٹ میڈیکل کالجوں کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے پرائیوٹ کالجوں کو اپنی سطح پر داخلہ ٹسٹ کرانے کی آزادی دے دی۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کا انٹرنس ٹسٹ نظام (این ای ای ٹی) پرائیوٹ میڈیکل کالجوں پر نہیں تھوپا جاسکتا ہے۔ ڈویژن بنچ نے کہاکہ نجی میڈیکل کالج اپنے یہاں داخلہ کیلئے خود امتحان لے سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ مئی میں ایک عبوری حکم جاری کرکے ایم سی آئی اور پرائیوٹ میڈیکل کالج کو ہدایت دی تھی کہ وہ پرانی رہنما ہدایات کی بنیاد پر امتحانات منعقد کرائیں۔ پرانے نظام کے تحت بھی ایم سی آئی، ریاستی حکومتیں اور پرائیوٹ کالج اپنے اپنے طورپر امتحانات منعقد کراتے تھے۔ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ایم سی آئی نے ایم بی بی ایس ڈینٹل اور پی جی میڈیکل کورس میں داخلہ کیلئے کل ہند بنیاد پر داخلہ ٹسٹ منعقد کرانے کا فیصلہ کیاتھا جس پر پرائیوٹ کالجوں نے سپریم کورٹ میں اعتراض کیا تھا۔ بنچ نے کہاکہ ایم سی آئی کا اعلامیہ دستور کی دفعہ 19, 25, 26,29 اور 30 کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ جسٹس اے آر داوے نے کہاکہ وہ جسٹس التمش کبیر اور جسٹس سین کے خیالات کی تائید نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے این ای ای ٹی کے انعقاد کو قانونی قابل عمل اور سماج کے مفاد میں قرار دیا۔ عدالت میں ایم بی بی ایس میں داخلوں کیلئے این ای ای ٹی پر ایم سی آئی کے اعلامیہ کے خلاف 115 درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ 13 مئی کو عدالت نے داخلہ امتحانات کے نتائج کے اعلان پر پابندی کو برخاست کردیا تھا۔

No unified exam for medical courses: SC quashes NEET

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں