اپوزیشن خون کی سیاست کر رہی ہے - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-24

اپوزیشن خون کی سیاست کر رہی ہے - ممتا بنرجی

آخری مرحلہ کی انتخابی مہم کے دوران وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کوچ بہار کے ماتھا بھانگا میں کہاکہ ریاست میں اپوزیشن پارٹیاں خون کی سیاسی کررہی ہیں۔ لیکن آخری فیصلہ بولٹ سے نہیں بیلٹ بکس سے ہوگا۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مالدہ کانگریس کا قلعہ ہے مگر وہاں بھی لوگوں کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوچ بہار کے وین ہاٹا میں گذشتہ دنوں ہوئے واقعہ پر بھی فارورڈ بلاک کے خلاف سی پی آئی ایم نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں تشدد کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح ہوکہ چوتھے مرحلے کے انتحاب کے دوران مرشد آباد، مالدہ، بیربھوم اور ندیا میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ مرشد آباد اور مالدہ میں سیاسی جھڑپ کے دوران بڑوں کے علاوہ بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مختلف جگہوں پر حملہ کے دوران 12بچے زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بیر بھوم اور مرشد آباد کے علاقوں میں بم بنانے کے دوران 12 بچے زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔بیر بھوم اور مرشد آباد کے علاقوں میں بم بنانے کے دوران 5لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ کانگریس، سی پی ایم اور ترنمول کانگریس کے کارکنان ایک دوسرے سے سبھی اضلاع میں ٹکرائے اور ان میں امیدوار اور پارٹی کارکنان سمیت 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ چوتھے مرحلے کے الیکشن نے گذشتہ تین مرحلے کے دوران ہوئی سیاسی جھڑپ میں مرنے والوں کی تعداد کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اب تک ریاست میں ہوئے 4مرحلے کے انتخاب میں کل 16لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ریاستی پنچایت وزیر سبرتو مکھرجی نے کہاکہ کانگریس اور سی پی ایم مشترکہ طورپر ریاست کی فضاء خراب کررہی ہیں۔ مرشد آباد میں ہوئے سیاسی جھڑپ کے سلسلے میں الیکشن کمشنر کو بھی اطلاع دی گئی ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمشنر نے ریاستی حکومت سے سنٹرل فورسز کو الیکشن کے بعد بھی ریاست میں مزید15 دنوں تک روکے رکھنے کیلئے مکتوب لکھا ہے تاکہ الیکشن کے بعد علاقائی طورپر ہونے والی سیاسی جھڑپوں کو روکا جاسکے۔ چوتھے مرحلے کے انتخاب میں مرشد آباد اور مالدہ میں بوتھ پر قبضہ اور تشدد کے واقعات کے پیچھے اپوزیشن سی پی ایم اور بی جے پی نے ترنمول اور کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سی پی ایم لیڈر رابن دیب نے کہاکہ ریاست میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ جہاں بھی الیکشن ہورہے ہیں وہاں زور زبردستی، غنڈہ گردی ہورہی ہے۔ بوتھ پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ ریاستی اور مرکزی پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی لیڈر سومک بھٹا چاریہ نے کہاکہ اس بار بھی پنچایت الیکشن پچھلے پنچایت الیکشن کی طرح ہی ہورہا ہے کہیں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ پہلے کی طرح بوتھ پر قبضہ، دیر رات تک ووٹنگ سب کچھ ویسے ہی ہورہا ہے جیسے پہلے الیکشن میں ہوا کرتا تھا۔

Mamata Banerjee accused the Opposition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں