Kapil Sibal releases National Cyber Security Policy
مرکزی وزیر ٹیلی کمیونکیشنس و انفارمیشن ٹکنالوجی کپل سبل نے آج سائبر سکیورٹی پالیسی (2013) کا آغاز کیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد سائبر خلا کو محفوظ کرنا اور ملک میں سائبر جرائم کی عاجلانہ تحقیقات کو یقینی بنانا ہے۔ اس پالیسی کے آغاز کے بعد مملکتی وزیر کمیونکیشنس و انفارمیشن ٹکنالوجی ملن دیورا اور سکریٹری محکمہ الکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی جے ستیہ نارائنا کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے کپل سبل نے سائبر خلا کو محفوظ کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہاکہ "آج سائبر خلا میں خدمات کا پیشکش کیا جارہا ہے جو ایک زبردست (مثبت) تبدیلی ہے۔ ایسے حالات میں سائبر خلا کو محفوظ و مامون بنانے کی ضرورت ہے۔ ای۔ کامرس سرگرمیوں کو اختیار کرنے سے پہلے تاجرین کو چاہئے کہ وہ سائبر خلا کو محفوظ کرنے کی ضرورت کو محسوس کریں۔ سائبر خلاف کی سکیورٹی کے معنی معاشی استحکام کے ہیں۔ سائبر خلا میں ساری سروس اکانومی کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بینک سرگرمیوں میں تعاون ہو اور برقی کے سرقہ کوروکا جائے۔ نیشنل سائبر سکیورٹی پالیسی (2013) کا مقصد قومی سطح پر خدشات کو کم کرنا، سائبر حملوں کو روکنا اور اہم اطلاعات و نیز موثر تحقیقات کی حفاظت کرنا ہے۔ سائبر جرائم کے مرتکبین کو ازروئے قانون کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ ملن دیوار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سائبر سکیورٹی پالیسی کا مقصد افراد کے شخصی ڈاٹا و نیز کارپوریٹ ڈاٹا کی حفاظت کرنا ہے۔ "ہندوستان میں اور عالمی سطح پر سائبر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سائبر سکیورٹی پالیسی، انفرادی اور کارپوریٹ ڈاٹا کو محفوظ کرے گی"۔ آج انٹرنیٹ کے بڑھتے استعمال کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ پالیسی وضع کی گئی ہے۔ آج کل لوگ، انٹرنیٹ پر زیادہ سے زیادہ انحصار کرتے جارہے ہیں۔ آج کے خطرات مختلف ہیں۔ ہیکرس نظر نہیں آتے اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں"۔ کپل سبل نے کہاکہ وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹکنالوجی، چپس کے اندرون ملک تیار کنندگان جیسے اداروں کے پہلوؤں کو پالیسی میں ملحوظ رکھنے کیلئے ایک روڈ میاپ کی تیاری پر کام کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں تجویز مرکزی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں