غذائی تحفظ بل عام انتخابات سے قبل حکومت کی سیاسی چال - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-05

غذائی تحفظ بل عام انتخابات سے قبل حکومت کی سیاسی چال - راجناتھ سنگھ

غذائی طمانیت صدارتی حکمنامہ کی عجلت میں منظوری پر تنقید کرتے ہوئے صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ نے کہاکہ یوپی اے حکومت "عجلت میں سیاسی ناٹک" کررہی ہے کیونکہ 2014ء کے عام انتخابات درپیش ہیں۔ حکومت کی صدارتی حکمنامہ کی راہ اختیار کرنے پر اظہار حیرت کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات قریب ہیں اس لئے کانگریس زیر قیادت یوپی اے عوام میں مقبول ہونے کے اقدامات کررہی ہے اور غذائی طمانیت بل ان ہی میں سے ایک ہے۔ وہ یہ قانون صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ نافذ کررہے ہیں۔ یہ عجلت میں کیا ہوا ایک سیاسی ناٹک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ اس قانون کو چند ترمیمات کے ساتھ منظور کیا جائے۔ ہم صرف اس پر مباحثہ چاہتے تھے۔ اس کے مخالف نہیں تھے۔ عشرت جہاں انکاونٹر مقدمہ میں حکومت گجرات کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے مہلوکین کے دہشت گرد گروپس کے ساتھ روابط کے بارے میں جاننا بھی چاہا۔ سی پی آئی ایم نے غذائی طمانیت قانون صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ نافذ کرنے کے حکومت کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوۂے الزام عائد کیا کہ حکومت 4سال کے بعد بھی مناسب قانون تیار کرنے سے قاصر رہی اور اب پارلیمنٹ کی "اہانت" کرتے ہوئے عجلت میں صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ یہ قانون نافذ کررہی ہے۔ سی پی آئی ایم نے مرکز سے خواہش کی کہ غذائی طمانیت کو انتہائی ترجیح دی جانی چاہئے لیکن حکومت تقریباً 4سال تک پارلیمنٹ میں غور کیلئے مناسب قانون سازی میں ناکام رہی اور اب صدارتی حکمنامہ جاری کررہی ہے۔ یہ طریقہ اختیار کرنا "پارلیمنٹ کی اہانت" اور "مخالف جمہوریت" عمل ہے۔ پارٹی کے پولیٹ بیورو نے اپنے ایک بیان میں جس غیر مخلصانہ انداز میں غذائی طمانیت قانون سازی سے نمٹا جارہا ہے، اُس پر حکومت سے سخت اختلاف ظاہر کیا۔ سی پی آئی ایم نے اپنا یہ موقف برقرار رکھا کہ آرڈنینس کی شکل میں نافذ کردہ قانون ملک گیر سطح پر عوامی نظام تقسیم فراہم نہیں کرسکتا۔ اس میں دیگر "خامیاں" بھی ہیں۔ پارٹی نے کہاکہ وہ یہ اعتراضات اٹھائے گی اور جب بل پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا تو اس میں ترمیمات کی خواہش کرے گی۔ جنرل سکریٹری سی پی آئی (ایم) پرکاش کرت نے کہاکہ یہ غیر ضروری اقدام ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کی اہانت کی ہے۔ اتنے بڑے قانون پر کوئی مباحث نہیں ہوئے اور اسے منظور بھی کرلیا گیا۔ سی پی آئی کے سکریٹری ڈی راجہ نے بھی اس اقدام کی مخالفت کی۔

Food Security Bill is a political gimmick in a hurry: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں