54 Morsi supporters killed in clashes between Egypt army and protesters
مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں اور فوج کے درمیان قاہرہ کے فوجی ہیڈ کوارٹرز پر ہوئی گھمسان لڑائی میں آج کم سے کم 54افراد ہلاک اور دیگر سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ وزارت صحت نے کہاکہ "ریپلکن گارڈز کے ہیڈ کوارٹرز پر مرسی کے حامیوں اور فوج کے درمیان گھمسان تصادم میں کم سے کم 54افراد ہلاک اور دیگر435زخمی ہوگئے"۔ سرکاری خبر رساں ادارہ مینا نے خبردی ہے کہ فوج نے 200 سے زائد مسلح حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ہے جو بندوقوں، دھماکو اشیاء اور دستی بموں سے لیس تھے۔ ریپبلکن گارڈز کے ہیڈ کوارٹرز پر گھمسان جھڑپیں ہوئیں جہاں باور کیا جاتا ہے کہ 61سالہ معزول صدر مرسی کو محروس رکھا گیا ہے۔ فوج نے یہاں جاری کردہ اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ "ایک مسلم دہشت گرد گروپ نے ریپبلکن گارڈز کے احاطہ میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی لیکن وہاں تعینات سپاہیوں نے اس کوشش کو ناکام بنادیا"۔ اخباری اطلاعات میں کہا گیا کہ عدالتی احکام کے مطابق اخوان المسلمین کی سیاسی تنظیم فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کے ہیڈ کوارٹرز کو مہر بند کردیا گیا جب پولیس کو اس عمارت سے اسلحہ دستیاب ہوئے۔ مرسی کو چہارشنبہ کے روز ایک طاقتور فوجی بغاوت کے ذریعہ اقتدار سے بیدخل کردیا گیا تھا اور انہیں اخوان المسلمین کے چند سینئر رفقاء کے ساتھ ریپبلکن گارڈز کے ہیڈ کوارٹرز میں محروس رکھا گیا ہے۔ اس اقدام پر برہم فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے انقلاب کی روح کو مسخ کرنے والے عناصر کیخلاف مہم چلانے "عظیم مصری عوام" سے اپیل کی تھی۔ اس جماعت نے دنیا بھر کے تمام آزاد افراد، بین الاقوامی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مصر کو ایک نیا شام بننے سے روکنے اور قتل عام کا سلسلہ بند کرنے کیلئے مداخلت کریں۔ جمعہ کو مرسی کے حامیوں کے احتجاج کے نتیجہ میں کم سے کم 36 افراد ہلاک اور دیگر 1000 زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد فوج نے قاہرہ اور دیگر مقامات پر اپنی بھاری جمعیتوں کو تعینات کردیا ہے۔ معزول صدر کے حامیوں اور مخالفین کے مابین مصر کے دارالحکومت اور دیگر کئی شہروں میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔ دونوں گروپس معزول لیڈر کی تائید و مخالفت میں مظاہرے کررہے ہیں۔ اخوان المسلمین نے چند دیگر تنظیموں سے اتحاد کے ساتھ معزول صدر کی حمایت میں مزیدمظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں