تلنگانہ پر عنقریب فیصلہ متوقع - سشیل کمار شندے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-19

تلنگانہ پر عنقریب فیصلہ متوقع - سشیل کمار شندے

تلنگانہ کے مسئلہ پر سرگرم مذاکرات جاری ہیں جبکہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج بتایاکہ عنقریب علیحدہ ریاست کے مطالبہ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ انہوں نے یہاں صحافیوں کو بتایاکہ کانگریس پارٹی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کررہی ہے۔ وہ تفصیلات کا اظہار نہیں کرسکتے ہیں تاہم عنقریب کوئی نہ کوئی فیصلہ عمل میں آئے گا۔ سشیل کمار شنڈے، 5اگست سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل علیحدہ تلنگانہ کے مطالبہ پر علیحدہ اعلامیہ کے امکان پر سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ اعلی قیادت فیصلہ کرے گی۔ گذشتہ ہفتہ شنڈے نے بتایا تھا کہ ماضی میں تلنگانہ پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ جب کہ اس قسم کے صلاح و مشورے اب بھی جاری ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس کی سرکردہ قیادت مختلف فریقین اور پارٹی قائدین سے صلاح و مشورہ کررہی ہے تاکہ پریشان کن تلنگانہ مسئلہ پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا، جس نے آندھراپردیش کی تمام پارٹیوں میں علاقائی خطوط پر پھوٹ پیدا کردی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ جو ریاست کے پارٹی امور کے انچارج بھی ہیں، اس سلسلہ میں قبل ازیں اپنی تجویز پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کو پیش کردی، جبکہ یوپی اے حکومت علیحدہ تلنگانہ کے مطالبات پرغور کررہی ہے۔ یواین آئی کے بموجب کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے ریاستی یونٹ کے سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے آج بتایاکہ بائیں بازو کی جماعتیں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کیلئے مشترکہ سیاسی پلیٹ فارم تشکیل دیں گے۔ یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے نارئنا نے الزام لگایا کہ بعض موقع پرست عناصر موجودہ تلنگانہ تحریک سے فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ لہذا ایسے قائدین کی روک تھام کیلئے صرف مشترکہ سیاسی پلیٹ فارم بائیں بازو کی جماعتوں کی قیادت میں قائم کیا جائے گا تاکہ تلنگانہ کے نصب العین کی تکمیل ہوسکے۔ ریاست کے مسئلہ پر عوام میں شعور بیداری کیلئے پانچ بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے 28 جولائی کو شہر میں ایک زبردست جلسہ عام منعقد ہوگا، تاکہ بائیں بازو و دیگر جماعتوں کو اس مقصد کی تکمیل کیلئے متحدہ کیا جاسکے۔ سی پی آئی اور پی پی جے اے سی کے درمیان اختلافات پر سوالات کاجواب دیتے ہوئے سی پی آئی قائد نے اس کی تردید کرتے ہوئے بتایاکہ تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی کے ساتھ کوئی اختلافات موجود ہیں۔

Decision on Telangana soon: Sushilkumar Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں