عام انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے بی جے پی کی سازش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-03

عام انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے بی جے پی کی سازش

کانگریس کے سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ لوگ سبھا انتخابات 2014 سے قبل بی جے پی کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں میں بڑے پیمانہ پر فرقہ وارانہ فساد بھڑکا سکتی ہے، کیونکہ ابھی سے اس پارٹی کو یقین ہوچلا ہے کہ انتخابات میں اسے شکست اٹھانی پڑے گی۔ بی جے پی کی تاریخ رہی ہے کہ فرقہ وارانہ خطوط پر ہی اور انتخابات کا فرقہ وارانہ رنگ دئیے ہوئے ہی وہ کامیابی حاصل کرتی رہی ہے۔ بنگلور میں کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی جنرل باڈی سے خطاب کرتے ہوئے امور کرناٹک کے نونامزد انچارج ڈگ وجئے سنگھ نے ریاست کی حکومت اور پارٹی پر زوردیا کہوہ سخت چوکسی اختیار کریں اور سنگھ پریوار پر کڑی نظر رکھیں، کیونکہ سنگھ پریوار کی ہزاروں شاخیں ہیں۔ وہ اپنی افرادی قوت کا استعمال کرتے ہوئے معاشرہ میں فرقہ واریت کا زہر گھول سکتی ہے۔ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کا ذکر کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ اپنے آپ کو ہیرو ثابت کرنے کیلئے چیف منسٹر گجرات نے بے قصور مسلم نوجوانوں کا فرضی انکاونٹر کروایا تاکہ یہ ثابت کیا جائے کہ مسلمان ہی دہشت گرد ہوتے ہیں۔ انکاونٹر کا کوئی ایک واقعہ پیش نہیں آیا، بلکہ گجرات میں 6فرضی انکاونٹر کروائے گئے۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ اس گھناؤنی سازش میں انٹلی جنس بیورو کے اسپشیل ڈائرکٹر نے بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے صادق جمال انکاونٹر کا ذکر کیا، جو میڈیا کی نظروں سے چھپایا گیا ہے۔ انٹلی جنس بیورو نے خود صادق جمال کو گجرات پولیس کے حوالے کردیا تھا۔ اس کے چند دنوں بعد صادق جمال کا انکاونٹر کے ذریعہ قتل کرتے ہوئے یہ افسانہ میڈیا میں دہرایا گیا کہ جمال نے نریندر مودی کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ یہ انتہائی گھناؤنی سازش گجرات پولیس اور اس وقت کے آئی بی جوائنٹ ڈائرکٹر کی جانب سے رچی گئی تھی۔ اس کا مقصد صرف یہی تھا کہ نریندر مودی کو ان لوگوں کی نطروں میں ہیرو بنایا جائے جو یہ خیال کرتے ہیں کہ دہشت گردی میں صرف مسلمان ملوث ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ انٹلی جنس بیورو کے جوائنٹ بیورو کو بھی جیل روانہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب فرضی انکاونٹر کے واقعات میں گجرات کے کئی پولیس عہدیداروں کو جیل روانہ کیا جاسکتا ہے تو پھر انٹلیجنس بیورو کے ڈائرکٹروں کو کیوں بچایا جارہا ہے۔

BJP will resort to communal riots, Digvijay Singh warns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں