Arrangements for Ramadan in Two Holy Mosques
ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد کے ساتھ ہی حرمین شریفین (مسجد حرام اور مسجد نبویؐ) میں معتمرین اور مصلیوں کی خدمت کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ محرابوں میں قرآن حکیم کے نسخے رکھ دئیے گئے ہیں۔ فرش اور در و دیوار کی صفائی کرنے والے عملہ کی تعداد میں اضافہ کردیاگیا ہے اور سخت سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ حرمین شریفین کی جنرل پریسیڈنسی کے نائب صدر محمد بن ناصر الخصیم نے بتایاکہ ان خدمات کے منصوبوں پر گذشتہ 24 جون سے ہی عمل شروع ہوچکا ہے۔ پریسیڈنسی نے ارکان عمرہ، بنیادی عقائد کی تعلیم اور اسلام کے دیگر اہم پہلوؤں پر مواعظ کیلئے زائد از 100 علماء کی خدمات حاصل کی ہیں۔ یہ خطابات، فجر اور مغرب کی نمازوں کے بعد ہوں گے۔ معتمرین کی سہولت کیلئے حرمین شریفین میں مختلف مقامات پر 150 ٹیلی فون نصب کردئیے گئے ہیں جن پر اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ارکان کی ادائیگی کے دوران کوئی سہو ہونے پر اس کے ازالہ کیلئے بھی اطلاعات دستیاب رہیں گی۔ آب زم زم کے زائد از 25ہزار تھرماس دستیاب رہیں گے جن کو مقررہ خادمین مسلسل صاف کرتے اور بھرتے رہتے ہیں۔ ان تھرماسوں کے ساتھ ہزاروں پلاسٹک کپس ہوتے ہیں جو صرف ایک بار استعمال کے ہوتے ہیں۔ طواف اور سعی کیلئے معذورین اور معمر افراد کیلئے 10 ہزار وہیل چےئر فراہم کی جارہی ہیں۔ یہ وہیل چےئرس مسجد الحرام کے باہر مختلف مقامات پر اور صفا گیٹ کے اوپر پہلی منزل پر دستیاب رہیں گی۔ صرف سعی کیلئے خود کار وہیل چےئرس کے مصارف 50سعودی ریال ہوں گے۔ جیب کتری کے انسداد کیلئے تمام منزلوں پر سکیورٹی آفیسرس کو متعین کردیا گیا ہے۔ یہ عہدیدار، ایک کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعہ ساری مسجد الحرام کے احاطہ پر کنٹرول کرتے ہیں۔ وہ، حرم شریف کے 139 گیٹس کی بھی کرتے ہیں اور بھگدڑوں سے بچاؤ کیلئے ہجوموں پر کنٹرول کرتے ہیں۔ الخصیم نے بتایاکہ ارود، فرانسیسی، انڈونیشیائی، اسپینی، بوسنیائی اور ترکی زبانوں میں قرآن حکیم کے تراجمے کرائے گئے ہیں۔ ایسے تراجم کے 10لاکھ نسخے، معتمرین اور مصلیوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ حرمین شریفین میں صرف کھجور اور سعودی کافی لے جانے کی اجازت ہوگی۔ البتہ کھلے مقامات پر غذائی اشیاء لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ مغرب کی اذاں کے بعد جماعت سے قبل روزہ داروں؍مصلیوں کو افطار کیلئے 10منٹ کا وقفہ دیا جائے گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں