مشرقی مغربی گوداوری کھمم اور دیگر اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-23

مشرقی مغربی گوداوری کھمم اور دیگر اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر

ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ گذشتہ تین چار دن سے ریاست بھر میں شدید و زبردست طوفانی بارش کے نتیجہ میں اب تک 12اموات واقع ہوئی ہیں اور مہلوکین کے افراد خانان کو 2لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر مال و راحت کاری مسٹر این رگھویرا ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایاکہ صبح کی اولین ساعتوں میں ہی شدید بارش سے پیدا شدہ صورتحال کا چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ لیا اور حالات سے واقفیت حاصل کی۔ بالخصوص اضلاع کھمم، عادل آباد، ورنگل، مشرقی و مغربی گوادوری میں انجام دئیے جانے والے راحت کاری و باز آبادکاری اقدامات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اب تک ان اضلاع میں راحت کاری و باز آبادکاری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی نگرانی کرنے اور حقیقی حالات کا جائزہ لینے کیلئے تعینات کردہ اسپیشل آفیسرس نے تمام تر حالات سے چیف منسٹر کو واقف کروایا اور بتایاکہ نشیب علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا اور جن عوام کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا نہیں غذا، ادویات وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں۔ ان عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بھدرا چلم کے پاس دریائے گوداوری کی سطح آب میں کسی قدر کمی واقع ہوئی ہے اور فی الوقت دریائے گوداوری کی سطح آب 50.6 فٹ ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ریاس میں مزید48 گھنٹے زبردست بارش ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مال وراحت کاری مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے کہاکہ 13اضلاع میں بارش اوسط سے بہت زیادہ ہوئی۔ 8 اضلاع میں اوسط بارش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 29فیصد اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس بارش سے 5400 امکنہ جات زبردست متاثر ہوئے ہیں اور 526 مکانات مکمل طورپر منہدم ہوگئے اور جو مکانات شدید نقصانات سے دوچار ہوئے ان مکانات کو اندرا اواس یوجنا کے تحت تعمیر کرواکر دئیے جائیں گے۔ وزیر مال نے مزید کہاکہ جو مواضعات زبردست سیلاب سے پانی میں گھر گئے وہاں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں غذا وغیرہ فراہم کی جارہی ہے اور ابھی تک بھی پانی میں محصور عوام کو دو ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ غذائی اور پانی کے پیاکٹس سربراہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اضلاع کریم نگر، کھمم، ورنگل، عادل آباد کے علاوہ مشرقی و مغربی گوداوری کیلئے 8 این ڈی ایف ٹیموں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور یہ ٹیمیں راحت کاری کام انجام دینے میں مصروف ہیں۔ شدید و زبردست بارش کی وجہہ سے زائد از 49 سڑکیں مکمل طورپر ناکارہ ہوچکی ہیں اور 554 لنکا مواضعات میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی ہے۔ 484 مواضعات میں اب برقی سربراہی کو بحال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ریاست بھر میں ایک لاکھ ہیکٹرس اراضیات پر پائی جانے والی فصلیں مکمل طورپر پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ شدید بارش سے متاثرہ اضلاع میں 53 باز آبادکاری مراکز میں 8ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا، انہیں غذا اور طبی امداد بہم پہنچائی جارہی ہے۔ وزیر مال نے مزید کہاکہ آئندہ48 گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا اور علاقہ تلنگانہ میں زبردست بارش ہونے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق ساحلی آندھرا کے سریکاکلم، وزیا نگرم، وشاکھاپٹنم، مشرقی گوداوری، مغربی گوداری اور تلنگانہ کے عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، ورنگل اور کھمم کے متفرق مقامات میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے شدید تر بارش ہوگی۔ تلنگانہ اور ساحلی آندھرا کے مابقی اضلاع کے متفرق مقامات پر بھی اس دوران شدید بارش ہوگی۔ ریاست میں آج جملہ 10.3ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش ضلع کریم نگر میں 27.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کھمم میں 21.3 ملی میٹر، نظام آباد میں 21.2 ملی میٹر، سریکا کلم میں 19.2 ملی میٹر، ورنگل میں 18.7 ملی میٹر، میدک میں 17.5 ملی میٹر، گنٹور میں 16.3ملی میٹر، عادل آباد میں 14.1 ملی میٹر، نلگنڈہ میں 13.1 ملی میٹر اور حیدرآباد میں 7.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاست سے گذرنے والی دریاؤں کی سطح میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔

AP districts affected by flood

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں