آندھرا پردیش پنچایت انتخابات - پہلا مرحلہ - تلگودیشم کو سبقت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-24

آندھرا پردیش پنچایت انتخابات - پہلا مرحلہ - تلگودیشم کو سبقت

ریاست بھر میں پہلے مرحلہ کے تحت آج منعقدہ پنچایت انتخابات میں ماسواء چند ناخوشگوار واقعات کے رائے دہی بحیثیت مجموعی پرامن رہی اور رائے دہی کا اوسط (82.31) فیصد رہی ۔ تلگودیشم کو پہلا مقام حاصل ہو اہے جسے 6566 کے منجملہ 1860 پر کامیابی ملی۔ دوسرا مقام کانگریس کو حاصل ہوا جسے 1652، تیسرے نمبر پر وائی ایس آر کانگریس رہی 1236 جبکہ ٹی آرایس کو چوتھا مقام ملنے کے ساتھ صرف 453 پر کامیابی ملی۔ 8اضلاع میں کانگریس اور تلگودیشم کو سبقت حاصل ہے۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کیلئے یہ سب سے بڑا دھکا ہے کیونکہ کانگریس کو ان کے آبائی ضلع چتور میں تیسرا مقام ملا ہے۔ یہ ضلع تلگودیشم صدر چندرابابو نائیڈو کا بھی آبائی ضلع ہے۔ کڑپہ میں وائی ایس آر کانگریس کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ دوسرے اور تیسرے مرحلہ کی رائے دہی 27 اور 31 جولائی کو مقرر ہے۔ آج ہوئے انتخابات میں اضلاع سریکاکلم، وجیانگرم، پرکاشم، مغربی گوداوری، گنٹور، اننت پور میں (81) فیصد رائے دہی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نوین متل سکریٹری ریاستی الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ضلع کڑپہ کے بعض مقامات پر کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس حامیوں کے مابین ہوئے جھڑپوں اور پرتشدد واقعات کی وجہہ سے کچھ دیر کیلئے صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی لیکن پولیس نے دونوں گروپوں کو منتشر کردیا۔ علاوہ ازیں ضلع چتور کے ویدانتا پور کے مرکزرائے دہی پر چند نامعلوم افراد نے گھس کر بیالٹ پیپرس پر سیاہی(انک) ڈال دی اور راہ فرار اختیار کرگئے جس کے باعث بھی کچھ دیر تک اس مقام پر حالات کشیدہ ہوگئے۔ سکریٹری ریاستی الیکشن کمیشن مسٹر نوین متل نے مزید بتایاکہ رائے دہی کے افتتاحی وقت تک قطاروں میں ٹھہرے رہے تمام افراد کو زائد وقت تک حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ رائے دہی کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی دوپہر دوبجے سے ہی ڈالے گئے ووٹوں کی اسی مقام پر گنتی کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ضلع عادل آباد میں (60) فیصد، اننت پور 85.77 فیصد، چتور83.34، ورنگل84، کڑپہ 85.52، رنگاریڈی 86.96، نظام آباد 76.01، نلگنڈہ73فیصد، میدک 88.40 فیصد، محبوب نگر 84.37فیصد، کرنول 85فیصد، کریم نگر 70.50 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج 5792 پنچایتوں کیلئے انتخاب عمل میں آئے۔ یہ انتخابات تقریباً 2سال بعد منعقد ہوئے ہیں۔

Telugu Desam Party leads in first phase of Panchayat Elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں