ہوڑہ لال بابا کالج میں اردو شعبہ کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-19

ہوڑہ لال بابا کالج میں اردو شعبہ کا قیام

ہوڑہ کے لالا بابا کالج میں اردو شعبہ کا آغاز ہورہا ہے۔ پرنسپل محترم نے بتایاکہ فی الحال صرف آرٹس جنرل میں طلباء وطالبات کا داخلہ ہوگا آئندہ آنرس اردو طلبہ کا اپنی زبان پڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 22جون تک ہی درخواست فارم داخل کیا جاسکتا ہے۔ ہوڑہ میں اردو تعلیم کیلئے یہ تیسرا کالج ہوگا۔ ترنمول کانگریس کی حکومت نے جب سے ہوڑہ کے بالی میونسپلٹی علاقے میں 10فیصد اردو داں کی آبادی کی بنیاد پر اردو کو خصوصی درجہ دیا ہے ترنمول کے لیڈران علاقے میں اردو میں سرکاری کام کاج اور تعلیم کیلئے تحریک چلا رکھی ہے۔ مقامی ایم ایل اے سلطان سنگھ اردو والوں کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ بالی میونسپلٹی میں اردو میں کام کاج کی شروعات کیلئے انہوں نے اپوزیشن لیڈر ریاض احمد کے ذریعہ اردو والوں پر دباؤ بنایا۔ ریاض احمد نے خط و کتابت کا سلسلہ اردو میں شروع کیا۔ اس علاقے میں اعلیٰ تعلیم کیلئے بیلور میں واقع لالا بابا کالج میں پہلی بار اردو طلبہ کو بی اے جنرل کی تعلیم کی سہولت دینے کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے۔ ریاض احمد نے کالج پہنچ کر پرنسپل ڈاکٹر شیامل کمار مکارکو مبارکباد دیتے ہوئے نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ ڈاکٹر شیامل کمارکر مکار نے کہاکہ ان کے کالج میں اردو تدرسے کیلئے کلکتہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے ہیڈ ڈاکٹر شہباز نبی نے اجازت دیدی ہے اور داخلہ کے بعد اساتذہ کی تقرری بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ لال بابا کالک میں اردو، انگریزی کے ساتھ طلبہ آرٹس کے جاری مضامین میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ اب سے پہلے یہ سہولت اردو والوں کو حاصل نہیں تھی جس کی وجہہ سے بالی، فیل خانہ، گھسڑی، بانکڑہ، عالم پور، دکھنیشور کے اردو داں طلبہ دور دراز کا سفر کرتے تھے۔ لال بابا کالج میں اردو میڈیم کا شعبہ قائم ہونے سے راشٹرا، چاپدانی، ہگلی کے طلبہ کو بھی سہولت ہوگی اور یہ سہولت مارننگ سیکشن میں دستیاب ہوگی۔ کالج انتظامیہ نے اردو طلبہ کیلئے فارم جاری کرنا شروع کردیا ہے۔ کالج کے دفتر سے آئندہ 22تاریخ تک حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پرنسپل نے کہاکہ کالج کا داخلہ فارم آن لائن جاری ہوچکا ہے اس لئے اردو والوں کو امسال آن لائن فام پر کرنے کی سہولت نہیں مل سکے گی۔ اس سال کالج کیمپس کے دفتر سے فارم حاصل کرنا ہوگا اور آئندہ 3دنوں کے اندر اسے جمع کردینا ہوگا۔ داخلہ میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ ایسے طلبہ جو کامرس میں داخلہ لینا چاہتے ہیں وہ بھی اختیاری مضمون کے طورپر اردو رکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ لال بابا کالج ہوڑہ میں کامرس کی تعلیم کیلئے ایک مقبول ادارہ ہے اور اس کا کامرس ڈپارٹمنٹ بہت مصروف ہے۔ گھسڑی اور فیل خانہ کے عوام نے کالج پرنسپل کے اس اقدام کی ستائش کی ہے اور اردو داں طلبہ سے کہا گیا کہ ہائر سکنڈری پاس لال بابا کالج میں داخلہ کیلئے جلد رابطہ قائم کریں۔ اردو شعبہ قائم کرنے کی جدوجہد کیلئے ریاض احمد نے ایم ایل اے سلطان سنگھ کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ انہوں نے مسلسل جدوجہد کرکے یہ کام کیا ہے اب اردو والوں کی ذمہ داری ہے کہ زیادہ سے زیادہ داخلہ لے کر تعلیم حاصل کریں۔ لال بابا کالج کے طلبہ کو حکومت کی اسکالرشپ اور دیگر عام سہولتیں حاصل ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں