جھارکھنڈ میں مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بدتر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-19

جھارکھنڈ میں مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بدتر

جھارکھنڈ اقلیتی کمیشن نے ریاست کے تقریباً 16فیصد مسلمانوں کی صورتحال کو دلتوں سے بدتر قرار دیتے ہوے کہاکہ کمیشن اس بات کا پتہ لگانے کیلئے وسیع پیمانے پر سائنفٹک سروے کرے گا کہ اس طبقہ تک آئینی و قانونی حقوق کا فائدہ کیوں نہیں پہنچ پارہا ہے۔ کمیشن کے چیرمین ڈاکٹر شاہد اختر نے کل یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پورے ملک کی طرح جھارکھنڈ میں بھی اقلیتوں کی صورتحال بدتر ہے بلکہ ریاست میں تو یہ طبقہ دلتوں سے بھی بدتر حالت میں ہے۔ وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے کمیشن اپنی ٹیم کے ذریعہ ایک سائنٹفک سروے کرانے کیلئے متعلقہ افسران سے جلد ہی اجازت حاصل کرے گا اور اسے دور کرنے کے نظام کو مزید بہتر طریقے سے نافذ کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اقلیتوں کی صورتحال کے بارے میں اعداد و شمار جمع کرنے کیلئے وہ ہر ضلع میں ایک جائزہ میٹنگ کررہے ہیں۔ کمیشن نے ایک رپورٹ بھی تیار کی ہے جس میں 4 سفارشات کی گئی ہیں اور انہیں ایک رپورٹ کی شکل میں آئندہ 27 جون کو جھارکھنڈ میں آنے والے اقلیتی امور کے وزیر کے رحمن خان اور دیگر متعلقہ فریقوں کو سپرد کرکے نافذ کرانے کامطالبہ کیا جائے گا۔ ان میں ریاستوں میں نوکری کیلئے بننے والے انٹرویو بورڈ میں مغربی بنگال کی طرز پر ایک اقلیتی نمائندہ کو رکھنا، اقلیتی علاقوں میں سرکاری لائبریری، کالج، تعلیم اور کوچنگ ادارے اور طبی سہولتیں مہیا کرانے جیسی باتیں شامل ہیں۔

Muslims worse than Dalits in Jharkhand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں