اترپردیش میں خوشحالی کے سفر کی شروعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-11

اترپردیش میں خوشحالی کے سفر کی شروعات

اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے سرکاری فنڈ کے فضول کاموں میں استعمال کرنے کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ طلباء کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنا ایک مثبت کام ہے اور ریاستی سرکار لیپ ٹاپ تقسیم کر کے ملک کے مستقبل کو سنوارنے کا کام کر رہی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کی سرکار عوام کے مفادات میں کام کر رہی ہے ۔ لیپ ٹاپ اور ٹیبلیٹ ملنے سے ہمارے ملک کے نوجوان دنیا میں ہورہی ترقی سے واقف ہو سکیں گے اور اترپردیش کا نام روشن کر سکیں گے ۔ انہو ں نے کہاکہ ہم جس طرح کے ترقیاتی کام کر رہے ہیں اس سے ہم بہت جلدی دنیا کے نقشے پر رول ماڈل کے طورپر آ جائیں گے ۔ ریاستی وزیر اکھلیش یادو نے کہاکہ ریاست میں اب خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے ۔ اکھلیش یادو مقامی ایم جے پی روہیل کھنڈ یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کیلئے منعقد کی گئی تقریب کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے آج یہاں یوپی بورڈ کے 8415‘ مدرسہ بورڈ کے 108‘ سی بی ایس ای کے 405 اور آئی سی ایس ای کے 45 طلبہ اور طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی معاملوں میں اترپردیش ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں سب سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ترقی کا سفر طویل ہے ۔ ہماری حکومت کو اس سفر میں صرف سوا سال ہوا ہے ۔ اترپردیش کے روشن مستقبل کیلئے صنعتی پالیسی بنائی گئی ہے ‘ اب ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ مایاوتی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت صرف مورتیوں ‘ پتھروں اور پارکوں پر سرکاری رقم صرف کرتی تھی۔ اب یہ رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں