ترکی - پولیس اور مظاہرین دوبارہ متصادم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

ترکی - پولیس اور مظاہرین دوبارہ متصادم

ترکی میں حکومت مخالف مظاہروں کے تیسرے دن استنبول کے علاقہ بسکتاس میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان اب تک کی بدترین پرتشدد جھڑپیں ہیں۔ بسکتاس میں ہزاروں مظاہرین نے وزیراعظم کے دفتر کے قریب احتجاج کیا اور وہاں فٹ پاتھ کے پتھرو اکھاڑ کر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ اس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر آنسو گیس اور پانی کی دھار استعمال کی۔ ان جھڑپوں کے بعد علاقے میں مساجد، دکانوں اور ایک یونیورسٹی کو عارضی اسپتالوں کی شکل دی گئی ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ استنبول میں موجود نامہ نگاروں کے مطابق کئی ہزار افرادنے بسکتاس میں ہونے والے مظاہرے میں حصہ لیا اور وزیراعظم کے دفتر کے قریب رکاوٹیں کھڑی کیں۔ نامہ نگاروں کے مطابق پولیس کی جانب سے پھینکی جانے والی آنسو گیس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کچھ مظاہرین موقع پر ہی الٹیاں کرتے اور کھانستے دکھائی دیے۔ استنبول کے علاوہ راجدھانی انقرہ اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج میں دسیوں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ ان مظاہروں کا آغاز2 دن پہلے استنبول میں ایک عوامی باغ کی جگہ پر سلطنت عثمانیہ دور کی بیرکس اور اس میں ایک شاپنگ سنٹر کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آنے کے بعد ہوا تھا اور ان کا دائرہ انقرہ سمیت دیگر علاقوں تک پھیل گیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں