کرکٹ آسٹریلیا - عثمان خواجہ کو ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کرنے پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

کرکٹ آسٹریلیا - عثمان خواجہ کو ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کرنے پر غور

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی سلیکشن کمیٹی نے اسپنر فواد احمد کے بعد بیاٹسمن عثمان خواجہ کو بھی ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ اگر انہیں اس سیریز کیلئے آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ 18 ماہ کے طویل عرصہ کے بعد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ عثمان خواجہ اس وقت آسٹریلیا کی اے ٹیم کے ساتھ برطانیہ میں موجود ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم میں دیگر کھلاڑیوں کی مشکلات نے انہیں ایشس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل ہونے کیلئے ایک مضبوط امیدوار بنادیا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اپنے رویہ کو بہتر کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ شین واٹسن اپنی فٹنس بحال کرنے کیلئے محنت کررہے ہیں۔ فیلپس، ہندوستان میں اور چمپئنس ٹروفی میں ہوئی شکست کے بعد اپنے اعتماد کی بحالی چاہتے ہیں جبکہ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک زخموں سے چھٹکارا پانے کیلئے محنت کررہے ہیں۔

شاراپووا تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر سرینا ولیمس پر برس پڑیں
لندن ۔ (ایجنسیاں) روس کی ماریا شاراپووا اور امریکی سرینا ولیمس کے درمیان ٹینس کورٹس پر مسابقت اب تک یکطرفہ ثابت ہوئی ہے۔ وینس نے انہیں گزشتہ13بار لگاتار شکست دے کر اپنی برتری ثابت کردی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ شاید شاراپووا کے پاس وینس کی مہارت اور قوت کا کوئی جواب نہیں ہے لیکن روسی ٹینس اسٹار نے آف دی فیلڈ ان کی باتوں کا بھرپور جواب دیا اور زبانی جنگ کا آغاز کردیا ہے۔ وینس نے ایک بیان میں شاراپووا کے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی گریگور کے ساتھ تعلقات پر تبصرہ کیا تھا۔ اس بات پر شاراپووا نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ شاراپووا نے کہا کہ سرینا نے کیرئر میں جتنی کامیابیاں حاصل کی ہیں اس بنا پر میرے دل میں ان کیلئے احترام ہے وہ چمپئن ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ ہر موضوع پر اظہار خیال کا حق رکھتی ہیں، میری ذاتی زندگی پر رائے زنی کے بجائے انہیں اپنے متعلق باتیں کرنی چاہئیں، ویسے انہیں بولنے کا اتنا ہی شوق ہے تو میرے خیال میں انہیں اپنے بوائے فرینڈ کے بارے میں دنیا کو بتانا چاہیے جو شادی شدہ اور صاحب اولاد ہے لیکن سنا ہے کہ وہ طلاق لینے کی تیاری کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سرینا کا نام کافی عرصہ سے ان کے فرانس سے تعلق رکھنے والے کوچ پیٹرک موراتگلو کے ساتھ لیا جارہا ہے تاہم دونوں نے ان تعلقات کی کبھی تردید کی اور نہ توثیق۔

انگلینڈ نے تاریخ رقم کرنے کا موقع گنوادیا: الیسٹر کک
برمنگھم ۔ (یو این آئی) چمپئنس ٹروفی فائنل میں ہندوستان سے 5 رن سے شکست پر مایوس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ جیتنے اور تاریخ رقم کرنے کا موقع ضائع کردیا۔ ٹیم کی قریبی شکست سے مایوس دکھائی دیئے کک نے کہاکہ کپتان کی حیثیت سے انہیں امید تھی کہ ٹیم اس مرتبہ تاریخ رقم کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن منزل پر آکر ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کی ٹیم ایک مرتبہ بھی چمپئنس ٹروفی کا خطاب حاصل نہیں کرپائی۔اس نے سال 2004 میں اس ٹورنمنٹ میں رنرس اپ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ کک نے کہاکہ ساتھی کھلاڑیوں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام نہیں دیا، میاچ میں 13 رن کے انفرادی اسکور پر ایان بل کا آؤٹ ہونا ٹرننگ پوائنٹ رہا۔ 9ویں اوور میں بل کا وکٹ کم اسکور پر گرنا ٹیم کیلئے نقصاندہ ثابت ہوا۔ بل کے آؤٹ ہونے کے معاملہ پر کک نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ امپائر کا یہ ناقص فیصلہ رہا، ٹی وی امپائر نے بھی اسے دوسرے زاویہ سے دیکھا تھا۔ واضح رہے کہ امپائر نے رویندر جڈیجہ کی گیند پر بل کو اسٹمپ آؤٹ دیا تھا لیکن ٹی وی پر اس کا کئی مرتبہ ری پلے دکھایا گیا تھا اور اس پر امپائرس کے درمیان کافی دیر تک غور و خوض رہا تھا۔

دھونی ، دنیا کے 3 بڑے ٹائٹلس جیتنے والے پہلے کپتان
نئی دہلی ۔ (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ میں کل اختتام پذیر چمپئنس ٹروفی جیتنے کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تینوں بڑے ٹورنمنٹس جیتنے والے دنیا کے پہلے کپتان کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دھونی کی زیر قیادت ٹیم نے فائنل میں انگلینڈ کو 5 رن سے ہراکر خطاب اپنے نام کیا۔ انھوں نے سال 2007میں ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ اور سال2011میں ونڈے ورلڈکپ بھی جیتا تھا اور اس کے ساتھ ہی ٹیم ٹسٹ اور ونڈے رینکنگ میں سرفہرست مقام پر بھی پہنچ گئی تھی۔ اب ٹیم انڈیا نے چمپئنس ٹروی کا آخری سیزن جیت کر اس آخری قلع کو بھی فتح کرلیا۔ ہندوستانی ٹیم تیسری مرتبہ چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں پہنچی۔ سال 2002-03 میں ہندوستان نے سری لنکا کے ساتھ مشترکہ فاتح کا خطاب حاصل کیا تھا جبکہ سال 2000-01 میں اسے فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹائٹل مقابلہ جیتنے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے اس ٹورنمنٹ کے 2 مرتبہ جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کرلیا ہے۔ آسٹریلیا گزشتہ 2 بار کا چمپئن تھا لیکن اس بار اسے گروپ مرحلہ میں ہی باہر ہونا پڑا۔ ٹیم انڈیا نے خطاب جیتنے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کے ایک اور ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔ آسٹریلیا واحد ایسی ٹیم ہے جس نے ورلڈکپ جیتنے کے ساتھ ہی چمپئنس ٹروفی بھی جیتی ہے۔ آسٹریلیا نے سال 2006 میں رکی پانٹنگ کی زیر قیادت چمپئنس ٹروفی جیتی تھی اور اس نے اگلے سال ہی سال 2007 میں ویسٹ انڈیز میں ونڈے ورلڈکپ کا خطاب بھی حاصل کیا تھا۔ ہندوستان نے سال2011میں دھونی کی قیادت میں ونڈے ورلڈ جیتا تھا لیکن اب دھونی کی کپتانی میں اس نے چمپئنس ٹروفی بھی حاصل کرلی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چمپیئنس ٹروفی کا باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ آخری چمپئنس ٹروفی کو ہندوستان نے جیت لیا ہے۔2سال قبل ہندوستانی ٹیم نے ورلڈکپ بھی جیتا تھا۔ کرکٹ کی چمپیئنس ٹروفی کی جگہ اب ٹسٹ کرکٹ چمپئنس ٹروفی کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس نئے ٹورنمنٹ کا 2017 میں انعقاد ہوگا۔
آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈکپ بنگلہ دیش سے منتقل ہونے کا امکان

ڈھاکہ ۔ (ایجنسیاں) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش میں آئندہ برس منعقدہ ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سہولتوں پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ مردوں اور خواتین کے ٹورنمنٹس16مارچ تا 6 ؍ اپریل تک 4 مقامات پر منعقد ہوں گے۔ گذشتہ دنوںآ ئی سی سی کی تحقیقاتی ٹیم نے سہلٹ، میرپور، چٹاگانگ اور کاکس بازار کے اسٹیڈیمس کامعائنہ کیا۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سہلٹ اور میرپور میں موجود سہولتوں سے آئی سی سی حکام مطمئن ہیں لیکن سلہٹ کے نوتعمیر شدہ اسٹیڈیم میں ابھی بہت کام باقی ہے جبکہ کاکس بازار کا نیا اسٹیڈیم تاحال تکمیل کے مراحل میں ہے۔ اس ضمن میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میگا ایونٹ بنگلہ دیش سے منتقل کیا جاسکتا ہے۔
شکھر دھون کو گولڈن بیاٹ اور جڈیجہ کو گولڈن بال کااعزاز
برمنگھم ۔ (یو این آئی) آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے اوپنر شکھر دھون کو ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کیلئے گولڈن بیاٹ اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو سب سے زیادہ وکٹ لینے کیلئے گولڈن بال کے اعزاز سے نوازا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو انعامی تقریب میں گولڈن بیاٹ اور گولڈن بال دیئے گئے۔ جڈیجہ کو فائنل میں میان آف دی میاچ بھی قراردیا گیا۔ انہوں نے فائنل میں33رن بنائے اور 2 وکٹ بھی لئے۔ دھون نے5 میاچس میں 2 سنچریوں کی مدد سے363 رن بنائے جس کی وجہ سے انہیں گولڈن بیاٹ ملا۔ لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ نے 5 میاچس میں12 وکٹ لئے اور گولڈن بال کے حقدار بنے۔

آرسنل ، اطالوی اسٹرائیکر کی خدمات حاصل کرنے کیلئے 3 کروڑ یورو خرچ کرے گا
پیرس ۔ (ایجنسیاں) سرکردہ فٹبال کلب آرسنل، اطالوی اسٹرائیکر اسٹیفن الشاروے کی خدمات حاصل کرنے کیلئے 3 کروڑ یورو خرچ کرے گا۔ آرسنل کے منیجر نے بتایا کہ کلب الشاروے کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے وین رونی کی خدمات حاصل کرنے کی بھی کوشش کررہا ہے، ہم اپنی ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں کی رخصت کے بعد مزید بہتر اور مضبوط ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں۔

لاہور ۔ (یو این آئی) پنجاب کے شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین بننے کی قیاس آرائیوں کے درمیان پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیرمین نجم سیٹھی نے عہدہ سنبھال لیا۔ نجم سیٹھی کو گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کا عبوری چیرمین نامزد کیا گیا تھا۔ آج انہوں نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچ کر عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔ گزشتہ ہفتہ اسلام آباد کی عدالت عالیہ نے پی سی بی میں قائم مقام چیرمین کی تقرری کے احکامات جاری کئے تھے۔ یہ عہدہ چیرمین ذکا اشرف کے خلاف مقدمہ اور عدالت کی جانب سے انہیں معطل کئے جانے کے حکم کے بعد سے خالی تھا۔ ذکا اشرف نئے آئین کی منظوری کے بعد حال ہی میں بورڈ کی تاریخ کے پہلے آئینی سربراہ بنے تھے لیکن پیپلز پارٹی سے سیاسی وابستگی اور صدر آصف علی زرداری سے قربتیں نئی حکومت کے آتے ہی ان کیلئے بڑا مسئلہ بن چکی ہیں۔ نجم سیٹھی، پاکستانی صحافت کا ایک معروف نام ہیں اور حالیہ قومی انتخابات کے دوران انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ اب قائم مقام چیرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا امتحان دور ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ پاکستان سال کے اہم ترین ٹورنمنٹ چمپئنس ٹروفی میں جس بری طرح ناکام ہوا ہے اس کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی کے امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ یہ خبریں اس وقت گردش میں ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بنایا جائے گا۔

لندن ۔ (یو این آئی) کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے باوقار ایشس سیریز شروع ہونے سے 2 ہفتے قبل حیرت انگیز فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کو ان کی ذمہ داری سے سبکدوش کردیا۔ آرتھر نے سال 2011 میں ٹم نیلسن کے استعفی دینے کے بعد کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کی کوچ کی مدت سال 2015 میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ تک تھی لیکن وہ کوچ بننے کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں خاطر خواہ سدھار نہیں لاپائے اور ٹیم میں ضابطہ شکنی کے کئی واردات رونما ہوئے۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے مکی آرتھر، آسٹریلیا کے پہلے غیر ملکی کوچ تھے۔ اس دوران آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے بھی سلیکشن کے عمل سے اپنے آپ کو دور کرلیا۔ آرتھر کی جگہ ڈیرن لہمین کو آسٹریلیا کا کوچ مقرر کیا گیا ہے جو اس وقت آسٹریلیا کی اے ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے 1996 سے 2005 کے درمیان آسٹریلیا کیلئے 27 ٹسٹ اور127 ونڈے میاچس کھیلے۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر پر ٹیم میں ضابطہ شکنی اور ناقص کارکردگی کے حوالے سے شدید تنقید کی جارہی تھی۔ آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ پیر کو ایک پریس کانفرنس کرے گا جس میں ٹیم کے نئے کوچنگ نظام پر بات کی جائے گی۔ آرتھر، آسٹریلیا کے پہلے غیر ملکی کوچ تھے۔ انھوں نے 2011 میں ٹم نیلسن کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کا پہلا ٹسٹ میاچ 10 جولائی کو شروع ہوگا۔ آرتھر کی زیرِ نگرانی آسٹریلیا نے 19 ٹسٹ میاچس میں 10 میں کامیابی اور 6 میں شکست کا سامنا کیا۔ 45 سالہ مکی آرتھر کے دور کے آخری مراحل میں آسٹریلیائی ٹیم کئی مشکلات کا شکار رہی۔ مارچ 2013 میں 4 کھلاڑیوں، شین واٹسن، مچل جانسن، جیمس پیٹنسن اور عثمان خواجہ کو ہندوستان کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹسٹ میں اس لئے نہیں کھلایا گیا کہ انھوں نے ٹیم کے لائحہ عمل کے بارے میں رائے نہیں جمع کروائی تھی۔ مئی میں ڈیوڈ وارنر پر ٹوئٹر پر صحافیوں سے غیر مہذب انداز میں مخاطب ہونے کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا۔ چمپئنس ٹروفی کے دوران وارنر پر پھر برطانوی کھلاڑی جؤ روٹ سے جھگڑے کی وجہ سے 10 جولائی تک پابندی لگائی گئی۔ حال ہی میں کھیلی گئی چمپئنس ٹروفی میں آسٹریلیا اپنے گروپ میں آخری نمبر پر رہا۔ اس سے پہلے مکی آرتھر 2005 سے 2010 تک جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ اس دوران جنوبی افریقہ نے 43 سال میں پہلی بار انگلینڈ کو اور آسٹریلیا کو پہلی بار ٹسٹ سیریز میں شکست دی۔ جنوبی افریقہ بورڈ کے ساتھ اختلافات کے بعد مکی آرتھر نے سال 2010 میں کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد سے ویسٹرن آسٹریلیا کے کوچ بن گئے تھے۔ حالیہ تنازعات کے باوجود آرتھر نے آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک کو دنیا کا سب سے خطرناک بولنگ اٹیک قرار دیا تھا۔

نئی دہلی ۔ (یوا ین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی چمپئنس ٹروفی میں شاندار خطابی جیت کے بعد سرکردہ کھلاڑیو ں کی جانب سے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے چمپئنس ٹروفی میں خطاب کے جیت کیلئے کپتان مہند رسنگھ دھونی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ دھونی ایک اچھے کپتان ہیں جو اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا ہنر بخوبی جانتے ہیں۔ گواسکر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قریبی مقابلہ میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ انگلینڈ کی ٹیم کرکٹ کی دنیا کی نئی چوکر بن گئی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر اور فائنل مقابلے میں میان آف دی میاچ کا اعزاز حاصل کرنے والے رویندر جڈیجہ کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ جڈیجہ کے معاملہ میں اس سے قبل کئی لطیفے سامنے آئے ہیں لیکن جڈیجہ نے منفی سوچ کو چھوڑکر مثبت رویہ اختیار کیا اور اپنی کارکردگی میں زبردست اصلاح کی۔ ہندوستانی ٹیم کے کارگذار صدر جگموہن ڈالمیا نے بھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی تعریف کی ہے اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے ایک تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان گنڈپا وشواناتھ نے بھی دھونی کی زیر قیادت ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ چمپئنس ٹروفی میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ قابل دید تھا۔ ٹیم نے اس ٹورنمنٹ میں جس طرح آغاز کیا اس نے تینوں لیگ میاچس، سیمی فائنل اور فائنل جیتا وہ قابل تعریف ہے۔ بلاشبہ مہندر سنگھ دھونی بہترین کپتان ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے خطابی جیت پر مبارکباد دینے والوں میں جنوبی افریقہ کے ٹسٹ کپتان گرائم اسمتھ، ہندوستان کے سابق قومی سلیکٹر کرشنما چاری شریکانت، سابق کوچ انشمن گائیکواڑ بھی شامل ہیں۔

نئی دہلی ۔ (پی ٹی آئی) چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان کے ٹائٹل جیتنے پر سابق کھلاڑیوں نے ٹیم کو مبارکباد دی ۔ سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ واقعی یہ بہت شاندار ٹیم ہے کیونکہ جس طرح اس نے کھیلا اور ہر میاچ جیتا اس سے چمپئنس کی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ سارے ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے مشکل حالات میں بہتر مظاہرہ کیا ۔ سابق کپتان چندو بوڈرے نے چمپئنس ٹروفی میں کامیابی کا کپل دیو کی زیر قیادت 1983ء کی فاتح ٹیم کی کامیابی سے کیا ۔ بورڈے نے کہا کہ کشمکش کے حالات میں ہم نے اچھا کھیلااور ہندوستانی ٹیم نے ان حالات میں بہت ہی اچھا کھیلا ۔ 1983ء میں کم اسکور والا ورلڈکپ فائنل جیتا ۔ بالکل اسی طرح کل چمپئنس ٹروفی کے کم اسکور والے فائنل میں اسی کامیابی کو دُہرایا ۔ ایک اور سابق کپتان اجیت واڈیکر نے کہا کہ جیت نے ثابت کردیا کہ ہندوستان کے پاس بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور بعض بہترین کھلاڑیوں کے سبکدوش ہونے سے ٹیم متاثر نہیں ہوئی ۔ سابق کپتان ناری کنٹراکٹر نے کہا کہ چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان نے کھیل کے تمام شعبوں میں دھونی کی زیر قیادت شاندا رمظاہرہ کیا ۔ یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے جس کا سہرا کپتان اور ٹیم کے سر بندھتا ہے ۔ مہندر سنگھ دھونی نے اگلی صف سے ٹیم کی قیادت کی ۔ناری کنٹراکٹر نے نئی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شکھر دھون کی ستائش کی ۔ سابق آف اسپنر ای اے ایس پرسنا نے کہا کہ چمپئنس ٹروفی میں کامیابی نے ثابت کردیا کہ ہندوستان دنیا کو شکست دینے کا اہل ہے ۔ اس کامیابی سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ کرکٹ کی دنیا میں ہندوستان بہترین ٹیم ہے ۔ دھونی کی قیادت شاندار رہی ۔ انھوں نے آر اشون اور رویندر جڈیجہ پر مشتمل اسپن جوڑی کی بھی ستائش کی ۔ کرکٹر سے کامنٹیٹر بننے والے سنجے منجریکر نے بھی حالیہ کامیابیوں پر ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دی ۔ انھوں نے کہا کہ میاچ کے اختتامی مراحل میں انگلینڈ کا دہشت زدہ ہونا اور پھر ہندوستان کا نظم و ضبط کے ساتھ کھیلنا کامیابی میں معاون رہا ۔

ممبئی ۔ (پی ٹی آئی) اداکار فلمساز جان ابراہم نے ہندوستان میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے سابق ورلڈ چمپئن ڈیوڈ ہے کے ساتھ اشتراک کیا ہے ۔ ڈیوڈ ہے جون 2013ء کی تازہ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر ہیں اور ٹرانس نیشنل باکسنگ رینکنگ بورڈ کی جانب سے ہیوی ویٹ مقابلوں میں حصہ لینے کے دعویدار ہیں ۔ برطانوی باکسر دبئی میں اپنا جم ’’ہے میکر جم،، کی شروعات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اب ہندوستان میں جان ابراہم اور جے ایم فٹنس فرنچائس کے ساتھ اشتراک کے بعد وہ پرجوش ہیں ۔

واشنگٹن ۔ (یو این آئی) سرکردہ اتھلیٹ ٹائسن گے نے 100 میٹر کے بعد 200 میٹر میں بھی سیزن کا بہترین وقت نکالتے ہوئے ورلڈ چمپئن شپ کا امریکی ٹرائل جیتنے کے ساتھ ہی اگست میں ماسکو میں جمائیکا کے یوسن بولٹ کے ساتھ دونوں ریسوں میں دوڑنے کا حق حاصل کرلیا۔ گے نے 100 میٹر کی دوڑ میں اولمپک میں برانز میڈل حاصل کرنے والے جسٹن گیٹلن کو شکست دیتے ہوئے 9.75 سیکنڈس کا بہترین وقت نکالا تھا۔ انہوں نے 200 میٹر میں 19.74 سیکنڈس کا وقت لیتے ہوئے ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ گے اب اولمپک فاتح اور عالمی ریکارڈ یافتہ بولٹ سے 10 تا 18 اگست ماسکو میں ہونے والی ورلڈ چمپئن شپ میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ بولٹ نے اس ریس میں جمائیکا ٹرائل جیت کر عالمی چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ 200 میٹر میں دفاعی چمپئن کی حیثیت سے انہیں وائیلڈ کارڈ دیا گیا۔

بیجنگ ۔ (یو این آئی) چین کی فٹبال اسوسی ایشن (سی ایف اے) نے حالیہ مقابلوں میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے سبب اسپین کے سرکردہ کوچ جوس انٹونیو کوماچو کو برطرف کردیا۔ ریال میڈرڈ اور ہسپانوی ٹیم کے سابق کوچ کوماچو کی حالیہ کارکردگی قابل اطمینان نہیں رہی۔ ان کی زیر تربیت چینی ٹیم کو گھریلو میدان پر کھیلے گئے تینوں دوستانہ میاچس میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں تھائی لینڈ میں چین کو ایک کے مقابلہ 5 گول سے ہرایا تھا۔ چین کی ٹیم ان کی کوچنگ کے دوران گزشتہ برس ورلڈکپ کیلئے کھیلے گئے کوالیفائی مقابلے میں ناکام رہی تھی۔ کوماچو نے سال 2011 میں چینی فٹبال ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں لیکن انہیں اس دوران کھیلے گئے 20 میاچس میں 11 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گزشتہ برس ستمبر میں برازیل نے چین کو 8-0 سے ہرایا تھا۔

نئی دہلی ۔ (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چمپئنس ٹروفی کا ٹائٹل حاصل کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی کس ایک کروڑ روپئے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کہا کہ چمپئنس ٹروفی کی فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپئے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ کھیل عملہ کے ارکان کو فی کس 30 لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی کے زیر قیادت ہندوستانی ٹیم نے کل شب چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں میزبان انگلینڈ کو 5 رن سے شکست دے کر ٹورنمنٹ کے آخری سیزن کا خطاب حاصل کیا۔ ٹیم نے دوسری مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا ہے۔

نئی دہلی ۔ (یو این آئی) آر ایس پی بی کی ریمل برولی نے اولمپین اور اسٹار تیرانداز دپیکا کماری پر تیسرے نیشنل رینکنگ تیر اندازی ٹورنمنٹ میں برتری ثابت کرتے ہوئے ریکرو خاتون زمرے کے فائنل میں ٹائٹل حاصل کرلیا۔ ریمل نے یمنا اسپورٹس کامپلکس میں 3 لاکھ روپئے انعامی رقم والے اس ٹورنمنٹ میں دپیکا کو ٹائی شوٹ میں شکست دی۔ مقابلہ 5-5 سے مساوی رہنے کے بعد فاتح کیلئے ٹائی شوٹ کا سہارا لیا گیا جہاں دونوں کھلاڑیوں کے یکساں فی کس 10 پوائنٹس تھے لیکن ریمل کا نشانہ سینٹر سے زیادہ قریب ہونے کے سبب انہیں فاتح قراردیا گیا جبکہ دپیکا کماری کو رنرس اپ پر اکتفا کرنا پڑا۔ مردوں کے ریکرو زمرہ کے ٹائٹل مقابلہ میں اتانو داس نے اولمپین ترون دیپ رائے کو ہرایا۔ اتانو نے 6-4 سے جیت درج کی۔

نئی دہلی ۔ (یو این آئی) ہندوستان نے چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ونڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں اپنی برتری مزید مستحکم کرلی اور اس نے اس معاملہ میں دوسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنی برتری مزید 10 پوائنٹس بڑھا لی ہے۔ ہندوستان نے چمپئنس ٹروفی کے لیگ میاچس میں جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان، سیمی فائنل میں سری لنکا اور فائنل میں انگلینڈ کو شکست دی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ٹورنمنٹ شروع ہونے سے قبل عالمی درجہ بندی میں 119 پوائنٹس تھے۔ خطاب جیتنے پر اسے مزید 4 پوائنٹس حاصل ہوئے اور اب اس نے 123 پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے 113 پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا کے بھی 113 پوائنٹس ہیں لیکن عدد و اعشاریہ کی بنیاد پر اس کو تیسرا مقام ملا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں ایک بھی میاچ نہیں جیت سکی۔ جنوبی افریقہ 111 چوتھے، سری لنکا 108پانچویں، پاکستان 102 چھٹے، نیوزی لینڈ88 ساتویں اور ویسٹ انڈیز 88 آٹھویں مقام پر ہے۔

روٹرڈم ۔ (یو این آئی) بلجیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ چمپئن آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 7-6 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ورلڈ لیگ راؤنڈ 3 ٹورنمنٹ میں مردوں کا خطاب حاصل کرلیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان 2-2 گول سے برابری تھی۔ فاتح کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا جس میں بلجیم نے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹائٹل حاصل کرلیا۔ فائنل میں پہنچنے کے سبب آسٹریلیا اور بلجیم آئندہ برس منعقد ہونے والے ورلڈکپ کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ ہالینڈ نے تیسرا مقام حاصل کرنے کے ساتھ عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تیسرے مقام کے پلے آف مقابلہ میں میزبان ہالینڈ نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلہ 4 گول سے شکست دی۔ مردوں کے ٹورنمنٹ میں بلجیم نے پہلا، آسٹریلیا نے دوسرا، ہالینڈ نے تیسرا، نیوزی لینڈ نے چوتھا، اسپین نے پانچواں، ہندوستان نے چھٹا اور آئرلینڈ نے ساتواں اور فرانس نے آٹھویں مقام حاصل کیا۔ اس سے قبل جرمنی نے ورلڈ ہاکی لیگ راؤنڈ 3 ٹورنمنٹ کے خواتین کے زمرہ میں میزبان ہالینڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابری پر تھیں جس کے بعد فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے کیا گیا جہاں جرمنی نے بازی ماری تاہم فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا تھا۔ ہالینڈ نے کم لیمرس کے گول سے برتری بنائی لیکن جین میولر ویلڈ نے آخری لمحات میں گول کرکے میاچ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کھینچ لیا۔ اس درمیان جنوبی کوریا نے بھی نیوزی لینڈ کو تیسرے مقام کیلئے ہوئے پلے آف مقابلے میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-2 سے شکست دے کر ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 3-3 سے برابری پر تھیں لیکن شوٹ آؤٹ میں کوریا کی ٹیم بھاری پڑی۔ نیوزی لینڈ کی الا شارلیڈ کو پلیئر آف دی ٹورنمنٹ جبکہ جنوبی کوریا کی لی سن ہائی کو بہترین گول کیپر اور ماریا ورسچور کو بہترین نوجوان کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں