کھلاڑیوں نے چمپئنس کی طرح مظاہرہ کیا - دھونی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-25

کھلاڑیوں نے چمپئنس کی طرح مظاہرہ کیا - دھونی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھو نی نے چمپئنس ٹروفی جیتنے کے بعد کہا کہ کھلاڑیوں نے چمپئن کی طرح کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میاچ کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو ورلڈ چمپئن کی طرح کھیلنے کی ترغیب دی تھی جس کا فائدہ چمپئنس ٹروفی کی شکل میں حاصل ہوا۔ بارش سے متاثرہ میاچ میں کامیابی کے بعد دھونی نے کہا کہ انہوں نے ٹیم کے129رن کے اسکور بنانے کے بعد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ ہم ایک عالمی چمپئن ٹیم ہیں اور ہمیں ورلڈ چمپئن کی طرح کھیلنا ہوگا اور انہیں خوشی ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دے پائے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں سے کہاکہ تھا کہ اوپر والا اسی کی مدد کرتا ہے جو خود کی مدد کرتا ہے اس لئے ساتھی کھلاڑیوں کو جیت کیلئے خود کوشش کرنی ہوگی۔ حالانکہ دھونی نے چمپئنس ٹروفی کے فائنل میں اوورس میں تخفیف پرناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اتنے بڑے میاچ کو ٹوئنٹی 20 میاچ نہیں بنانا چاہئے لیکن ہمارے لئے یہ جیت کافی اہم ہے۔ کپتان دھونی نے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور سب سے زیادہ رن بناکر میان آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے والے شیکھر دھون کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جڈیجہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ اپنے تمام معاملات اور کارکردگی میں تسلسل رکھنا چاہتے ہیں‘ حالیہ مقابلوں میں جڈیجہ نے بولنگ کے ساتھ اچھی بیاٹنگ بھی کی‘ ان کی نمبر 7 کی پوزیشن ٹیم کیلئے کافی اہم ہے۔ شیکھر دھون کی بیاٹنگ سے متعلق دھونی نے کہاکہ دھون نے اپنے فام کو آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ کے بعد اور بھی بہتر کیا ہے‘ دھون نے پہلے ہی میاچ میں سنچری بنائی اور صحتیابی کے بعد آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دھو نی نے خوشی ظاہر کی کہ دھون نے اوپننگ بیاٹسمن کے طور پر خود کو ثا بت کردیا ہے اور یہ ایک اچھا اشارہ ہے۔ اپنے آپ کو خوش قسمت مانتے ہوئے کپتان دھونی نے کہاکہ یہ ان کیلئے خوشی کی بات ہے کہ ٹیم میں ان کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈکپ‘ آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ اور چمپئنس ٹروفی کے ٹائٹلس حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوئی خاص حکمت عملی تیار نہیں کی‘ وہ صرف اتنا جانتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم جیت رہی ہے اور یہ سب سے اہم بات ہے۔ اب ان کی مکمل توجہ ویسٹ انڈیز میں سہ قومی ونڈے سیریز پر مرکوز رہے گی۔

'Play Like World Champions,' Dhoni Exhorted Team-mates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں