میٹرو ریل پراجکٹ پہلے مرحلہ کی دسمبر تک تکمیل متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

میٹرو ریل پراجکٹ پہلے مرحلہ کی دسمبر تک تکمیل متوقع

منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے کہاکہ میٹرو ریل پراجکٹ کے پہلے مرحلے کے تعمیری کام جو ناگول تا میٹو گوڑہ اور امیر پیٹ تا میاں پور کا آغاز کیا گیا تھا ماہ دسمبر 2014ء میں پہلے مرحلے کے تعمیری کام مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ جنوری تا جون محکمہ ریلوے سیفٹی کے عہدیدار اس تعمیر کردہ ریلوئے لائن پر ریل چلائیں گے اور ریل کی کارکردگی کو دیکھیں گے، ان کی اجازت ملنے کے بعد ماہ جون 2015ء میں تعمیر کردہ ریلوئے لائن پر ریل چلائی جائیں گی۔ این وی ایس ریڈی نے آج حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ، تارناکہ، حبشی گوڑہ، اوپل کا دورہ کیا۔ انہوں نے میٹرو ریل کے تعمیری کام کا جائزہ لیا۔ این ای ایس ریڈی نے بعد ازاں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سابق حضور نظام حیدرآباد کے دور حکومت میں ڈالی گئی پینے کے پانی کی لائن اور ڈرینج لائن کے ٹرکوں میں موجود رہنے کے باعث بعض مقامات میں میٹرو ریل پلرس کے تعمیری کام کا آغاز کرنے کیلئے تھوڑی تاخیر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض مقامات پر چٹانیں ہونے کے باعث بھی پلر ڈالنے کیلئے تاخیر ہورہی ہے۔ ان چٹانوں کو مزدوروں کے ذریعہ توڑ کر پلر ڈالے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور اور چینائی شہروں کے بہ نسبت شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ کا تعمیری کام آسانی سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعمیر اور ناگول تا میٹو گوڑہ، میاں پور تا ایس آر نگر، ایل بی نگر تا نیو مارکٹ پیراڈائیز تا حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ، جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 اور روڈ نمبر 5، نامپلی، معظم جاہی مارکٹ میں میٹرو ریل کے پلر اور پل کی تعمیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوپل میں ڈپو قائم کرنے کیلئے 100 ایکڑ پر تعمیری کام کیا جارہا ہے۔ اوپل میں پری کاسٹ یارڈ 72 ایکڑ پر اور میاں پور میں ڈپو 104 ایکڑ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ قطب اﷲ پور میں 64 ایکڑ میں پری کاسٹ کا تعمیری کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوپل، قطب اﷲ پور اور ملک پیٹ میں لیبر کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر مزدوروں کواچھی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اوپل ڈپو میں میٹرو ریل پراجکٹ کے آپریشن کنٹرول سنٹر کو قائم کیا جارہا ہے۔ اس ڈپو میں شہر حدرآباد اور سکندرآباد میں چلائی جانے والی ریلوں کی روزانہ صفائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اوپل ڈپو کی حفاظت کیلئے سی آر پی ایف کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ جون 2017ء سے قبل میٹرو ریل پراجکٹس مکمل ہوجائیں گے۔

Hyderabad Metro Rail phase-I to be completed by 2014

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں