معروف شاعر اور صحافی ریاض الرحمٰن ساغر کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

معروف شاعر اور صحافی ریاض الرحمٰن ساغر کا انتقال

معروف شاعر، نغمہ نگار اور صحافی ریاض الرحمن ساغر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 72 برس تھی۔ ریاض الرحمن ساغر کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں سنیچر کی رات ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی نماز جنازہ لاہور کے علاقہ اقبال ٹاون میں ادا کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریاض الرحمن نے اپنی زندگی میں 200 سے زائد گانے لکھے جن کو عوامی پذیرائی ملی۔ وہ تقسیم ہند سے قبل 1941ء میں غیر منقسم پنجاب کے علاقہ بھٹنڈہ میں پیدا ہوئے اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد شعبہ صحافت سے منسلک ہوگئے۔ انہوں نے 1967ء میں پاکستانی فلم "عالیہ" کے گیت لکھے جس کے بعد فلمی گیت لکھنے کا سلسلہ ان کی زندگی تک جاری رہا۔ لاہور سے نامہ نگاروں کے مطابق ریاض الرحمن ساغر طویل عرصہ تک ارود اخبار "نوائے وقت" کے شوبز رپورٹر اور شوبز ایڈیٹر رہے اور ان کا کالم "عرض کیا ہے" اسی اخبار میں شائع ہوتا رہا۔ وہ فلم سنسر بورڈ کے رکن بھی رہے۔ ریاض الرحمن کے لکھے گیت تمام بڑے گلوکاروں نے گائے اور ان کے گانے "بھیگی بھیگی راتوں میں"، "تھوڑی سی لفٹ کرادے" اور "کبھی تو نظر ملاؤ" خاصے مقبول ہوئے۔ انہوں نے فلمی گانوں کے علاوہ بچوں کیلئے بھی گیت لکھے۔ ریاض الرحمن ساغر کی اپنی سوانح حیات "وہ کیا دن تھے" کے علاوہ سفر نامے اور گیتوں پر مبنی کتاب بھی شائع ہوئیں۔ انہیں ان کی فلمی شاعری کی وجہہ سے کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ریاض الرحمن ساغر نے اپنے پسماندگان میں بیوہ اور بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔

Riyaz ur rahman saghir passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں