راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو برٹش سیفٹی کونسل کا فائیو اسٹار اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-05-31

راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو برٹش سیفٹی کونسل کا فائیو اسٹار اعزاز

راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ واقع شمس آباد کو اس کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے لئے برٹش سیفٹی کونسل کی جانب سے باوقار فائیو اسٹار درجہ دیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر برٹش سیفٹی کونسل کا فائیو اسٹار اعزاز انتہائی باوقار سمجھا جاتا ہے اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ دنیا کا واحد ایرپورٹ ہے جسے یہ باوقار ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ شہری ہوابازی صنعت کو چھوڑ کر ملک کے دوسروں شعبوں میں چند ہی ایسی تنظیمیں اور کمپنیاں ہیں جنہیں گذشتہ 10 برسوں کے دوران یہ ایوارڈ حاصل ہوا ہے ان میں ایشین پینٹس، ٹاٹا موٹرس، گیاس اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ، ریلائنس اور ایل این ٹی شامل ہیں۔ اس ایوارڈکیلئے سخت معیارات مقرر کئے گئے ہیں۔ 57عناصر کا احاطہ کرتے ہوئے ہیلتھ اینڈ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کیلئے 995 سیفٹی شرائط کی تکمیل ضروری ہے۔ فائیو اسٹار درجہ حاصل کرنے کیلئے مقررہ 5ہزار کے منجملہ کم ازکم 92فیصد نشانات کا حصول ضروری ہے جبکہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ نے 96فیصد نشانات حاصل کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹیڈ مسٹر ایس جی کے کشور نے بتایاکہ شےئر ہولڈرس کے ساتھ بین الاقوامی کارکرد طیرانگاہ پر اس قسم کے نظام کی عمل آوری کافی اہمیت کی حامل ہے۔ اس کامیابی سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ انتظامیہ کے اپنے ملازمین، مسافرین اور پوری ایرپورٹ کمیونٹی کے تئیں صحت اور سیفٹی کے موثر اقدامات کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے ایس ایوارڈ کے حصول میں تعاون کیلئے تمام سے اظہار تشکر بھی کیا۔ کچھ عرصہ قبل ہی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کو اعزاز حاصل ہوچکا ہے۔

Rajiv Gandhi International Airport has been awarded the prestigious 5-Star rating by the British Safety Council

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں