ممبرا ممبئی میں سہ منزلہ عمارت منہدم - 10 افراد جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

ممبرا ممبئی میں سہ منزلہ عمارت منہدم - 10 افراد جاں بحق

اہل ممبرا ابھی شیل پھاٹا علاقے کے لکی کمپاونڈ میں منہدم ہونے والی بلڈنگ کے سانحہ کو بھلا بھی نہیں پائے تھے کہ ڈھائی مہینے سے بھی کم کے وقفے میں انہیں ایک اور بلڈنگ سانیہ کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 2:22منٹ پر ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع "اسمرتی" نامی بلڈنگ اس وقت اچانک زمین بوس ہوگئی جب اس کے مکین گہری نیند میں تھے۔ اس سانحہ میں 2بھائیوں کا پورا کنبہ ختم ہوگیا جبکہ مجموعی طورپر 10افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ منہدم ہونے والی بلڈنگ محض 33سال پرانی تھی اور میونسپل کارپوریشن نے نہ اسے مخدوش قرار دیا تھا اور نہ ہی اسے خالی کرنے کا کوئی نوٹس دیا گیا تھا۔ دیر رات گئے بلڈنگ جیسے ہی منہدم ہونا شروع ہوئی، کچھ مکینوں کو اس کا احساس ہوگیا اور وہ آناً فاناً عمارت سے باہر آگئے جس کی وجہہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے مگر وقت کم ہونے کی وجہہ سے وہ اپنے پڑوسیوں کو جگا نہ سکے۔ اس سے پہلے کہ دوسروں کو جگاکر ممکنہ حادثے سے مطلع کرتے بلڈنگ زمین بوس ہوچکی تھی۔ ممبرا اسٹیشن کے قریب بازار میں واقع یہ عمارت 33سال پرانی بتائی گئی ہے۔ اس عمارت میں 9 فلیٹ تھے۔ اگر کچھ خاندان کے لوگ عمارت میں لرزش کو محسوس کرکے فوری طورپر باہر نہ نکل جاتے تو ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی تھی۔ تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والی 3 منزلہ عمارت "اسمرتی" کو آپریٹیو ہاوزنگ سوسائٹی کو مخدوش قرار نہیں دیاگیا تھا۔ عمارت منہدم ہونے کی زور دار آواز سنتے ہی اطراف کے مکین جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور فائر عملے اور پولیس اہکاروں کا انتظار کئے بغیر ہی راحتی کام میں جٹ گئے تھے۔ جیسے جیسے خبر پھیلتی مدد کیلئے آن یوالے شہریوں کی تعداد اور میونسپل اور پولیس کے عملے میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج سنتوش کدم سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ "راحت کے کاموں میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسکیو فورس (این ڈی آر ایف)، سلو ڈیفینس، ٹی ایم سی ڈیزاسٹر اور فائر بریگیڈ کی ٹیم کے علاوہ ممبئی اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں نے بھی ہاتھ بٹایا ہے۔ البتہ کلیدی رول این ڈی آر ایف کے جوانوں نے انجام دیا ہے"۔ انہوں نے مزید بتایاکہ "حادثہ کے بعد 12 گھنٹوں میں یعنی شب 3بجے سے دوپہر 3 بجے کے درمیان راحت کا کام ختم کردیاگیااور اس کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ان کاموں میں 2 پوکلین، 4 جے سی پی اور 10ڈمپر کا استعمال کیا گیا ہے۔ سانحہ کے بعد تھانے کے ضلع کلکٹر پی ولراسو، تھانے پولیس کمشنر کے پی رگھونشی، کارگذار میونسپل کمشنر شیام سندر پاٹل، مقامی ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ، تھانے کے ایم ایل اے ایکناتھ شنڈے، تھانے کے مئیر اور متعدد لیڈران نے بھی جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ ممبرا علاقے میں بلڈنگ منہدم ہونے کا یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے 4؍اپریل کو شیل پھاٹا کے قریب لکی کمپاونڈ علاقے میں 7 منزلہ غیر قانونی زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی تھی۔ اس سانحہ میں 74افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں