اترپردیش - فسادات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

اترپردیش - فسادات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کی تشکیل

حکومت اترپردیش بہت جلد ایک کمیٹی قائم کرے گی جو ریاست میں ایس پی حکومت کے قائم ہونے کے بعد سے فسادات کی تحقیقات کرے گی۔ اتحاد ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا خان، اس کمیٹی کے صدر ہوں گے۔ ریاستی وزیر و سینئر ایس پی لیڈر شیوپال یادو نے یہاں اخبار نویسیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "ہم بہت جلد رضا خان کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کریں گے جو ایس پی حکومت کی تشکیل کے بعد تمام فسادات کی تحقیقات کرے گی"۔ اس کمیٹی میں ریٹائرڈ ججس اور پولیس عہدیداروں کے علاوہ عوامی نمائندوں کو بھی نامزد کیا جائے گا۔ توقیر رضا خان جنہیں ریاستی حکومت نے صدرنشین یوپی ہینڈ لومس کارپوریشن مقرر کرتے ہوئے انہیں مملکتی وزیر کا موقف دیاتھا، یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیاتھا۔ جب اس کے بارے میں پوچھا گیا تو رضا خان نے بتایاکہ صدر پارٹی ملائم سنگھ یادو سے یہاں ملاقات کے بعد انہیں یقین دلایا گیا کہ ان کے مطالبات بشمول فسادات کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی کے قیام کو قبول کرلیا جائے گا۔ "ملائم سنگھ کی درخواست کے بعد ’میں، مملکتی وزیر کا موقف قبول کرلوں گا"۔ انہوں نے کہاکہ جیلوں میں محروس دہشت گردوں کو نہیں چھوڑا جانا چاہئے۔ میں، جیلوں سے دہشت گردوں کی رہائی کا مخالف ہوں لیکن دہشت گردی کے جھوٹے الزامات کے تحت جیلوں میں بند بے قصور ہندوؤں؍مسلمانوں کو انصاف فراہم کیا جانا اور انہیں رہا کردیا جانا چاہئے۔ توقیر رضا خان نے بتایاکہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی تنظیم، سماج وادی پارٹی کی تائید کرے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں