ملک کو متحد رکھنے والے قائد کی ضرورت - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-22

ملک کو متحد رکھنے والے قائد کی ضرورت - نتیش کمار

جنتادل یو کی این ڈی اے سے علیحدگی کے چند دن بعد نریندر مودی پر در پردہ تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج زور دے کر کہا کہ ملک کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو انتشار پسند شخصیت نہ ہو بلکہ اتحاد پیدا کرے۔ انہوں نے ٹی وی چینل سی این این۔ آئی بی این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے بی جے پی کو پہلے ہی اپنے اندیشوں سے واقف کرادیا تھا اور کہا تھا کہ ہم کسی انتشار پسند شخصیت کو برادشت نہیں کرسکتے۔ کثرت میں وحدت رکھنے والے ہمارے ملک کو ایسے شخص کی ضرورت ہے جو متحد کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی میں اب شخصیت پر مرکوز ماحول پیدا کردیا گیا ہے اور تمام مباحث اسی شخصیت کے بارے میں ہورہے ہیں۔ مودی کے بارے میں بی جے پی کے فیصلے پر کمار نے کہاکہ پہلے تو کسی شخصیت کو اجاگر کیا جاتا ہے اور پھر ہنگامہ ہونے پر کہا جاتا ہے کہ اس شخصیت کی مخالفت کی جارہی ہے لیکن کیا لوگ اس تمام کھیل کے پیچھے ایجنڈہ کو نہیں سمجھتے۔ قبل ازیں نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ان پر عائد کردہ موقع پرست ہونے اور بی جے پی کو دھوکہ دینے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ جنتادل یو نے این ڈی اے کا ساتھ چھوڑا کیونکہ بھگوا جماعت نے متنازہع مسائل سے گریز کرنے اور ایسے قائدین کو پیش نہ کرنے کے اپنے وعدے کی تکمیل نہ کی جو اتحاد کو وسعت نہیں دے سکتے۔ نتیش کمار نے ٹی وی چینل سی این این ۔آئی بی این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے بی جے پی سے کوئی دغا بازی نہیں کی ہے۔ مجھ پر موقع پرست ہونے کے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ ہم نے اس تیقن پر این ڈی اے میں شمولیت اختیار کی تھی کہ رام مندر، دفعہ 370 کے نفاذ اور یکساں سیول کوڈ جیسے مسائل کو پس پشت ڈال دیا جائے گا۔ کمار نے کہاکہ جنتادل یو نے بی جے پی پر یہ واضح کردیا تھا کہ وہ ایسے قائدین کو پیش نہ کرے جو اتحاد کو وسعت نہیں دے سکتے۔ بہار میں ہم نے بی جے پی سے کہا تھا کہ بیرونی عناصر کو باہر رکھیں۔ انہو نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کا نام لئے بغیر کہا کہ جو ماحول پیدا کیا گیا ہے اس کی وجہہ سے کئی سوالات اٹھتے ہیں۔ واضح رہے کہ مودی کو بی جے پی انتخابی مہم کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے کے نتیجہ میں جنتادل یو کو این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرنی پڑی تھی۔ نتیش کمار نے کہاکہ ہم نے بی جے پی کو اپنے اندیشوں سے واقف کرادیا تھا۔ ہم نے بی جے پی سے کہاکہ وہ حلیف جماعتوں سے مشاورت کئے بغیر کسی قائد کو نامزد نہ کرے۔

Country needs a leader who can unite, not divide: Nitish attacks Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں