اندرا گاندھی دہلی ٹیکنکل یونیورسٹی برائے خواتین - وزیراعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

اندرا گاندھی دہلی ٹیکنکل یونیورسٹی برائے خواتین - وزیراعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

دہلی کی وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت نے آج اندرا گاندھی دہلی پولٹیکل یونیورسٹی فار وومین کا افتتاح کیا، کشمیری گیٹ پر منعقدہ اس تقریب میں ڈاکٹر اے کے والیہ اور مقامی رکن اسمبلی پرہلاد سنگھ ساہنی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہلی میں پہلی خواتین تکنیکی یونیورسٹی کا ہونا فخر کی بات ہے، ملک کی ترقی میں خواتین کا اہم رول رہا ہے۔ اس یونیورسٹی کے ذریعہ خواتین میں ابھرتی تکنیکی تعلیم سے متعلق مطالعہ، تحقیق اور انجینئرنگ کے پیشے میں خواتین کے تعاون کو بڑھاوا دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 1998ء میں شروع کی گئی اندرا گاندھی دہلی مہیلا تکنیک سنستھا اب یونیورسٹی کی شکل میں ہے۔ اس کی توسیع کےئلے زمین دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ وزیر تکنیکی تعلیم ڈاکٹر اے کے والیہ نے کہاکہ یونیورسٹی کا مقصد طالبات کی قابلیت کو نکھارنا ہے۔ تکنیکی تعلیم میں خواتین کا تعاون ملک کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ اس سال ایم ٹیک کے شروع کئے گئے نئے کورس طالبات کے مستقبل کیلئے بہتر ہوں گے۔ پرہلاد ساہنی نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی کوششوں سے یہ کیا گیا کام طالبات کے مستقبل کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر نپور پرکاش نے کہاکہ اس سال سے انڈسٹری میدان کی ضرورتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ایم ٹیک کے نئے کورس انفارمیشن سکیورٹی مینجمنٹ، وی ایل ایس آئی ڈیزائن، موبائل اینڈ پریوسیو کمیوٹنگ، موبائل اینڈ آٹو میشن اور الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹیکشن شروع کئے گئے ہیں۔ ایم ٹیک کرنے کیلئے بی ٹیک، ایم ایس سی، ایم سی اے کرنے والی طالبات درخواست کرسکتی ہیں۔ اس کیلئے جنرل طبقہ کی طالبات کیلئے60 فیصد نمبر اور ایس سی، ایس ٹی طبقہ کی طالبات کیلئے 55فیصد نمبرحاصل کرنا ضروری ہے۔ ہر کورس میں 30 طالبات کا داخلہ ہوگا۔ اس پروگرام میں ای، لرننگ کی بھی اچھی سہولت ہے جس کے تحت آئی آئی ٹی، آئی آئی ایس سی بنگلور اور مشہور غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ماہرین کے ذریعہ منتخب کورسوں کو پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ فارم کی بکری یکم جون سے پنجاب اینڈ سندھ بینک کی چنندہ برانچوں میں شروع ہوگئی ہے۔ کاونسلنگ 15؍جولائی کو ہوگی۔ اس دوران چانسلر نے وزیراعلیٰ کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ آخر میں وزیراعلیٰ نے طالبات کے ذریعہ تیار کی گئیں گاڑیوں کی نمائش بھی دیکھی۔

indira gandhi delhi technical university for women

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں