راہل گاندھی امیٹھی میں ترقی کی مثال قائم کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-14

راہل گاندھی امیٹھی میں ترقی کی مثال قائم کریں گے

اپنے پارلیمانی انتخابی حلقہ امیٹھی ایک روزہ دورہ پر پہنچے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج شکل بازار علاقہ میں ایک سب پوسٹ آفس کی بنیاد رکھی اور امیٹھی میں ترقی کی مثال قائم کرنے کا وعدہ کیا۔ راہل گاندھی نے 45لاکھ روپئے کی لاگت سے بننے والے سب پوسٹ آفس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا "میں نے امیٹھی، رائے بریلی اور اترپردیش کا چہرہ بدلنے کا ارادہ کیا ہے اور ایسا ہوکر رہے گا۔ امیٹھی کا چہرہ ایسا بدلے گا کہ آنے والے وقت میں ملک کے لوگ امیٹھی کی طرف دیکھ کر کہیں گے کہ دیکھو ایسے کی جاتی ہے ترقی"۔ انہوں نے کہاکہ امیٹھی میں ایک کاغذ مل قائم کی جائے گی جس سے تقریباً10 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔ ساتھ ہی اس سے کسانوں کو بھی سیدھا فائدہ ملے گا، کیونکہ مل میں کاغذا بنانے کیلئے ان کے اُگائے بانس اور یو کلپٹس کے درختوں کا استعمال کیا جائے گا۔ ایک مقامی ممبر اسمبلی کے ذریعہ یاد دہانی کرائے جانے پر راہل نے یہ بھی کہا کہ امیٹھی میں ایک بجلی پاور پلانٹ اور ہوٹل مینجمنٹ ادارہ بنایا جائے گا۔ انٹرنیٹ کے اس زمانے میں بدلتی ضرورتوں کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس ممبر پارلیمنٹ نے کہاکہ امیٹھی میں جلد ہی ایک ضلع سطح پر ڈاکخانہ قائم کیا جائے گا۔ اس کیلئے سرکار پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ ریاست کی ترقی کے بارے میں راہل نے کہاکہ خاص طورپر سڑکوں کی ترقی پر خاص توجہ دی جارہی ہے لیکن اترپردیش میں کانگریس کی سرکار نہیں ہے، اس لئے تال میل میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکاری ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ کسانوں کو مضبوط بنانے کیلئے فرصت گنج علاقہ میں فوڈ پروسیسنگ کی 40 اکائیاں قائم کی جارہی ہیں جہاں سے وہ اپنے پیدوار آلو، آنولہ اور دودھ کو سیدھے بازار میں لاسکیں گے۔ سرکاری اسکیموں کی جانکاری عام لوگوں تک پہنچانے کے مرکزی سرکار کے فیصلے کے بارے میں راہل گاندھی نے کہاکہ آدھار کارڈ کا مقصد اسکیموں کو عوام تک پہنچانا ہے اس سے منریگا اور مختلف پنشن اسکیموں کا گائدہ سیدھا ان کے بینک اکاونٹ میں پہنچ رہا ہے۔ بدعنوانی کے سوال پر انہوں نے کہا "آپ لوگ کہتے ہیں کہ بدعنوانی بڑھ رہی ہے ہم اس پر بھی کنٹرول کررہے ہیں"۔ اس سے قبل امیٹھی پہنچنے کے فوراً بعد راہل گاندھی نے پارٹی کے کارکنان اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

Amethi will be made model of development: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں