ہوڑہ میونسپل کارپوریشن سے اردو داں طبقہ پریشان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-02

ہوڑہ میونسپل کارپوریشن سے اردو داں طبقہ پریشان

ہوڑہ میونسپل کارپوریشن کے رویے سے ہوڑہ کی بڑی اردو آبادی پریشان ہے۔ کارپوریشن کے ہندی بنگلہ میڈیم اسکول میں طلبہ سے زیادہ ٹیچر ہیں جبکہ اردو میڈیم میں طلبہ کی بڑھی تعدادکے باوجود اساتذہ کی جگہیں خالی ہیں۔ اردو آبادی میں نالوں کی صفائی سے سڑکوں کی حالت تک سے کارپوریشن انتظامیہ لاپرواہ ہے جس کی وجہہ سے اردو آبادی مسلسل پریشان ہے۔ ہوڑہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 16 کے سماجی کارکن محمد رسم کاجو محمد اکرم میموریل سوسائٹی کے سکریٹری ہیں کہنا ہے کہ فیل خانہ جیسی بڑی آبادی میں کوڑوں کا انبار لگا رہتا ہے وہیں پر 13 اور 14 نمبر واڑوں کی آبادی میں کوڑے دان بھی صاف ستھرا نظر آتا ہے۔ اس کی وجہہ انہوں نے مسلم علاقوں خصوصاً اور آباد علاقوں سے کارپوریشن کا سوتیلا سلوک بتایا۔ انہوں نے کہاکہ فیل خانہ میں کارپوریشن کا اردو پرائمری اسکول ہے اس اسکول میں سماجی ادارے کی طرف سے طلبہ و اساتذہ کیلئے پینے کے پانی اور ٹوائلٹ وغیرہ کا انتظام کیا گیا۔ کارپوریشن نے کبھی بھی مسلم طلبہ کی ان ضرورتوں پر توجہ نہیں دی ہے۔ ہوڑہ میونسپل کارپوریشن کے ماتحت شیب پور وارڈ نمبر 36 ٹکیہ پاڑہ وارڈ 19 اور فیل خانہ وارڈ16 میں اردو پری پرائمری اسکول ہے۔ ان اسکولوں میں طلبہ کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے لیکن گذشتہ 10برسوں سے ریٹائرڈ ہوئے اساتذہ کی جگہ پر تقرری نہیں ہورہی ہے۔ سینکڑوں طلبہ پر محض 3 سے 15 اساتذہ کے ذریعہ تدریس کا کام ہورہا ہے۔ ہوڑہ کارپوریشن اردو والوں کی اس بڑی ضرورت سے غفلت برت رہی ہے۔ وارڈ 46 میں کونسلر محمد نصیر الدین، وارڈ 16 میں کونسلر محمد نسیم ہیں۔ سبھوں کا تعلق سی پی ایم سے ہے اور بورڈ پر قبضہ بھی سی پی ایم کا ہے اس کے باوجود اردو پرائمری اسکول بدحال ہیں۔ آئندہ چند مہینوں میں مزید کئی اساتذہ سبکدوش ہونے والے ہیں لیکن ان کونسلروں نے کبھی ان اسکولوں کی خبر بھی نہیں لی ہے کہ طلبہ کی تدریس کیسے ہوگی۔ ان سب حالات سے اردو آبادی برسوں سے پریشان ہے لیکن ہوڑہ کارپوریشن اس آبادی کی پریشانیوں کے حل سے چشم پوشی کرتی آرہی ہے۔ ابنائے ٹکیہ پاڑہ کے سکریٹری سلیم عزیزی، فیبی ایف سی کلب کے رسم ماس سوسل آرگنائزیشن کے اراکین اور فیل خانہ میں محمد اکرم میموریل سوسائٹی کے اراکین کارپوریشن کے اس رویہ ہر ناراضگی کا اظہارکیا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں