سعودی عرب میں شدید گرمی کی لہر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-05

سعودی عرب میں شدید گرمی کی لہر

سعودی عرب کے مغربی صوبہ ان دنوں شدید ترین گرمی کی لہر کی زد میں ہیں۔ جس کے پیش نظر مزدوروں اور محنت کشوں نے دھوپ کے دوران کام روک دینے کی اجازت طلب کی ہے۔ بالخصوص جدہ اور مکہ معظمہ میں گذشتہ روز درجہ حرارت 50ڈگری سیلسئس سے زائد ہوگیا تھا۔ مقامی محکمہ موسمیات کے ویب سائٹ کے مطابق ان شہروں میں شدید گرمی اور جھلسادینے والی دھوپ کا سلسلہ آئندہ جمعہ تک جاری رہے گا۔ یکم جولائی تا 31؍اگست 2011ء کے دوران شدید گرمی اور دھوپ کے سبب سعودی حکومت نے مزدوروں اور محنت کشوں کو راحت دی تھی اور دوپہر 12 بجے تا سہ پہر 3بجے تک کام پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ تاہم کھلے آسمان کے نیچے کام کرنے والے محنت کشوں نے کہا ہے کہ یہ اقدامات ان کیلئے ناکافی ہیں۔ جدہ میں ایک ہندوستانی لیبر افتخار محمد نے مقامی انگریزی روزنامہ عرب نیوز سے کہاکہ دن کے 10بجے بھی شدید گرمی رہتی ہے اور درجہ حرارت 38 ڈگری سے زائد ہوتا ہے۔ چنانچہ آجرین کو یہ توقع نہیں کرنا چاہئے کہ ایسے موسمی حالات میں مزدور اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ بعض مزدوروں نے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے دھوپ کے اوقات کام پر پابندی عائد کئے جانے کے باوجود آجرین انہیں کام جاری رکھنے کیلئے مجبور کرتے ہیں۔ جس پر وزارت محنت سے کی جانے والی شکایت کا کوئی اثر بھی نہیں ہوتا۔ محکمہ موسمیات نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں رواں موسم گرما کے دوران درجہ حرارت 50ڈگری سے زائد ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں گردو غبار اور ریت کے طوفان کے سبب کچھ وقت کیلئے بصارت کی سطح میں بھی کمی ہوسکتی ہے۔ مشرقی صوبوں کے علاوہ شمالی، جنوبی اور مغربی صوبوں میں بھی یہی صورتحال جاری رہے گا۔ البتہ جنوب مغربی بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ ماہر اغذیہ ڈاکٹر روئیدہ ادریس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسم گرما کے دوران احتیاط کریں اور اپنے جسم کو ٹھنڈا رکھیں۔ پانی کا بکثرت استعمال کیا جائے۔ مقدس شہروں مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں بھی گرمی کی لہر جاری ہے جس کے نتیجہ میں مقامی شہریوں اور معتمرین گرمی سے راحت کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی ہوسکتی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں