نواز شریف کی آج وزیراعظم کی حیثیت سے حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-05

نواز شریف کی آج وزیراعظم کی حیثیت سے حلف برداری

مسلم لیگ(نواز) کے صدر نواز شریف کل تیسری مرتبہ وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ وہ ایک مختصر کابینہ کے ساتھ حلف لیں گے۔ 342 رکنی قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (نواز) کے ارکان کی تعداد 180 ہے۔ وزیراعظم کے انتخاب کا فیصلہ ایوان کی تقسیم کے ذریعہ ہوگا۔ 63سالہ نواز شریف کے وزیراعظم کی حیثیت سے نامزدگی کے کاغذات مسلم لیگ (نواز) کے قائدین اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عبدالقدیر بلوچ نے پیش کئے۔ اس عہدہ کیلئے مقابلہ کیلئے تحریک انصاف پارٹی نے جاوید ہاشمی کا نام پیش کیا۔ پیپلز پارٹی نے مخدوم امین فہیم کا نام پیش کیا ۔ توقع ہے کہ نواز شریف خارجہ اور دفاع کا قلمدان اپنے پاس رکھیں گے۔ توقع ہے کہ نواز شریف کے ساتھ 20وزراء بھی حلف لیں گے۔ مسلم لیگ (نواز) کے اندرونی ذرائع نے کہاکہ کابینہ میں ارکان کی تعداد 8 تا10رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہ رمضان کے بعد نواز شریف کابینہ میں توسیع کریں گے۔ ابتدائی طورپر صرف قریبی اعلیٰ ترین قائدین کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی۔ ذرائع نے کہاکہ مختلف وجوہات کی بناء پر نواز شریف کابینہ مختصر رکھیں گے۔ قلمدانوں کیلئے پیروی اور سرکاری مصارف کو کم کرنے کی مہم کے تحت کابینہ کو مختصر رکھا جائے گا۔ پارٹی کے اندر اثر رکھنے والے قائدین اہم گروپوں کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی۔ سندھ اور خیبر پختوانخوا صوبوں کے قائدین کا لحاظ کیا جائے گا۔ نواز شریف نے 1990 تا1993ء میں اور 1997 تا1999 وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان دونوں مواقعوں پر وہ اپنی معیاد عہدہ کی تکمیل نہیں کرسکے۔ پہلی معیاد کے وقت کرپشن کے الزامات کی وجہ انہوں نے معیاد مکمل نہیں کی۔ دوسری مرتبہ اس وقت کے آرمی چیف پرویز مشرف نے بغاوت کرکے انہیں اقتدار سے بیدخل کردیا۔ 1999ء میں اقتدار سے بیدخل ہونے کے بعد انہیں جیل میں ڈال دیا گیا اور بعد میں جلاوطن کرکے سعودی عرب روانہ کردیا گیا۔ ممتازسفارت کار طارق فاطمی جنہوں نے 1998-99 وزیراعظم کے دفتر میں ایڈیشنل سکریٹری کے طورپر کام کیا تھا توقع ہے کہ انہیں وزیراعظم کا بیرونی امور مشیر مقرر کیا جائے گا۔

Nawaz Sharif to take oath as PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں