اوباما سے شام پر فیصلہ کن کاروائی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-15

اوباما سے شام پر فیصلہ کن کاروائی کا مطالبہ

امریکی قانون سازوں نے شام میں فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے اور نو فلائی زون (طیاروں سے پاک علاقہ) قائم کرنے پر زوردیا۔ قبل ازیں اوباما انتظامیہ نے بشار الاسد پر اپنے ہی عوام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے ثبوت موجود ہونے کا اعلان کیا تھا۔ سنیٹر جان میکین اور لنزے گراہم نے کہاکہ ہمارے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوگیا ہے۔ اس سلسلہ میں تاخیر کی اب کوئی گنجائش باقی نہیں۔ صدر بشارالاسد کے اسلحہ ذخیرہ میں شامل تمام ہتھیار زیر استعمال ہیں۔ علاوہ ازیں اب غیر ملکی حلیفوں سے بھی بھرپور تعاون انہیں حاصل ہے۔ سینٹرس نے کہا کہ امریکہ کیلئے اب بشارالاسد کی صلاحیتں کم کرنے بین الاقوامی اتحاد کا قیام عمل میں لانا چاہئے تاکہ مشترکہ فوجی کارروائی کی راہ ہموار ہو۔ بشارالاسد کی فضائی اور بالسٹک مزائل طاقت کو محدود کرنا ضروری ہوگیا ہے۔ ان کی افواج کی نقل و حرکت، مورچوں اور محاذوں تک فوجی سازو سامان اور فوجیوں کی رسائی کو محدودکیا جانا چاہئے۔ صدر بشار الاسد خطرہ کا سرخ نشان پار کرچکے ہیں اور ملک کا اعتبار بھی رفتہ رفتہ سکڑ کر اسی خط سرخ تک آپہنچا ہے۔ اب کارروائیوں میں اضافہ کا وقت نہیں رہا یہ فیصلہ کن اقدام اٹھانے کا وقت ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسد افواج نے صرف گذشتہ ماہ کے دوران فضاء سے زمین پر 5 ہزار حملے کئے۔ شام میں اپوزیشن فورسس کو اب ہلاکت خیز اسلحہ کی فراہمی ضروری ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں بھاری ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ بھی فورا لیا جائے۔ توقع ہے کہ صدر بارک اوباما فوری ضروری اقدامات کا فیصلہ کریں گے تاہم صرف اسلحہ کی فراہمی ہی کافی نہیں۔ بشار الاسد کے خلاف فوجی طاقت کے توازن کیلئے صرف یہی قدم کافی نہیں ہوگا۔ ہاوز انٹلیجنس کمیٹی کے صدر مائک راجرس نے کہاکہ امریکہ کو ترک اور عرب لیگ حلیفوں اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون سے شام میں محفوظ علاقوں کاقیام عمل میں لانا چاہئے جہاں سے امریکی فوج اپوزیشن فورسس کو نہ صرف اسلحہ فراہم کریں بلکہ ان کی تربیت کی آسانیاں بھی فراہم ہوں۔ ان اقدامات سے ہوا کارخ ہمیشہ کیلئے بدل جائے گا اور صدر بشارالاسد امن بات چیت پر رضامند ہونے مجبور ہوں گے۔ مابعد بشارالاسد اقتدار کی منتقلی کے وقت امریکہ کو نشست اسی طرح یقینی ہوسکتی ہے۔ سینٹر باب کارکر نے اوباما سے قیادت کا رول ادا کرنے کی درخواست کی اور اس بات کو یقینی بنائے جانے پر زوردیا کہ سخت تحفظات کو بھی ساتھ ساتھ یقینی بناتے ہوئے عوام کو آگاہ کردیا جائے کہ ایسے اقدامات ضروری ہوگئے تھے۔ کارکر نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے بگڑنے سے انتہا پسند موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اقتدار پر قابض ہوسکتے ہیں۔

W.H. conclusions on Syria, call for 'more decisive actions'.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں