آسٹریلیا ہندوستان سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

آسٹریلیا ہندوستان سے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کوشاں

آسٹریلیائی وزیراعظم جولیاگیلارڈ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے سخت محنت کررہی ہیں جیسا کہ ان کی حکومت ملک میں مقیم ہندوستانیوں کی مدد کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ جولیا نے کل یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ میں وثوق سے یہ بات کہہ سکتی ہوں کہ ہم یہاں موجودہ ہندوستانی طبقہ کو آباد رکھنے کیلئے سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہندوستانیوں کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نیزمیں ہندوستانیوں سے یہ بھی کہہ سکتی ہوں کہ بحیثیت وزیراعظم میں نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا نے ہندوستان کو یورانیم کی فروخت سے انکار کیا جس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات پر اثر پڑا تاہم میں اس سلسلہ میں پہلے ہی وضاحت کرچکی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پورا یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے رہیں گے نیز یہاں مقیم ہندوستانیوں کے مفادات کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔ گیلارڈ نے ان خیالات کا اظہار یہاں لیبر پارٹی کے حمایتوں کی جانب سے منعقدہ ایک میٹنگ میں کیا جس کا ہندوستانی اور دیگر جنوبی ایشیائی طبقات کی جانب سے اہتمام کیا گیا تھا۔ گیلارڈ نے کہاکہ ان کی حکومت نئے آنے والے بیرونی افراد کیلئے بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔ اس کے علاوہ مالی طورپر کمزور افراد کو رہائش فراہم کرتے ہوئے مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہنوزیہاں کئی مسائل ہیں تاہم میں یہ نہیں کہتی کہ ان سب کو حل کرلیا گیا۔ درحقیقت موجودہ حکومت کو اس بات پر کافی فخر ہے کہ اس نے بروقت بیرونی افراد کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے ان کی بھرپور مدد کی۔ اسی دوران انہوں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کو یورانیم کی فروخت کے سلسلہ میں پیشرفت توقع کے مطابق جاری ہے اور دونوں ممالک اس سلسلہ میں معاہدے کو یقینی بنانے کیلئے مذاکرات کررہے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہندوستان کو یورانیم کی فروخت کا سلسلہ شروع ہونے میں کم ازکم 2برس درکار ہیں۔ ہندوستان وہ پہلا گاہک ملک ہوگا جو آسٹریلیائی یورانیم کی نیوکلیر طاقت کے حصول کیلئے یورانیم کی افزدوگی نہ کرے گا۔ جولیا گیلارڈ نے قبل ازیں کہا تھا کہ آسٹریلیائی یورانیم کے فروخت کا مقصد صرف غیر فوجی مقاصد کے تحت ہے نیز اسے ہندوستان کو فروخت کرنے کا مقصد اس کی بڑھتی ہوئی نیوکلیر پاور انڈسٹری کو فائدہ پہنچانا ہے‘ ہم جانتے ہیں کہ اس طرح کے معاہدوں کو کس طرح پائے تکمیل کو پہنچایا جاتا ہے کیونکہ ہم سابق میں بھی ایسا کرچکے ہیں اور ہمیں علم ہے کہ آسٹریلیائی یورانیم صرف پرامن مقاصد کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ ہندوستان کے اگلے دورہ سے متعلق گیلارڈ نے کہاکہ اس سال وہ ملک میں ہونے والے وفاقی انتخابات پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہیں جو ستمبر میں ہوں گے‘ میں 2مرتبہ ہندوستان کا دورہ کرچکی ہوں اور اس ملک کو جانا پسند کرتی ہوں۔ نیز مستقبل میں بھی دورہ کا ارادہ رکھتی ہوں۔

Gillard seeks to strengthen ties with India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں