ہندوستان کے 9 اتھلیٹس ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-02

ہندوستان کے 9 اتھلیٹس ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی

اولمپئن ڈسکس تھروور وکاس گوڑا سمیت ہندوستان کے 9 اتھلیٹس نے ماسکو میں 10 تا 19 ؍ اگست منعقد ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ہندوستانی اتھلیٹکس فیڈریشن کے سکریٹری سی کے والسن نے آج یہاں بتایا کہ کوالیفائی کرنے والے ہندوستانی اتھلیٹس میں پیدل چال کی خاتون اتھلیٹ کش بیر کور بھی شامل ہیں۔ کوالیفائی کرنے والے دیگر اتھلیٹس میں وکاس گوڑا (ڈسکس تھرو)، رام سنگھ یادو (میراتھن)، کے ٹی عرفان (20 کلومیٹر پیدل چال)، گرمیت سنگھ، بلجندر سنگھ اور چندر سنگھ (20کلومیٹر پیدل چال) اور بسنت بہادر رانا اور سندیپ (50 کلومیٹر پیدل چال) شامل ہیں۔ آئندہ عالمی اور ایشیائی اتھلیٹکس چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا موقع یہاں 4 تا 7 جون منعقد ہونے والی انٹرنیشنل اتھلیٹکس میٹ میں رہے گا۔

اشرفل نے میاچ فکسنگ کا اعتراف کرلیا
ڈھاکہ
بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) میں بدعنوانی کی تحقیقات کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے انٹرنیشنل میاچس میں فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے جس میں بنگلہ دیش ٹیم کے 3 سابق کپتانوں کے ملوث ہونے کا اندیشہ ہے۔ محمد اشرفل نے تفتیش کے دوران میاچ فکسنگ کا اعتراف کرتے ہوئے خالد محمود، خالد مسعود اور لیفٹ آرم اسپنر محمد رفیق کو میاچ فکسنگ میں ملوث قراردیا۔ خالد محمود مرکزی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس انکشاف نے بنگلہ دیشی میڈیا میں تہلکہ مچادیا ہے اور ان خبروں کو نمایاں طور پر شائع کیا گیا۔ اشرفل نے اے سی یو کے سامنے فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا اور کہا کہ انہیں انڈر ورلڈ سے متعارف کرانے والے ان کے ساتھی کرکٹرس خالد محمود، خالد مسعود اور محمد رفیق ہیں۔ بنگلہ دیش کی ہندوستان کے خلاف 2004 کے ونڈے میاچ میں فتح کو بھی فکسنگ سے جوڑا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ میاچ کا نتیجہ فکسڈ کرنے کیلئے خالد مسعود، خالد محمود اور محمد رفیق نے ایک ہوٹل میں جاوید نامی ہندوستانی سٹہ باز سے تعارف کرایا تھا۔ اشرفل نے میاچ میں 28 رن کی اننگز کھیلی تھی۔ انہیں اس کاوش پر 4 لاکھ ٹکا ملے تھے۔ 2009ء میں خالد محمود، بنگلہ دیش کے کوچ تھے۔ دورہ ویسٹ انڈیز سے واپسی کے بعد انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ہندوستانی سٹہ باز سنیل بھاٹیہ سے اشرفل کو ملوایا تھا اس وقت محمد رفیق بھی موجود تھے اور سنیل بھاٹیہ اس وقت جیل میں ہے۔ اگلے برس یعنی جنوری 2010 میں ہندوستان کے خلاف میاچ کیلئے سٹہ بازوں اور کرکٹرس میں معاملہ طے پایا اور چٹگانگ کے میاچ میں اشرفل کو 3 اوورس میں 6 رن بنانے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم یہ بات واضح نہیں تھی کہ یہ نشانہ میاچ کی پہلی یا دوسری اننگز میں حاصل کرنا ہے البتہ اشرفل یہ بات پوری نہ کرسکے جس کے نتیجہ میں انہیں وصول کی گئی رقم واپس کرنی تھی۔ اشرفل چاہتے تھے 25لاکھ ٹکا کی یہ خطیر رقم سری لنکا ٹی 20 لیگ کھیل کر واپس کردیں تاہم بھاٹیہ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پیسے لینے سے انکار کردیا تاہم اس دوران میاچ اور اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل منظر عام پر آگیا۔

ہربھجن سنگھ اور چینائی کے 3کھلاڑیوں سے بھی ممبئی کرائم برانچ تفتیش کرے گی
ممبئی
ممبئی کرائم برانچ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ہربھجن سنگھ اور چینائی سوپر کنگس کے 3 کھلاڑیوں سے جلد تفتیش کرے گا۔ ان چاروں کا گرفتار شدہ گروناتھ میاپن کے ساتھ قریبی تعلق رہا، حکام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ بی سی سی آئی سربراہ کے داماد نے ان سے کبھی کوئی غلط کام کرانے کی کوشش تو نہیں کی؟ پوچھ تاچھ کے دوران میاپن نے پولیس کو بتایا کہ وندو داراسنگھ نے ان سے ممبئی انڈینس کے کھلاڑی ہربھجن سنگھ کو فکسنگ پر مائل کرنے کیلئے کہا تھا۔ ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ چند کھلاڑیوں کا بیان ریکارڈ کرنے سے قبل ہم قانونی نکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

آئی پی ایل 6 سے قبل بی سی سی آئی کو سٹہ بازی کے خلاف آگاہ کیا تھا : آئی سی سی
ممبئی
حالیہ مختتم آئی پی ایل سیزن 6 میں اسپاٹ فکسنگ کے معاملہ میں انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی پی ایل 6 شروع ہونے سے قبل اس نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو سٹہ بازی سے متعلق آگاہ کیا تھا تاہم این سرینواسن اور بورڈ کے دیگر عہدیداران نے اس کی تردید کی۔ آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو انتباہ دیا تھا کہ ہندوستانی بورڈ کے صدر این سرینواسن کے داماد گروناتھ میاپن کے سٹہ بازوں کے ساتھ رابطے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ 2 ہفتے میں ہندوستانی کرکٹ کی ساکھ مجروح کرنے والے اسکینڈل میں پولیس کے ذریعہ گرفتار کئے گئے گروناتھ میاپن اور وندو دارا سنگھ کے درمیان ہوئی بات چیت سے اس کی توثیق ہوتی ہے۔ بات چیت میں کہا گیا ہے کہ میاپن نے وندو کو خبردار کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ان معاملات پر نظر ہے اس لئے سودے بازی میں احتیاط کیا جائے۔ میاپن نے وندو سے کہا تھا کہ آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو اس بارے میں انتباہ دیا ہے۔ آئی سی سی کے کے بارے میں آئی سی سی چیف شری نواسن نے پلہ جھاڑ لیا ہے۔ سرینواسن نے کہا کہ انہیں آئی سی سی کے ایسے کسی الرٹ کی معلومات نہیں ہے۔ آئی سی سی نے کہا تھا کہ آئی پی ایل میں فکسنگ کا پہلے ہی شک تھا اور اس بات کی معلومات آئی سی سی کی جانب سے بھی دی گئی تھی۔ اس انکشاف کے بعد آئی پی ایل کمشنر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ گرناتھ پر آئی سی سی کے الرٹ کی مجھے کوئی معلومات نہیں ہے لیکن اس بارے میں بی سی سی آئی کے اہم انتظامی عہدیدار رتنا ر شیٹی کو معلومات ہوسکتی ہیں۔ اس درمیان بی سی سی آئی کے جوائنٹ سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے بھی اس معاملہ میں کسی طرح کی کوئی معلومات ہونے سے انکار کیا ہے۔

برلن اور میونخ ، 2020 ء یورو ساکر ٹورنمنٹ کی میزبانی کے خواہاں
برلن
جرمنی کے برلن اور میونخ شہروں میں سال 2020 میں منعقد ہونے والے یورو ساکر ٹورنمنٹ کے میاچس کی میزبانی کیلئے اپنی دعویداری پیش کی جبکہ ڈورٹمنڈ اس دوڑ سے باہر ہوگیا۔ جرمنی کے فٹبال فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار ہیلمٹ سینڈراک نے بتایا کہ یورو مقابلوں کیلئے یہ دونوں شہر مضبوط امیدوار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں شہروں میں فٹبال کے عالمی مقابلوں کے انعقاد کیلئے درکار سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈورٹمنڈ نے دعویداری سے اس لئے الگ کرلیا ہے کہ وہ یورپ میں فٹبال کے معیارات پر پورا نہیں اترتا۔ واضح رہے سال 2020 میں منعقد ہونے والے یورو فٹبال مقابلے براعظم کے مختلف 13 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ شہر بارہ پیلج میں سے کسی ایک کیلئے درخواست کرسکتے ہیں۔ یہ پیکج ابتدائی راؤنڈ کے 2 میاچس اور ناک آؤٹ مرحلوں کے میاچ یا 2 سیمی فائنل یا فائنل پر مشتمل ہے۔

انکیت چوان کی درگاہ حاجی علی پر حاضری
ممبئی ۔ یکم جون
آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار شدہ کرکٹر انکیت چوان کی ضمانت 50 لاکھ کے مچلکہ پر ہوئی ہے جس کے بعد وہ تہاڑ جیل سے رہائی پاکر اپنے گھر چلے گئے۔ انکیت کے وکلا نے 2 ؍ جون کو مقرر ان کی شادی کا تمام ریکارڈ پیش کردیا ۔ اب انہیں 6 ؍ جون کو واپس تہاڑ جیل جانا ہوگا۔ انکیت کی رہائی پر ان کے رشتوں داروں اور لڑکی والوں کے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑگئی۔ ان کے افرادِ خاندان نے شادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ان کے آبائی علاقہ دادر میں انکت چوان کی رہائی کی خوشی میں 5 روزہ جشن منانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ اطلاع ہے کہ وہ گھر جانے سے قبل ممبئی ایرپورٹ سے سیدھے درگاہ حاجی علی گئے۔ چوان فیملی میں اس شادی کو ایک بڑے چیلنج کے طور سے کیا جارہا ہے۔ تقریب میں بالی ووڈ فنکار اور کھلاڑی بھی شرکت کریں گے۔ بی سی سی آئی چیرمین این سرینواسن اور راجیو شکلا بھی اس شادی میں شریک ہوں گے۔

ممبئی (پی ٹی آئی)
دہلی پولیس کی جانب سے گرفتار شدہ سٹہ باز اشون اگروال عرف ٹنکو دہلی کو اپنی تحویل میں لینے کیلئے کوشاں ممبئی پولیس کی گرائم برانچ نے آج مقامی عدالت میں کہا کہ وہ اس بات کا پتہ چلانا چاہتے ہیں کہ اس کے تعلقات اجیت چنڈیلا کے علاوہ دیگر آئی پی ایل کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں یا نہیں ۔ پبلک پراسیکیوٹر واجد شیخ نے یہ بات بتائی ۔ پولیس کی اپیل قبول کرتے ہوئے مجسٹریٹ اے اے خان نے اشون اگروال کو 6 جون تک کرائم برانچ کی تحویل میں دے دیا ۔ پبلک پراسیکیوٹر شیخ نے بحث کے دوران کہا کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے متعدد سٹہ بازوں نے ٹنکو کے ساتھ سٹہ بازی میں حصہ لیا جو کروڑوں میں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پیسوں کی حوالگی ایک اور گرفتار شدہ ملزم کے ساتھ "حوالہ" کے ذریعہ عمل میں آتی تھی ۔

موجودہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ فوری استعفیٰ دے دے : للت بھسین
نئی دہلی (یو این آئی)
سوسائٹی آف انڈین لا فرمس (ایس آئی ایل ایف) کے صدر للت بھسین نے آج کہاکہ قانون دانوں کی رائے یہ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا انتظام اپنے ہاتھوں میں لے لے اور موجودہ بورڈ فوری استعفٰی دے دے۔ انھوں نے اس سے قبل ایک ایسے کیس کی مخالفت کی تھی جس میں کرکٹ کھلاڑیو ں کو دہلی ڈسٹرکٹ کلب اسوسی ایشن کے اجارہ سے باہر نکالنا مقصود تھا۔ انہوں نے کہاکہ انصاف یقینی بنانے کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ پورا کرکٹ بورڈ فوری استعفٰی دے دے۔ ڈاکٹر بھسین نے کہاکہ اگر وہ لوگ استعفٰی نہیں دیتے ہیں اور جو خرابی پیدا ہو گئی ہے اس کیلئے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں تو بورڈ کو توڑ دینا چاہئے۔ ہندوستانی صنعت کنفیڈریشن کی ٹاسک فورس کی پہلی میٹنگ کے دوران علحٰدہ طور پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر بھسین نے زور دے کر کہا کہ میں اس خیال کی تائید کرتا ہوں کہ یا تو وزارت اسپورٹس عارضی طور پر کرکٹ بورڈ کا انتظام اپنے ہاتھوں میں لے لے یا پھر اس بورڈ کا کام کاج چلانے کیلئے اسپورٹس کی نمایاں ہستیوں اور انتظام کاروں کو مقرر کرے۔ انھوں نے کہاکہ اسی پیمانہ کا اطلاق دیگر کھیلوں یا اسپورٹس کی تنظیموں پر بھی کیا جائے جہاں تجارتی لیڈران، سیاست داں، سبکدوش سرکاری عہدیداروں اور اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد سارا کام کاج چلاتے ہیں۔ تقریباً 20 سال پہلے بشن سنگھ بیدی، آکاش لال، مدن لال اور دوسروں کی طرف سے دہلی ڈسٹرکٹ کلب اسوسی ایشن کے اجارہ کے خلاف ایک مقدمہ پیش کرکے کرکٹ کھلاڑیوں کی بات پیش کی تھی کیونکہ تب اسوسی ایشن ان کھلاڑیوں کا جائز مقام دینے کو تیار نہیں تھا۔ دہلی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک عرضی کل داخل کی گئی جس میں کہا گیا کہ وزارت اسپورٹس ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری اپنے ہاتھوں میں لے لے۔ کرکٹ بورڈ اور شیلا ڈکشت انتظامیہ کے نام اس مفاد عامہ کی عرضی پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں جس میں آئی پی ایل سمیت کرکٹ بورڈ کے تمام امور پر سرکاری کنٹرول کی التجا کی گئی۔

پیرس
تھرڈ سیڈ وکٹوریہ اذارینکاکو آج یہاں کامیابی کیلئے ایک سٹ کھونے کے بعد دوسرے 2 سٹوں میں سخت مقابلہ کرنا پڑا جبکہ سلونی اسٹیفنس جس کا دنیا میں 17 واں درجہ ہے، نے اذارینکا کے ساتھ فرنچ اوپن کے ویمنس پری کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ۔ اذارینکا نے میزبان الائز کارنیٹ کے خلاف پہلا سٹ 4-6 سے ہاردیا جس کے ساتھ ہی میزبان شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا تاہم بیلاروسی کھلاڑی نے اپنی حریف کو 6-3, 6-1 سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنلس میں جگہ بنالی ۔ دوسری طرف کم عمر امریکی سلونی نے بھی کامیابی کیلئے 3 سٹوں تک مقابلہ کیا اور ہمت نہیں ہاری ۔ امریکی کھلاڑی نے اپنی حریف میرینا ایراکووچ کو 6-4, 6-7 (5/7), 6-3 سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں پیشقدمی کی اور وہ پری کوارٹر فائنلس میں پہنچنے والی چوتھی امریکی کھلاڑی ہے ۔ دریں اثنا مردوں کے تیسرے دور میں جاپان کے کیئی نشیکوری نے بینوئی پیری کو 6-3, 6-7 (3/7), 6-4, 6-1 سے ہراکر مردوں کے زمرہ کے آخری 16 کھلاڑیوں میں اپنی جگہ کو محفوظ کرلیا ۔ قبل ازیں کل شب کھیلے گئے خواتین کے میاچس میں 14 ویں درجہ کی سربیائی اناایوانووچ ، 8 ویں درجہ کی اینجلک کربر اور روس کی سویتلانا کزنیتسووا نے اپنی حریفوں کو شکست دے کر ٹورنمنٹ کے آخری 16 کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنالی ۔ ایوانووچ نے ورجینی رزانو کو سیدھے سٹوں میں 6-3, 6-2 سے تیسرے دور میں ہرادیا جبکہ اینجلک کربر نے ورورا لپچنکو کے خلاف سخت مقابلہ میں 6-4, 6-7 (3/7), 6-4 سے جیت حاصل کی ۔ روس کی سویتلانا کزنیتسووا نے بوایانا یوانوسکی کو راست سٹوں میں 6-4, 6-7 (7/2) سے ہراکر ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ۔ رابرٹا ونسی نے پٹرا سٹکوسکا کو 6-1, 2-6, 6-2 سے ہرایا ۔ ساراایرانی نے جس کا 5 ویں درجہ ہے، سبین لسیکی کو 6-0, 6-4 سے شکست دے دی ۔ مردوں کے تیسرے دور میں سیکنڈ سیڈ راجر فیڈرر نے جولین بنیتیو کو 6-3, 6-4, 7-5 سے ہرایا۔ نیکولس المگرو نے ایندرے سپی کو 7-6 (7/1), 6-0, 6-4 سے شکست دے دی ۔

ویسٹ انڈیز کیلئے زیادہ سے زیادہ رن بنانا چاہتا ہوں : کرس گیل
لندن
چمپئنس ٹروفی میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل نے ٹورنمنٹ کے شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے ارادے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا واحد نشانہ رن، رن اور صرف رن بنانا ہے۔ حالیہ اختتام پذیر انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر رہے گیل نے کہا کہ ان کا نشانہ ویسٹ انڈیز کیلئے سب سے زیادہ رن بنانا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں میں انہوں نے رنوں کے معاملہ میں اپنی ٹیم کو زیادہ تعاون نہیں دیا ہے لیکن امید ہے کہ وہ اس ٹورنمنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گیا ور کافی رن بنائیں گے۔ ٹوئنٹی 20 میاچس کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ رکھنے والے گیل نے نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو ونڈے سیریز کے دوسرے میاچ میں 125 رن کی اننگز کے علاوہ دیگر تینوں میاچس میں اچھی بیاٹنگ نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چمپئنس ٹروفی کیلئے وہ خود پر زیادہ دباؤ محسوس نہیں کررہے ہیں اور ان مقابلوں کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے چمپئنس ٹروفی کے 14 میاچس میں سب سے زیادہ 695 رن بنائے ہیں۔ گیل نے چمپئنس ٹروفی کے نئے ضابطوں کے بارے میں کہا کہ ان کے پاس اس کی کتاب ہے لیکن وہ نئے ضابطوں کے بارے میں نہیں پڑھ پائے۔ انہوں نے کہاکہ مجھ پر ٹورنمنٹ میں ٹیم کو اچھی شروعات دینے کی ذمہ داری ہے اس لئے ضروری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اوورس کھیلیں اور میدان میں موجود رہنے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو چمپئنس ٹروفی کیلئے پول بی میں رکھا گیا ہے جہاں اسے اپنا پہلا میاچ 7 ؍ جون کو پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔

رونالڈو کا مومی مجسمہ میڈرڈ کے میوزیم میں
میڈرڈ
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اب میڈرڈ کے ویکس میوزیم میں اپنے شائقین کو تفریح کا سامان فراہم کریں گے۔ دراصل لندن کے معروف مادم تھساد میوزیم میں دنیا کی اہم شخصیات کے ساتھ رونالڈو کا بھی موم کا مجسمہ موجود ہے لیکن اب میڈرڈ ویکس میوزیم بھی اس اسٹار کھلاڑی کا موم کا مجسمہ تیار کرے گا۔ رونالڈو نے میڈرڈ کے ویکس میوزیم سے اس سلسلہ میں معاہدہ بھی کیا اور ان کا مجسمہ تیار کرنے والے ماہرین نے رونالڈو کے جسم کی پیمائش کی اور ان کے جسم سے متعلق تمام باریکیوں کی جانکاری حاصل کی۔

ممبئی
ہندوستانی کرکٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے خلاف ملک میں پولس کی کارروائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس معاملہ میں نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ ممبئی کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ کام کرنے والے ایک اعلیٰ کرکٹ منتظم زیر حراست بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ کے ساتھ رابطہ میں تھے۔ تازہ انکشافات کے تحت پولیس عہدیدار نے کہا کہ وندو اور اعلیٰ منتظم کی 2011 میں آپس میں کافی بات چیت رہتی تھی۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا وندو کے کرکٹ کے رابطہ معطل چینائی سوپر کنگس کے مشترکہ مالک گروناتھ میاپن سے بالاتر بھی تھے تاہم پولیس نے منتظم کے کا نام افشا نہیں کیا ہے۔ آفیسر نے یہ بھی بتایا ہے کہ وندو 2011 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے سٹہ بازی میں ملوث رہا ہے۔ اس کے کال ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ اس نے اعلیٰ کرکٹ تنظیم کے ساتھ متعدد بار بات چیت کی تھی۔ قبل ازیں یہ انکشاف ہوا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی پی ایل 2013 شروع ہونے پر مئی اپن کو خبردار تھا کہ وہ سٹہ بازوں سے دور رہیں۔ اس دوران ممبئی کرائم برانچ نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث 5 لاپتہ سٹہ بازوں کو تلاش کرنے کیلئے ان کے خلاف نوٹس (ایل او سی) جاری کیا تاکہ وہ ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔ ممبئی پولیس کے ترجمان ستیہ نارائن چودھری نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف نوٹس جاری کئے جانے سے یہ فائدہ ہوگا کہ اگر وہ ملک سے باہر چلے گئے تو ملک میں داخل ہونے کے وقت ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ بہرحال چودھری نے ان سٹہ بازوں کے نام بتانے سے انکار کردیا جن کے خلاف نوٹس جاری کی گئی ہے۔ پولیس نے پون اور سنجے جے پور نامی سٹہ بازوں کے خلاف پہلے ہی مذکورہ نوٹس جاری کررکھا ہے جو سٹہ بازی کے معاملہ میں پہلی چند گرفتاریوں کے بعد سے فرار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کشور بگلانی عرف کشور پونے اور چندریش شاہ عرف جیوپیٹر نامی سٹہ بازوں سے متعلق خیال ہے کہ وہ غیر ممالک میں چھپے ہوئے ہیں۔ مذکورہ نوٹس سے یہ بات یقینی ہوجاتا ہے کہ جیسے ہی کوئی فرد ملک چھوڑنے کی کوشش کرتا ہے امیگریشن حکام پولیس کو چوکس کردیتے ہیں۔ اس نوٹس میں مشتبہ شخص کے نام کے ساتھ یہ بھی درج رہتا ہے کہ اس کا قد کتنا ہے، چہرہ کیسا ہے، رنگ کیسا ہے اور دیکھنے میں کیسا لگتا ہے۔ انڈین پریمئر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ اور سٹہ بازی کے سلسلہ میں ممبئی کرائم برانچ نے آج دوبارہ چینائی کے ایک ہوٹل کے مالک وکرم اگروال سے پوچھ تاچھ کی۔ اگروال کو سٹہ بازی حلقہ میں وکٹر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ آئی پی ایل میاچس میں اس کے رول سے متعلق جمعہ کی رات بھر بی سی سی آئی کے سربراہ این سرینواسن کے داماد گروناتھ میاپن کے ساتھ پوچھ تاچھ کی گئی۔

ثانیہ مرزا جوڑی کو فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلس پہلے ہی دور میں شکست
پیرس
ہندوستانی ٹینس کی سرکردہ خاتون کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کے جوڑی دار سوئیڈن کے رابرٹ لینزٹیڈ کو پہلے ہی راؤنڈ میں شرمناک شکست کے ساتھ فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلس زمرہ سے باہر ہونا پڑا۔ مکسڈ ڈبلس کے پہلے راؤنڈ میں ثانیہ اور رابرٹ کو ٹاپ سیڈ دی گئی تھی۔ پہلے راؤنڈ کے مقابلہ میں کارا بلیک اور ان کے جوڑی دار اعصام الحق قریشی کی غیر سیڈیڈ جوڑی نے انہیں ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت تک چلے مقابلہ میں راست سٹوں میں 6-2, 6-3 سے شکست دی۔ بلیک ۔ قریشی کی جوڑی کا دوسرے راؤنڈ میں سامنا رومانیا کی سورانا کرسٹی اور ڈیوڈ میرر یا تائیپی کے سوویے وی سی اور ڈنمارک کی ان کی جوڑی دار فیڈررک نیلسن کے درمیان کھیلے جانے والے میاچ کی فاتح جوڑی سے ہوگا۔ حالانکہ ثانیہ مرزا سے ہندوستانی امیدیں ابھی بھی وابستہ ہیں۔ ثانیہ ویمنس ڈبلس زمرہ میں اپنی امریکی جوڑی دار بیتھانی ماٹک سینڈس کے ساتھ پہلے راؤنڈ میں فرانسیسی جوڑی الیز کارنیٹ اور ورجنی رزانو سے کھیلیں گی۔ خواتین کے ڈبلس زمرہ میں ہند ۔ امریکی جوڑی ثانیہ مرزا اور بیتھانی ماٹک سینڈس کو 7ویں سیڈ دی گئی ہے۔

9 players qualify for World Athletics Championship to be held at Moscow

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں