مرکزی کابینہ میں عنقریب رد و بدل کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

مرکزی کابینہ میں عنقریب رد و بدل کا امکان

وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کابینی ردو بدل کا اشارہ دیا ہے۔ کانگریس ذرائع نے بتایاکہ 15 جون تک کابینہ میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے، کیونکہ پون کمار بنسل اور اشونی کمار کے استعفیٰ کے بعدکئی قلمدان مخلوعہ ہیں۔ یوپی اے کے اعلیٰ قائدین میں اس مسئلہ پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ بعض وزیروں کو زائد ذمہ داریوں سے بری کیا جائے گا۔ عارضی طورپر بعض وزراء کو زائد قلمدان دئیے گئے ہیں۔ حکومت موجودہ حالت میں کوئی سخت فیصلے کرنے کے حق میں نہیں، کیونکہ فوڈ سکیورٹی بل اور تلنگانہ جیسے مسائل پر فیصلے لینا باقی ہے۔ داخلی مشاورت کے بعد غالب امکان ہے کہ کابینی توسیع یا ردوبدل پر غور کیا جاسکتا ہے۔ آئندہ سال چوں کہ لوک سبھا انتخابات منعقد ہونے والے ہیں، اس کے پیش نظر بعض مرکزی وزراء کو پارٹی کو مستحکم کرنے کی ذمہ داری سونپ دی جاسکتی ہے اور وزارت سے علیحدہ کیا جاسکتاہے۔ کابینہ کی یہ آخری توسیع بھی ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی صلاح و مشاورت میں سرگرم ہیں۔ فوڈ سکیورٹی بل مکمل کرانا فی الحال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اگر پارلیمنٹ میں بل کو منظوری حاصل نہیں ہوتی تو اس صورت میں صدارتی آرڈنینس کی اجرائی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ وزیر پارلیمانی امور کمل ناتھ اپوزیشن کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ سکیورٹی بل منظور کروایا جاسکے۔ اسی دوران بی جے پی نے پارلیمنٹ کا قبل از وقت مانسون اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر سشما سوراج نے کہاکہ ان کی پارٹی خود سکیورٹی بل تائید کیلئے تیار ہے۔ اگر حکومت مانسون اجلاس قبل ازوقت منعقد کرتی ہے تو بہتر ہوگا۔

Union Cabinet reshuffle expected soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں