امریکہ ایران سے نیوکلیر مذاکرات کے لیے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-19

امریکہ ایران سے نیوکلیر مذاکرات کے لیے تیار

امریکی صدر بارک اوباما نے آج کہاکہ واشنگٹن تہران کے ساتھ P5+1 نیوکلیر مذاکرات یا باہمی ذریعوں سے بات چیت کیلئے تیار ہے۔ امریکی صدر نے یہ بیان نومنتخب ایرانی صدر کی جانب سے ملک کے نیوکلیر پروگرام پر کھلا ذہن رکھنے کا عندیہ دینے کے ایک دن بعد دیا ہے۔ تاہم اوباما ایران کی نئی قیادت کے ساتھ اپنی حکمت عملی میں محتاط نظر آئے اور یہ نشاندہی کی کہ اصل طاقت ہنوز رہبر اعلیٰ کے پاس ہے اور ایران کو بین الاقوامی برادری کو یہ دکھانے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے عہد پر کاربند ہے۔ اوباما نے مقبول عام چارلی روز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا "ہم P5+1 اور باہمی دونوں طریقوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ اوباما نے کہا ہے کہ ایران میں ملک کیے نئے صدر کے طورپر ایک اعتدال پسند رہنما کا انتخاب اس بات کی علامت ہے کہ ایرانی عوام اپنا سمت سفر بدلنا چاہتے ہیں۔ اوباما نے بہرحال اس یقین کا اظہار نہیں کیا کہ آیا اس طرح ایران کے نیوکلیائی عزائم کے تعلق سے بھی بات بنے گی۔ اوباما نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ایران کے نیوکلیائی پروگرام پر بات چیت کیلئے تیار ہیں تاہم اسے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ نیوکلیائی ہتھیار نہیں بنارہا ہے۔ اوباما نے کہا کہ بات چیت کی بنیاد کے تعلق سے جب تک مفاہمت ہے وہ نہیں سمجھتے کہ آگے کیوں نہیں بڑھا جاسکتا۔ پچھلے ہفتے کے الیکشن میں محمود احمدی نژاد کے جانشین کی حیثیت سے ایرانی رہنما حسن روحانی کی غیر متوقع انتخابی کامیابی کو پہلی نظر میں امریکہ نے مثبت ٹھہرایا ہے۔ اوباما نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایرانی عوام سمت سفر بدلنا چاہتے ہیں۔ الیکشن میں ایرانی عوام نے سخت گیروں کو مسترد کیا ہے۔ آیت علی خامنہ ای چونکہ بدستور سپریم لیڈر ہیں اس لئے دیکھنا ہوگا کہ ہفتوں، مہینوں اوربرسوں میں تبدیلیوں کا رخ کس طرف رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس بات کا امکان ہے کہ ایرانی مزید ٹھوس اور سنجیدہ طورپر معاملات کئے جائیں۔ یہ انٹرویو اتوار کو ٹیپ کیا گیا تھا اور سرکاری براڈ کاسٹنگ سرویس پر پیر کو نشر کیاگیا۔

US Seems Eager for Nuclear Talks With Iran's New Leader

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں