سرینواسن- آئی سی سی میں ہندوستان کی نمائندگی برقرار رکھیں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

سرینواسن- آئی سی سی میں ہندوستان کی نمائندگی برقرار رکھیں گے

این سرینواسن اپنے داماد گروناتھ میاپن کے خلاف اسپاٹ فسکنگ کی جانچ مکمل ہونے تک ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی صدارت سے بے شک بورڈ سے عارضی طور پر علحٰدہ ہوگئے ہوں تاہم کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں وہ ہندوستان کی نمائندگی برقرار رکھیں گے۔ اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں اتوار کو چینائی میں بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں سرینواسن تحقیقات مکمل ہونے تک عہدہ سے الگ ہونے کو تیار ہوگئے۔ اس دوران بنگال کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر جگموہن ڈالمیا، بورڈ کے کارگزار صدر بنائے گئے ہیں۔ ڈالمیا کو بورڈ کے روز مرہ کے کام کاج سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں سرینواسن ہی ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس دوران ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے روی ساونت نے کرک انفو کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی کہ سرینواسن، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگوں میں ہندوستان کی نمائندگی برقرار رکھیں گے۔ ساونت نے اس کے پیچھے اسباب کا کوئی تذکرہ تو نہیں کیا تاہم کہا کہ گذشتہ برسوں میں سرینواسن، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگوں می حصہ لیتے رہے ہیں اس لئے آئندہ میٹنگوں میں ان کی ہی شرکت مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں تبدیلی کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جس وقت سرینواسن پر استعفٰی کیلئے دباؤ بنایا جارہا تھا تو اس وقت سرینواسن نے اپنی 3 شرطیں رکھیں تھیں جس میں ایک شرط یہ بھی تھی کہ مستعفی ہونے کی صورت میں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں نمائندگی دی جائے۔ ان کی اس شرط کو تسلیم کیا جانا کافی اہم ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس چمپئنس ٹروفی کے اختتام پر لندن میں 25 تا 29 جون منعقد ہوگا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس میٹنگ میں سرینواسن ہندوستان کی نمائندگی کرنے کیلئے جاتے ہیں یا نہیں۔ اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں ہر طرف سے استعفٰی کے مطالبہ کے بعد اتوار کو چینائی میں منعقد ہونے والی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں موجود ارکان میں سے صرف آئی ایس بندرا نے ہی سرینواسن سے استعفٰی طلب کیا تھا مابقی کسی رکن نے ان سے استعفٰی نہیں مانگا تھا۔ سرینواسن نے اپنی جگہ عارضی طور پر دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے صدر اور بورڈ کے نائب صدر ارون جیٹلی کو صدر بنانے کی تجویز رکھی تھی جنہوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے جگموہن ڈالمیا کو عارضی صدر بنانے کی تجویز پیش کی۔

Srinivasan to remain BCCI's face at ICC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں