چمپئنس ٹروفی میں آج ہند ۔ آسٹریلیا پریکٹس میاچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-04

چمپئنس ٹروفی میں آج ہند ۔ آسٹریلیا پریکٹس میاچ

چمپئنس ٹروفی کرکٹ ٹورنمنٹ کیلئے اپنے پہلے پریکٹس میاچ میں سری لنکا کو 5 وکٹ سے شکست دینے کے بعد کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم انڈیا کل منگل کو آسٹریلیا کے خلاف اپنے دوسرے و آخری پریکٹس میاچ میں اپنی تیاریوں کو قطعی شکل دینے میدان پر اترے گی۔ ہندوستان نے برمنگھم میں سری لنکا کے خلاف پہلے پریکٹس میاچ میں 333 رن کے اسکور کا کامیابی سے تعاقب کیا تھا۔ ویراٹ کوہلی اور دنیش کارتک نے شاندار سنچریاں بناکر ہندوستان کو شاندار جیت دلائی تھی۔ اس جیت میں گیندبازوں اور اوپننگ بیاٹسمنوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ دھونی گیندبازوں کی ناقص کارکردگی پر اپنا ردعمل ظاہر کرچکے ہیں اور اس میاچ میں ہندوستانی بولرس کو خاص طور سے تیزگیندبازوں کو اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان کا پہلا مقابلہ جنوبی آفریقہ جیسی مضبوط ٹیم سے 6 جون کو کھیلا جائے گا۔ جنوبی آفریقہ بیاٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبوں میں مضبوط نظر آتی ہے۔ ایسے میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف اس پریکٹس میاچ میں اپنی کارکردگی کا معیار مزید بلند کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا اپنے پہلے پریکٹس میاچ میں ویسٹ انڈیز کو 67 گیندیں باقی رہتے 4 وکٹ سے شکست دے چکی ہے۔ آئی پی ایل میں شاندار بیاٹنگ کرنے والے آل راونڈر شین واٹسن نے صرف 98 گیندوں میں میاچ جتانے والے 135 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کو اس آل راونڈر سے خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کے پہلے پریکٹس میاچ میں اوپنرس شکھردھون اور مرلی وجئے جلد آوٹ ہوگئے تھے جبکہ دنیش کارتک ناٹ آوٹ سنچری بناکر قطعی 11 میں اپنی دعویداری پیش کرچکے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف چاروں گیندباز عرفان پٹھان، بھونیشور کمار، ایشانت شرما اور ونئے کمار کی کارکردگی میں کوئی دم نہیں دکھائی دیا۔ ٹورنمنٹ میں قطعی 11 میں 4 تیزگیندبازوں کو شامل کیا جائے گا ایسے میں عرفان، بھونیشور، ایشانت، ونئے اور یادو کے درمیان سخت مقابلہ رہے گا۔ اسپنرس کیلئے آف اسپنر روی چندرن اشون اور لیگ اسپنر امیت مشرا کے درمیان مقابلہ رہے گا۔ آل راونڈر اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ ٹیم میں اسپن کے متبادل کے طور پر رہیں گے۔ یہ دیکھنا دلچسب ہوگا کہ کپتان دھونی آئی پی ایل میں کامیاب اسپنر مشرا اور چینائی سوپر کنگس کے اپنی ٹیم کے ساتھی اشون میں سے کسی کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں ہی ٹیمیں اس پریکٹس میاچ میں جیت حاصل کرکے اپنے مضبوط ارادے ظاہر کرنے کی کوشش کریں گی۔

پی سی بی نے غلطی سے 2012ء کے سنٹرل کنٹراکٹ جاری کر دیئے گئے
کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے اپنے کرکٹرس کو انگلینڈ روانگی سے قبل غلطی سے گزشتہ برس یعنی 2012ء کے سنٹرل کنٹراکٹ جاری کردیئے۔ اس قانونی خامی کو دور کرنے کیلئے کرکٹرس کو معاہدے کے نئے دستاویزات انگلینڈ بھیج دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کی برطانیہ روانگی سے ایک دن قبل کھلاڑیوں سے نئے معاہدوں پر دستخط کرائے گئے، اس وقت تک کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹراکٹ کے زمرہ کا بھی علم نہ تھا۔ باخبر ذرائع کے مطابق بعد میں انکشاف ہوا کہ پی سی بی کے حکام نے جن معاہدوں پر دستخط کرائے ہیں وہ 2013ء کے بجائے 2012ء کے ہیں۔ جس وقت حکام کو اس غلطی کا احساس ہوا، کھلاڑی برطانیہ جاچکے تھے لہٰذا تکنیکی اور قانونی خامی کو دور کرنے کیلئے 2013ء کی تاریخ والے نئے سنٹرل کنٹراکٹ انگلینڈ بھجوائے گئے جہاں کھلاڑیوں نے دوبارہ ان معاہدوں پر دستخط کرکے دستاویز ٹیم انتظامیہ کے حوالے کئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مسودے کی طرح اس بار بھی کھلاڑیوں کو دستخط کیلئے ایک ہی صفحہ دیا گیا۔ کھلاڑیوں نے پی سی بی حکام سے شکایت کی کہ ہر دورہ کے بعد جب وہ گھر لوٹتے ہیں تو چند دن بعد سنٹرل بورڈ آف ریوینیو سے نوٹس آجاتا ہے لہٰذا سنٹرل کنٹراکٹ میں ٹیکس کے معاملات کو واضح کرکے انہیں اذیت سے بچایا جائے کیونکہ پی سی بی ان کے معاوضوں سے کٹوتی کرلیتا ہے تاہم سنٹرل بورڈ آف ریوینیو انہیں نوٹس جاری کردیتا ہے۔ میڈیا میں نام آنے سے عام لوگوں میں یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ ٹیکس وقت پر ادا نہیں کرتے حالانکہ صورتحال اس کے برعکس ہوتی ہے۔

بی پی ایل : ڈھاکہ اور چٹاگانگ میاچ فکسڈ تھا : کوچ محمد رفیق
ڈھاکہ
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق لیفٹ آرم اسپنر اور ڈھاکہ گلیڈی ایٹر کے کوچ محمد رفیق نے اعتراف کیا کہ انہیں اس بات کا علم تھا کہ بنگلہ دیش پریمئر لیگ میاچ میں ان کی ٹیم ڈھاکہ اور چٹاگانگ کنگس کے درمیان میاچ فکس تھا لیکن انہوں نے خود کے ملوث ہونے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلیڈی ایٹر کے انگلش کوچ ایان پونٹ کے علاوہ چند دیگر کھلاڑی بھی جانتے تھے کہ وہ میاچ فکسڈ تھا۔ دوران کھیل میں نے کوچ سے کہا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے تو فوری جواب ملا کہ اگر مالکان ہارنا چاہتے ہیں تم ہم کیا کریں، کچھ اور کھلاڑیوں کو معلوم تھا کہ یہ میاچ فکسڈ ہے مگر وہ اس لئے خاموش رہے کہ انہیں اس وقت تک ان کی رقم نہیں ملی تھی۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیشی ٹیم میں ان کی شمولیت مشکل ہوجاتی کیونکہ بی پی ایل کا میاچ اس سے مربوط تھا۔ فروری 2008میں ریٹائرڈ ہوچکے رفیق نے مزید کہا کہ اس جرم میں کئی سرکردہ کھلاڑی بھی ملوث تھے مگر انہوں نے نام بتانے سے احتراز کیا۔

میاپن اور وندو کی عدالتی تحویل میں 14 جون تک توسیع
آئی پی ایل اسکنڈل میں پولیس ریمانڈ بڑھانے کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی
ممبئی
آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اور سٹہ بازی اسکنڈل میں گرفتار گروناتھ میاپن ، اداکار وندو داراسنگھ اور دیگر 2 افراد کی پولیس تحویل میں توسیع کیلئے کرائم برانچ کی درخواست آج ایک مقامی عدالت نے مسترد کردی اور انہیں 14 جون تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا۔ ایڈیشنل میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ایم این سلیم نے یہ بات محسوس کی کہ ان ملزموں کو پولیس کی تحویل میں اور کچھ دن کیلئے دینے کی کوئی بنیاد نہیں رہ گئی ہے اس لئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیجا جارہا ہے۔ پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ مفرور سٹہ بازوں سنجے اور پون جے پور اور چندریش پٹیل عرف جوپیٹر کو تلاش کرنے اور ان مالی لین دین کا پتہ لگانے کیلئے ان ملزموں کو مزید کچھ روز پولیس کی تحویل میں رکھنے کی ضرورت ہے تاہم وکلائے صفائی نے یہ دلیل پیش کی کہ پولیس کو ان ملزمین کی جتنے دنوں کیلئے تحویل چاہئے تھی اتنے دن کیلئے تحویل دی جاچکی ہے، ان تمام ملزموں کو قابل ضمانت الزامات کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان کو مزید پولیس تحویل میں دینے کے بجائے عدالتی حراست میں بھیج دیا جائے۔ عدالت میں میاپن، بندو، حوالہ آپریٹر الپیش کمار پٹیل اور سٹہ بازوں کے بچولیے پریم تنیجا کو 14 جون تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم سنایا۔ ان تمام ملزموں کے وکلائے صفائی نے عدالتی حکم کے بعد ان کی ضمانت کیلئے درخواست پیش کی۔ میاپن، انڈین پریمئر لیگ کی ایک ٹیم چینائی سوپر کنگس کے شریک مالک بھی ہیں جنہیں ممبئی کرائم برانچ کو وندو داراسنگھ کے یہ بتانے کے بعد کہ انہوں نے میاپن کی طرف سے بولی لگائی تھی، آئی پی ایل سٹہ بازی اسکنڈل میں ملزم بنایا گیا۔

جسٹس چوٹا کی اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات سے معذرت
نئی دہلی
جسٹس جیارام چوٹا نے آج سہ رکنی پیانل کی جانب سے اس بنا پر آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں چھان بین سے معذرت چاہی کہ بی سی سی آئی نے سابق سکریٹری سنجے جگدالے کا نعم البدل مہیا نہیں کرایا ہے جو اپنے عہدہ سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ جسٹس چوٹا نے یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی کہ بی سی سی آئی نے اب تک آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ معاملہ کی چھان بین کیلئے دائرہ کار کا تعین نہیں کیا ہے۔ انہو ں نے پہلے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ بی سی سی آئی تحقیقات کے معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے اسپاٹ فکسنگ کی جانچ کیلئے جو سہ رکنی کمیٹی قائم کی تھی اس میں جسٹس چوٹا کے علاوہ جسٹس بالا سبرامنیم اور بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے جگدالے بھی شامل تھے مگر جگدالے نے تنازعات کی وجہ سے گزشتہ ہفتہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ بی سی سی آئی کے خزانچی اور آئی پی ایل کمشنر راجیو شکلا بھی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔

اعصام الحق ، فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلس کوارٹر فائنل میں داخل
پیرس
پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور زمبابوے کی ان کی جوڑی دار کارا بلیک نے فرنچ اوپن کے مکسڈ ڈبلس کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

نئی دہلی
دہلی پولیس نے آج ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق سکریٹری سنجے جگدلے سے بات چیت کی اور اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل جس کی وہ تحقیقات کررہی ہے، سے متعلق آئی پی ایل ٹورنمنٹ کی آمدنی کے طریقہ کار کو سمجھنے کی کوشش کی ۔ دہلی پولیس کے ذرائع نے کہا کہ آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلس، بورڈ اور کرکٹرس کے درمیان سہ فریقی معاہدہ میں بی سی سی آئی کے رول کے بارے میں پتہ چلانے کیلئے ہم نے آج جگدلے کو طلب کیا ۔ دہلی پولیس نے آئی پی ایل کے سی ای او سندر رامن کو بھی جگدلے کے ساتھ طلب کیا تاکہ کچھ اہم معلومات حاصل کی جائیں ۔راجستھان رائلس نے اپنے 3 کھلاڑیوں ایس سریسانت، اجیت چنڈیلا اور انکت چوہان کے خلاف حال ہی میں مختتم انڈین پرئمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ان کے اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کو معاہدہ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کی ۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ انھیں پوچھ تاچھ کیلئے نہیں بلایا گیا بلکہ ہم کچھ امور کے بارے میں واقفیت حاصل کرنا چاہتے تھے ۔

ممبئی
ممبئی پولیس نے مبینہ سٹہ باز کشور بدلانی کو آج آئی پی ایل سٹہ بازی کے اسکینڈل میں گرفتار کرلیا اور ایک مقامی عدالت نے اسے6 جون تک پولیس تحویل میں دے دیا ۔ بدلانی عرف کشور پونے کو آج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پولیس کی کرائم برانچ نے صبح میں حراست میں لے لیا اور بعد ازاں گرفتار کرتے ہوئے دوپہرمیں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بدلانی اسپاٹ فکسنگ ریاکٹ میں اپنا نام منظر عام پر آنے کے بعد یورپ کو روانہ ہوگیا تھا اور آج اس کی واپسی پر اسے حراست میں لے لیا گیا ۔ کرائم برانچ کے عہدیداران نے کہا کہ اس کی گرفتاری سے ہندوستان اور پاکستان میں سٹہ بازوں کے درمیان مبینہ تعلقات پر روشنی پڑسکتی ہے ۔ پولیس تحویل میں لینے کیلئے کرائم برانچ کی جانب سے عدالت میں داخل کی گئی درخواست کے مطابق بدلانی نے جعلی دستاویزات داخل کئے اور سم کارڈ داخل کرتے ہوئے اسے سٹہ بازی کیلئے استعمال کیا ۔ بدلانی کے پاس سے 4 موبائل فونس برآمد کئے گئے جسے اس نے پاکستان میں سٹہ بازوں سے بات کرنے کیلئے استعمال کیا تھا ۔ کرائم برانچ نے مزید کہا کہ بدلانی کی تحویل اس لئے ضروری ہے کہ ہندوستان اور پاکستان میں سٹہ بازوں کے درمیان مالیاتی لین دین کا جائزہ لیا جائے ۔ تاحال ممبئی پولیس نے آئی پی ایل سٹہ بازی میں 13 افراد کو گرفتار کرلیا جس میں گروناتھ میاپن بھی شامل ہے جو سی ایس کے ٹیم کے مالک این سرینواسن کا داماد ہے ۔ سرینواسن نے کل بی سی سی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے عہدہ چھوڑدیا ۔

گلکرسٹ اور گونی کو میاچ فکسنگ کیلئے ترغیب دینے کی کوشش کی : وندو
ممبئی
آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کرنے والی ممبئی کرائم برانچ نے آج انکشاف کیا کہ اداکار وندو دارا سنگھ نے کنگس الیون پنجاب کے 2 کرکٹرس ایڈم گلکرسٹ اور منپریت گونی کو میاچس فکسڈ کرنے کیلئے ترغیب دینے کی کوشش کی ۔ ممبئی پولیس کے ایک عہدیدار کے حوالہ سے بتایا گیا جس میں انھوں نے کہا کہ کچھ مہینے قبل وندو نے منپریت گونی اور ایڈم گلکرسٹ کو شہر میں الیکٹرانک اشیاء کی شروعات کیلئے مدعو کیا جہاں پر شرکاء کو قیمتی گھڑیاں تحفہ میں دی گئیں۔ عہدیدار نے کہا کہ وندو نے دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی تاکہ انھیں مستقبل میں استعمال کیا جائے لیکن دونو ں نے اس کی ترغیب پر مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا ۔ ممبئی پولیس کے مطابق وندو کے کرکٹرس، امپائرس اور مختلف ٹیموں کے حکام کے ساتھ گہرے مراسم تھے ۔ بالی ووڈ اداکار جسے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا ہے، سمجھا جاتا ہے کہ 1990ء میں سٹہ بازی اور فکسنگ میں ملوث ہے ۔ ٹی وی ریالیٹی شو "بگ باس" کا ونر وندو بتایا جاتا ہے کہ کھلاڑیوں اور ٹیم کی حکمت عملی کے بارے میں سٹہ بازوں کو واقف کراتا تھا ۔ وندو کی گرفتاری کے بعد کئی چونکا دینے والے انکشافات ہوئے جس کے نتیجہ میں گروناتھ میاپن کی گرفتاری عمل میں آئی ۔

لندن
وکٹ کیپر ، جارح بیاٹسمن اور ٹسٹ، ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی ایک ہی وقت میں مختلف ذِمہ داریوں کو نبھانے میں ماہر ہیں ۔ انگلینڈ اینڈ ویلس میں اس ہفتہ شروع ہونے والی چمپئنس ٹروفی میں اب دھونی پر اپنے آجرین کے مبینہ گناہوں کی مدافعت کے ساتھ ایک اور بھاری بوجھ عائد رہے گا۔گزشتہ مہینے 3 کھلاڑیوں جن میں ٹسٹ بولر ایس سریسانت شامل ہیں، کی گرفتاری کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ میں ہلچل مچ گئی ۔ ان کھلاڑیوں کو ٹی 20 لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا ۔ اتوار کو ایک اور مشکل آن پڑی جب این سرینواسن نے اپنے داماد گروناتھ میاپن کے غیرقانونی سٹہ بازوں کے ساتھ تعلقات کی تحقیقات کی تکمیل تک اپنا عہدہ چھوڑدیا ۔ چینائی سوپر کنگس ، سرینواسن کی ملکیت والی انڈیا سیمنٹس کی ٹیم ہے ۔ میاپن کو ٹی 20 لیگ کی فرنچائس ٹیم چینائی سوپر کنگس کا "ٹیم مالک" کا درجہ دیا گیا جو سرینواسن کے کاروباری ادارہ کی ملکیت ہے ۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا نتیجہ یہ تھا کہ سرینواسن کے خلاف ہندوستانی بورڈ میں بغاوت ہوگئی ۔ واضح رہے کہ دھونی ، انڈیا سیمنٹس کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی کام کرتے ہیں ۔ دھونی نہ صرف ہندوستان اور چینائی سوپر کنگس کے کپتان کی حیثیت سے بلکہ انڈیا سیمنٹس کے نائب صدر جس پر انھیں اسی سال کی شروعات میں فائز کیا گیا، کی حیثیت سے سرینواسن کے ساتھ خصوصی تعلقات رکھتے ہیں ۔جمعرات کو کارڈیف میں جنوبی آفریقہ کے خلاف چمپئنس ٹروفی میں ہندوستان کی حکمت عملی کی جہاں دھونی تیاری کررہے ہیں وہیں وہ اپنے وطن میں اسکینڈل کے بارے میں پوچھے گئے سوالات سے بچنے کی بھی کوشش میں مصروف ہیں ۔ ایم ایس دھونی ان سوالات کے جواب کے صحیح وقت کا انتظار کررہے ہیں ۔ گزشتہ ہفتہ انگلینڈ میں اپنی پہلی میڈیا کانفرنس میں دھونی نے اسپاٹ فکسنگ پر پوچھے گئے سوالات پر کہا تھا کہ جب بھی صحیح وقت آئے گا تو میں اس کا جواب دوں گا۔ سورو گنگولی جنھوں نے 2010ء میں میاچ فکسنگ اسکینڈل کے بعد ہندوستان کے کپتان کا عہدہ سنبھالا اور وہیں سے اظہر الدین کا زوال شرو ع ہوا ۔ پھر جنوبی آفریقہ کے کپتان ہنسی کرونئے بھی میاچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے ، مگر وہ دھونی کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں ۔ گنگولی نے کہا کہ دھونی فی الحال مشکل موقف میں ہیں لیکن چینائی سوپر کنگس کی جانب سے ان کا انتخاب کیا گیا تو اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں ۔ گروناتھ میاپن میاچ فکسنگ میں ملوث ہیں تو اس میں دھونی کا کوئی قصور نہیں ۔ دھونی یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ 8قومی چمپئنس ٹروفی میں میدان پر وہ اور ان کی ٹیم بہتر مظاہرہ کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا کھویا ہوا وقار بحال کرسکتے ہیں ۔ یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہ ہوگی کہ اپنی ریاست جھارکھنڈ میں ریلوے ٹکٹ انسپکٹر کی حیثیت سے اپنا کیرئر شروع کرنے والے دھونی اب فوربس میگزین کے مطابق دنیا کے متمون ترین کرکٹر ہیں جن کی سالانہ آمدنی 26.5 ملین امریکی ڈالرس ہے ۔ دھونی نے ہندوستان کی کمان اس وقت سنبھالی جب اولین ورلڈ ٹوئنٹی 20 منعقدہ جنوبی آفریقہ میں سینئر کھلاڑیوں نے حصہ لینے سے انکارکردیا تھا اور وہاں انھوں نے ہندوستان کو متاثرکن کامیابی دلائی ۔ دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے 2007ء میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل جیتا پھر 2009ء میں دنیا کی نمبر ایک ٹیم بنی۔ 2011ء میں دھونی نے 50 اوورس کا ورلڈکپ ٹائٹل بھی جیت لیا جبکہ دھونی نے ممبئی میں کھیلے گئے اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف میاچ کی جیت کا چھکا لگایاتھا ۔ دھونی کو این سرینواسن کی مکمل تائید حاصل ہے جس پر وہ مسرور ہیں ۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا میں 4-0 سے شرمناک شکست کے بعد گزشتہ سال انگلینڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریز میں شکست ہندوستان کو اٹھانی پڑی اور اس کے بعد ان کو ہٹانے کے مطالبے شروع ہوگئے ۔ سرینواسن کی مداخلت کی وجہ سے دھونی نے نہ صرف کپتانی دوبارہ حاصل کی بلکہ اسی سال کی شروعات میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریزمیں حریف کو 4-0 سے روند ڈالا ۔ اب انھیں چمپئنس ٹروفی میں بھی اسی طرح کے مظاہرہ کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ سے اسپاٹ فکسنگ کے بدنما داغ کو مٹانا ہوگا ۔

نئی دہلی
ملک کے 15 تا 16 برس کے اسکولی طلبا نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ ان بچوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوریسٹ پر ترنگا لہرایا۔ عمر کے جس مرحلہ پر عام طور پر بچے کھیل کے میدانوں یا کمپیوٹر اور لیاپ ٹاپ پر اپنا وقت گزارتے ہیں، اس عمر میں ہماچل پردیش کے لارینس اسکول کے ان بچوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ ان میں ایک طالب علم راگھو جنیجا کی عمر 15 سال 7 مہینے ہے اور وہ اس طرح ماؤنٹ ایوریسٹ فتح کرنے والے سب سے کم عمر ہندوستانی کوہ پیمان بن گئے۔ ایوریسٹ فتح کرنے والے ان جوشیلے طلبا نے آج اخباری نمائندوں کے ساتھ کوہ پیمائی کے تجربات بیان کئے۔ طلبا کی اس ٹیم کے ایک طالب علم گریوال آکسیجن کے ماسک میں تکنیکی خرابی ہونے کے سبب ایوریسٹ فتح کرنے والی ٹیم میں شامل نہ ہوسکے۔ انہیں 27 ہزار 600 فٹ بلندی سے واپس لوٹنا پڑا۔ ان طلبا میں 16 سالہ اجے سوہل،17 سالہ پرتھوی چاہل، 16 سالہ شوبھم کوشک، 16 سالہ فتح برار، 15 سال 7 مہینے عمر والے راگھو جنیجا اور 17 سالہ گرعبادت سنگھ شامل ہیں۔ لارینس اسکول کے ان 7 طلبا کی ٹیم ایوریسٹ کو فتح کرنے نکلی تھی لیکن آکسیجن کے ماسک میں تکنیکی خرابی کے سبب ایک طالب علم اس کارنامہ کو انجام دینے سے محروم رہا اور دیگر 6 طلبا 21 / مئی کو اس کی چوٹی پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے ترنگا لہرایا۔

نئی دہلی
حالیہ مختتم انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے چھٹے سیزن میں اسپاٹ فکسنگ سے اٹھنے والا بحران ہندوستان کرکٹ میں دن بہ دن گہرا ہوتا جارہا ہے۔ یہ بحران سٹہ بازی سے گزرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر این سرینواسن کو عہدہ صدارت سے کچھ وقت کیلئے دور کرنے کے بعد اب ٹیم انڈیا کے کپتان مہندر سنگھ دھونی تک جاپہنچا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت انگلینڈ میں 6 جون سے شروع ہونے والی آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کیلئے پریکٹس میاچس میں مصروف ہیں۔ مہندر سنگھ دھونی ان مقابلوں میں ہندوستانی چیلنج پیش کرنے کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں لیکن وطن میں دھونی کا ایک معاملہ میں کردار کو لے کر طرح طرح کے سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دھونی نے اسپورٹس مارکٹنگ فرم ریٹی اسپورٹس میں 15 فیصد حصہ داری خریدی ہے، یہ فرم 4 ہندوستانی کرکٹرس آر پی سنگھ، سریش رائنا، رویندر جڈیجہ اور پراگیان اوجھا کے اسپانسر شپ امور کو دیکھ بھال کرتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان دھونی کے فرم میں حصہ داری خریدنے کے معاملہ کے بعد مفادات کے تصادم کو لے کر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ حالانکہ اس معاملہ میں دھونی کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم آر پی سنگھ نے اپنے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ وہ نہیں جانتے کہ اس خبر میں کیا صحیح ہے اور کیا غلط لیکن وہ صرف اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ وہ رٹی اسپورٹس کے ساتھ نہیں ہیں۔

کولکاتا
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عبوری صدر جگموہن ڈالمیا نے آج یہاں کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کی ساکھ بحال کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بی سی سی آئی کے سابق صدر اور بنگال کرکٹ اسوسی ایشن کے موجودہ صدر ڈالمیا نے آج یہاں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کی موجودہ صورتحال ان کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ حالیہ مختتم انڈین پریمئر لیگ کے چھٹے سیزن میں اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ کی ساکھ کو جو نقصان پہنچا ہے اس کی تلافی سب سے زیادہ ضروری کام ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ان کا تقرر یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ بے قصور تھے اور انہیں غیر آئینی طریقہ سے ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے ہٹایا گیا تھا۔ ڈالمیا نے کہا کہ ان کے تقرر کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اس سے وہ بے قصور ثابت ہوتے ہیں۔ ان کے خلاف جو بھی الزامات عائد کئے گئے تھے وہ سب بے بنیاد ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ ڈالمیا کو اتوار کو موجودہ صدر این سرینواسن کے تحقیقات مکمل ہونے تک عہدہ صدارت سے ہٹنے کے فیصلہ کے بعد بورڈ کا عبوری صدر مقرر کیا گیا۔ سرینواسن اپنے داماد گروناتھ میاپن کے خلاف سٹہ بازی کے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک بورڈ کے کام کاج انجام نہیں دیں گے۔

Champions Trophy 2013 - India Australia practice match today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں