اترکھنڈ سیلاب - نواز شریف کا منموہن سنگھ کو تعزیتی پیغام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-30

اترکھنڈ سیلاب - نواز شریف کا منموہن سنگھ کو تعزیتی پیغام

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اترکھنڈ اور ہماچل پردیش کے سلاب پر وزیراعظم منموہن سنگھ کے نام ایک تعزیتی پیغام روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ برصغیر حالیہ عرصے میں آفات سماوی کا بہت زیادہ شکار ہورہا ہے۔ تمام پاکستانی عوام، ہندوستان کے اس آزمائشی گھڑی میں ان کے دکھ درد میں شامل ہیں۔ نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے گہری دلی وابستگی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منموہن سنگھ کی قیادت میں ہندوستان کی عوام اس پر آشوب دور کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں ہند۔پاک مشترکہ بزنس کونسل کے موقع پر نواز شریف نے کہاکہ ان کی جماعت پی ایم ایل۔ این ہمیشہ سے ہی ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن رہی ہے اور آئندہ بھی خطہ میں امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان ، ہندوستان کے ساتھ خوشگوار روابط قائم کرے گا۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے برصغیر کی 2بڑی مملکتوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ قربت کی وکالت کی تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکے۔ پاکستان۔ ہندوستان مشترکہ بزنس کونسل کے تحت ہندوستانی تاجروں کے دورہ پاکستان پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ یہ بات بہت اچھی ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر باہمی طورپر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے وزیر آب و برقی خواجہ محمد آصف کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستان کا دورہ کریں تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون و اشتراک کو نئی جہت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ مسٹر شریف نے تاجروں سے کہاکہ ان کی حکومت سرمایہ کاروں کیلئے سازگار پالیسیوں پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں برقی کی قلت ہے اور برقی شعبہ میں کی جانے والی مدد سے اس مسئلہ کا حل کرنے میں مدد ملے گی۔ کونسل کے ہندوستانی ارکان نے وزیراعظم کو مطلع کیا کہ چونکہ دونوں ممالک ایک علاقہ میں ہیں اور انہیں ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ہندوستان میڈیکل سائنس، اعلیٰ تعلیم اور فنی ووکیشنل تعلیم کے میدان میں پاکستان کو کافی مدد کرسکتا ہے۔ اجلاس میں عدم امتیازی مارکٹ تک رسائی جیسے مسئلہ پر غور کیا گیا اور اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے صنعتکاروں کو ان کے تجربات کو بروئے کار لانے کا موقع دیا جانا چاہئے۔

Sharif sends condoling message to Manmohan Singh over Uttarakhand, Himachal tragedy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں