مغربی بنگال پنچایت انتخابات - سپریم کورٹ کی نوٹس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-27

مغربی بنگال پنچایت انتخابات - سپریم کورٹ کی نوٹس

سپریم کورٹ نے بدھ کو مرکزی اور مغربی بنگال حکومت کو نوٹس جاری کرکے 28 جون تک پوچھا ہے کہ وہ ریاست میں پنچایت انتخابات کرانے میں سکیورٹی فورسز کی ضروریات کو کس طرح پورا کریں گے۔ جسٹس اے کے پٹنائک اور جسٹس رنجن گوگوئی پر مشتمل بنچ نے ریاستی الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ نوٹس جاری کیا۔ درخواست میں2 جولائی کو مقرر پنچایت انتخابات منعقد کرانے کیلئے کافی تعداد میں سکیوریٹی فورسز فراہم کرنے کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی مانگ کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری اور ریاستی وزارت پنچایت کے سکریٹری کو بھی نوٹس بھیجا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے کہاکہ موجودہ حالات میں تشدد آزاد انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے کیونکہ کافی تعداد میں سکیورٹی فورسز دستیاب نہیں ہیں۔ بنگال میں پنچایت الیکشن کا قضیہ سلجھتا نہیں دکھائی دیتا کیونکہ ریاستی الیکشن کمیشن نے آج بدھ کو سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹادیا۔ کمیشن کی طرف سے حاضرہوتے ہوئے وکیل میناکشی اروڑہ نے کہاکہ وہ کئی مراحل میں انتخابات کرانے کو تیار ہے لیکن سکیورٹی فورسز دستیاب کرائے جانے چاہئیں۔ کمیشن نے یہاں تک کہاکہ کچھ وقت تک انتخابات کو ٹالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن کو تقریباً 2,41,000 سکیورٹی کی ضرورت ہے جن میں سے 1,40,000 مسلح ہونے چاہیں، باقی بغیر ہتھیار کے ہوسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر انتخابات کرانا چاہتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ یہ معاملہ کلکتہ ہائی کورٹ کے زیر غور ہے۔ معاملہ سپریم کورٹ میں جانے پر کلکتہ ہائی کورٹ نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ بقول خود وہ اس معاملے سے تقریباً اوب گیا تھا۔ آج بدھ کو کلکتہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے کو جسٹس ارون مشرا اور جسٹس جوئے مالا باگچی پر مشتمل تھی، معاملے کی سماعت کرتے ہوئے یہ خیال ظاہر کیا۔چیف جسٹس نے کہاکہ پورا ہندوستان اس کیس کی جانب دیکھ رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یہ سپریم کورٹ چلا گیا، کم ازکم اب فیصلہ آجائے گا، میں اس کیس سے اوب سا گیا تھا، اب میں خوش ہوں۔ ریاستی حکومت کے وکیل اشوک بنرجی نے ریاستی الیکشن کمیشن کے ، اچانک، سپریم کورٹ چلے جانے کے عمل کو "توہین آمیز" قرار دیا اور الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کرانا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ توہین آمیز رویہ نہیں تو اور کیا ہے کہ کمیشن نے سپریم کورٹ جا نے سے پہلے عدالت یا فریقین کو اس کی بابت بتانا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کمیشن انتخابات نہیں کرانا چاہتا۔

SC issues notice to centre, West Bengal over Panchayat polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں