روس نے 2016 اسکیٹنگ چمپئن شپ کی میزبانی کیلئے بولی دے دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-15

روس نے 2016 اسکیٹنگ چمپئن شپ کی میزبانی کیلئے بولی دے دی

روس نے 2016ء کی ورلڈ سنگل ڈسٹنس اسپیڈ اسکیٹنگ چمپئین شپ کی میزبانی کیلئے بولی دے دی۔ روسی حکام یہ ایونٹ اپنے شہر کولومنا میں کرانا چاہتے ہیں جو دارلحکومت ماسکو سے جنوب مشرقی کی جانب واقع ہے۔ اس مقصد کیلئے وہاں اسپیڈ اسکیٹنگ سینٹر کی تزئین و آرائش کی گئی اور مستقل بنیادوں پر اعلیٰ معیار کے انٹر نیشنل مقابلے بھی کرائے گئے۔ روسی اسپیڈ اسکیٹنگ یونین کے صدر ایلکسی کروٹٹسوو نے بتایا کہ ہم نے متعلقہ دستاویزات جمع کرادیئے ہیں اور کولومنا کی میزبانی سے متعلق ابتدائی بولی منظور بھی کرلی گئی۔

یوسین بولٹ کو ورلڈ اتھلیٹک چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہوگا
کنگسٹن
(یو این آئی)
اولمپک چمپئن اور ورلڈ ریکارڈ یافتہ جمائیکا کے اتھلیٹ یوسین بولٹ کو ماسکو میں اگست میں منعقد ہونے والی ورلڈ اتھلیٹک چمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہوگا۔ جمائیکا اتھلیٹک فیڈریشن کے بیان کے مطابق ورلڈ چمپئن شپ کیلئے بولٹ کے ٹرینی پارٹنر یوہان بلیک کو 100 میٹر دوڑ میں وائیلڈ کارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بولٹ کو 200 میٹر میں وائیلڈ کارڈ دیا گیا۔ عالمی اتھلیٹک فیڈریشن نے کہا کہ ہر ایونٹ کیلئے ہر ملک کو ایک وائیلڈ کارڈ دیا جائے گا جس کے تحت جمائیکا کی فیڈریشن کو یہ فیصلہ لینا پڑا۔ پہلے جمائیکا کے پاس ہر دوڑ کیلئے 2 اتھلیٹس وائیلڈ کارڈ کے حقدار تھے۔ عالمی فیڈریش کے فیصلہ کے بعد بولٹ اور بلیک کے درمیان وائیلڈ کارڈ کیلئے کسی ایک کا انتخاب مشکل ہوگیا تھا جس کے بعد فیڈریشن کے صدر وارن بلیک نے اس حتمی فیصلہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی کے فیصلہ کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ ڈائمنڈ لیگ چمپئن اور موجودہ ورلڈ چمپئن میں سے ورلڈ چمپئن کو وائیلڈ کارڈ دیا جانا چاہئے۔

ایشس سیریز میں انگلینڈ پسندیدہ ٹیم : برائن لارا
جمائیکا
(ایجنسیاں)
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برائن لارا نے اگلے ماہ جولائی میں کھیلی جانے والی ایشس سیریز میں برطانوی ٹیم کو پسندیدہ قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور اگلینڈ دونوں ہی ٹیمیں مضبوط ہیں لیکن انگلینڈ اپنے فام کے لحاظ سے پسندیدہ ٹیم ہے۔ انگلش ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ بھی ملے گا، آسٹریلیا کو انگلینڈ کی سرزمین پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی ہی سرزمین پر ایک مشکل ٹیم سمجھی جاتی ہے اور آسٹریلیا کیلئے اس سیریز میں میزبان ٹیم کو شکست دینا انتہائی مشکل ہوگا لیکن کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے جو بھی ٹیم اچھا کھیلے گی وہ کامیابی کی حقدار ہوگی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشس سیریز، چمپئنس ٹروفی کے بعد انگلینڈ میں ہوگی۔ اس سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹسٹ میاچس کھیلے جائیں گے ۔

ٹسٹ کرکٹ کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے آئی سی سی اقدامات کرے : موڈی
لندن
(ایجنسیاں)
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور انٹرنیشنل کوچ ٹام موڈی نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 کی وجہ سے ٹسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی ختم ہوچکی ہے، آئی سی سی کو ٹسٹ کرکٹ کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے چند اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوتی مقبولیت کی وجہ سے ٹسٹ کرکٹ اپنی پہچان کھورہی ہے اور اسٹیڈیمس میں شائقین کی تعداد انتہائی کم ہوگئی ہے جس سے ٹسٹ کرکٹ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو چاہیے کہ وہ ٹسٹ کرکٹ کو مقبول بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ کرکٹ کی اس قدیم طرز کو مکمل تباہی سے بچایا جاسکے۔

ممبئی
(پی ٹی آئی)
ہندوستان میں این وی اے کے مداحوں کی دلجوئی اور ملک میں باسکٹ بال کو مقبول بنانے کیلئے این بی اے کے اسٹار کرس باش آئندہ مہینے ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ کرس باش دفاعی چمپئن میامی ہیٹ کیلئے کھیلتے ہیں اور لیگ کے رواں فائنلس میں سان انٹونیو اسپرس کے خلاف ان سے بہتر مظاہرہ کی توقع کی جاتی ہے ۔ اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل میامی باش جو 8 مرتبہ کی چمپئن ہے، کے بعض کھلاڑی اور قومی ٹیم کے چند ارکان ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ آج یہاں میڈیا کیلئے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ مقامی غیر سرکاری تنظیم میجک بس کے ساتھ لیگ کی رفاقت کے حصہ کے طور پر باش ، این بی اے کے بارے میں شعور بیداری اور باسکٹ بال کلینک میں بھی حصہ لیں گے ۔ ماہ اپریل میں این بی اے کے کمشنر ڈیوڈ اسٹن کے دورہ ممبئی کے موقع پر یہ اعلان کیا گیاتھا ۔ کرس باش اپنے دورہ کے موقع پر سونی 6 چیانل کے مختلف پروگراموں کا حصہ ہوں گے جو ہندوستان میں باسکٹ بال لیگ کا نشریاتی رفیق ہے ۔ اپنے قیام کے دوران وہ مختلف ڈیجیٹل اور سوشیل میڈیا کے فروغ کے فاتحین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ شہر میں مقامی اسپورٹس اور کلچر پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے ۔

جیاخان معاملہ : سچائی منظر عام پر آئے گی: زرینہ وہاب
ممبئی
(پی ٹی آئی)
اداکارہ جیا خان کو خودکشی کیلئے مجبور کرنے کی پاداش میں اپنے بیٹے سورج پنچولی کی گرفتاری کے بعد زرینہ وہاب نے زور دے کر کہا کہ بہرحال سچائی منظر عام پر آئے گی۔ جیا خان (25 سال) ممبئی کے پاش علاقہ جوہو میں واقع اپنے فلیٹ میں 3 جون کو پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پنچولی کی گرل فرینڈ نے بظاہر ایک خودکشی نوٹ چھوڑا جس میں اداکار آدتیہ پنچولی اور زرینہ وہاب کے بیٹے سورج پر انگلیاں اٹھائی گئیں ۔ جیا اور سورج کے درمیان گزشتہ کچھ عرصہ سے تعلقات قائم ہوگئے تھے اور اس جوڑے کے درمیان مسائل پیدا ہونے کی اطلاعات بھی تھیں ۔ جس کے نتیجہ میں جیا خان کو انتہائی قدم اٹھانے پرمجبور ہونا پڑا ۔ زرینہ وہاب نے پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور حقیقت سامنے آئے گی ۔ ہمیں یقین ہے کہ پولیس سارے معاملہ کی تحقیقات کرے گی اور سچ کی فتح ہوگی۔ جیاخان کی ماں رابعہ ، سورج کو پسند نہیں کرتی تھی اور انھوں نے اپنی بیٹی کی خودکشی کیلئے اسے ذِمہ دار قرار دیا ۔ زرینہ وہاب نے کہا کہ اس (جیا) کی ماں کو جو چاہے کہنے دیجئے۔ میں بھی ایک ماں ہوں اور اپنے بیٹے کوجانتی ہوں۔ اس کی موت کیلئے میرا بیٹا ذِمہ دار نہیں ۔ وہ ثابت کرے گا کہ وہ بے گناہ ہے ۔ ہم حکام کے ساتھ پورا تعاون کررہے ہیں ۔ زرینہ نے کہا کہ سورج نرم گفتار فرد ہے ، اس نے کبھی اس پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔ اس نے اس دن جب جیا نے خودکشی کی اس سے بات نہیں کی ۔ اس دوران ایسی اطلاعات ہیں کہ اداکار سلمان خان "ہیرو" کے ری میک میں سورج کو سنیل شیٹی کی بیٹی عتیہ کے ساتھ پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ زرینہ وہاب نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ اس واقعہ کا اس (سورج) کے کیرئر پر کوئی اثر پڑے گا۔ کوئی بھی اس کے کیرئر اور زندگی کو تباہ نہیں کرسکتا۔ زرینہ نے کہا کہ کسی کی نجی زندگی کے بارے میں بات کرنا غیر اخلاقی ہے، کوئی بھی نہیں جانتا کہ ان دونوں کے درمیان کیا ہوا۔ سورج کے والد آدتیہ پنچولی جنھوں نے حال ہی میں میڈیا پر برہمی ظاہر کی تھی، اب اس معاملہ سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا ۔ آدتیہ نے کہا کہ میں اس معاملہ پر کوئی بات نہیں کروں گا، میری بیوی ہی بات کرے گی ۔

برمنگھم
(پی ٹی آئی)
ڈیوڈ وارنر جو بار روم جھگڑے کیلئے نادم ہیں، جس کی وجہ سے انھیں چمپئنس ٹروفی سے معطل ہونا پڑا، نے برسرعام معذرت خواہی کی ہے جبکہ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ اوپنر کو یہ بات یاد رکھنی چاہئیے کہ یہ کوئی آئی پی ایل، اسٹیٹ یا کاونٹی ٹیم نہیں تھی جس کیلئے وہ کھیل رہے تھے ۔ رواں چمپئنس ٹروفی میں آسٹریلیا کے پہلے میاچ جس میں میزبان کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی، کے بعد بار میں انگلینڈ کے کھلاڑی جو روٹ کے ساتھ اپنے جھگڑے کیلئے ڈیوڈ وارنر نے غیر مشروط معذرت خواہی کی ہے۔وارنرنے پرہجوم پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں یہاں معذرت خواہی کیلئے آیا ہوں اور یہ کہتا ہوں کہ اپنے عمل کیلئے میں ذِمہ دار ہوں، میں انتہائی شرمندہ ہوں۔ میں نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں ، معاون اسٹاف ، خود اپنا اور سارے خاندان کا سر نیچاکردیا ۔ میں نے سزا قبول کرلی ہے، اب یہ میری ذِمہ داری ہے کہ چمپئنس ٹروفی میں اپنی ٹیم کی پیشرفت کیلئے میں ہر وہ چیز کروں گا جو کرسکتا ہوں اور ایشس کیلئے اچھی تیاری کرنا چاہتا ہوں ۔ مائیکل کلارک جو پریس کانفرنس کے موقع پر وارنر کے ساتھ تھے، نے کہا کہ اگرچہ ڈیوڈ کیلئے یہ سزا کچھ سخت ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ آپ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کیلئے کھیلتے ہیں ۔ یہ آئی پی ایل ٹیم نہیں ہے اور نہ ہی یہ اسٹیٹ کرکٹ ہے اور نہ کاونٹی کرکٹ۔ جب آپ آسٹریلیا کیلئے کھیلتے ہیں تو آپ کو معیارات برقرار رکھنے ہوں گے ۔ وارنر نے کہا کہ اس رات جو واقعہ ہوا وہ انھیں پوری طرح یاد ہے لیکن انھوں نے اس کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔مجھ سے کچھ غلطی ہوئی اور میں اپنے ہاتھ جوڑتا ہوں ۔وارنر نے کہا کہ میں نے جو کو ایس ایم ایس کیا اور انھوں نے میری معذرت خواہی قبول کرلی جس کیلئے میں ان کا شکرگزار ہوں ۔

چمپئنس ٹروفی میں آج ہند۔ پاک مقابلہ
برمنگھم
(یو این آئی)
روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کل ہفتہ کو یہاں کھیلے جانے والے چمپئنس ٹروفی کرکٹ ٹورنمنٹ کے گروپ بی میاچ کی اہمیت نتیجہ کے اعتبار سے بھلے ہی کچھ نہ ہو لیکن جب یہ دونوں ٹیمیں مدمقابل ہوتی ہیں تو ان کے شائقین کیلئے یہی میاچ فائنل جیسا ہوتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنے گزشتہ دونوں میاچس جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو اپنے دونوں میاچس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اس کے ساتھ ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ پاکستانی ٹیم اگر یہ میاچ جیت جاتی ہے تو اس کی صورتحال پر کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم کم ازکم 4 کھلاڑیوں کو مستقبل میں پاکستان ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے اس میاچ میں اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی۔ سابق کپتان شعیب ملک، وکٹ کیپرکامران اکمل، اوپنر عمر فرحت اور نائب کپتان محمد حفیظ اس میاچ میں بھی ناکام رہے تو انہیں پاکستانی ٹیم میں جگہ ملنا مشکل ہوجائے گا۔ اس طرح یہ میاچ ان کھلاڑیوں کیلئے سخت آزمائش بن گیا ہے۔ ٹورنمنٹ میں شعیب ملک، کامران اکمل، حفیظ اور عمران فرحت بری طرح ناکام رہے ہیں۔ پہلے 2 میاچس میں پاکستان کی بیاٹنگ نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ ویسٹ انڈیز اور جنوبی آفریقہ کے خلاف 2 میاچس میں عمران فرحت 4، حفیظ 11، شعیب ملک 8 اورکامران اکمل نے 2 رن بنائے۔ اسد شفیق ایک میاچ میں کوئی رن نہ بناسکے جبکہ عمر امین نے ایک میاچ میں 16رن بنائے۔ مصباح الحق نے 2 میاچس میں 151اور ناصر جمشید نے 92 رن بنائے ہیں۔ عمران فرحت، حفیظ، شعیب ملک، عمر امین، کامران اکمل اور اسد شفیق نے مجموعی طور پر 32رن بنائے ہیں۔ پاکستانی ٹیم 2 میاچس ہارنے کے بعد ہندوستان کو شکست دے کر اپنے مایوس شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹانا چاہتی ہے۔ کھلاڑیوں کو علم ہے کہ وہ مزید ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہیں بتادیا گیا ہے کہ مزید ناکامیاں کئی کھلاڑیوں کے کیرئر پر سوالیہ نشان لگادے گی جبکہ ہندوستانی ٹیم 2 فتوحات کے بعد تیسری فتح بھی اپنے نام کرکے گروپ بی میں سرفہرست رہنا چاہتی ہے تاہم میاچ میں موسم کا کردار بھی اہم ہوسکتا ہے۔ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ٹیمیں کبھی بھی ایک دوسرے کے خلاف ہارنا نہیں چاہتیں لیکن چمپئنس ٹروفی میں پاکستان پر ہندوستان کو ہمیشہ سے برتری حاصل رہی ہے۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی ٹیم کی اس تاریخ کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہیں بخوبی علم ہے کہ وہ ہارنے کی شکل میں ایک مرتبہ پھر ناقدین کے نشانہ پر آجائیں گے۔ ٹورنمنٹ میں کارکردگی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو ہندوستان کرکٹ ٹیم کو جیت کا مضبوط دعویدار سمجھا جارہا ہے جس نے کھیل کے ہر شعبہ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ پاکستانی بیاٹنگ گزشتہ دونوں میاچس میں بری طرح ناکام رہی۔ ناصر جمشید اور مصباح الحق کو چھوڑکر کوئی بھی بیاٹسمن اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام نہیں دے سکا۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے ٹیم میں اوپننگ جوڑی کی کمی کو مکمل کردیا ہے۔ گزشتہ دونوں میاچس میں ان دونوں بیاٹسمنوں نے 100 سے زیادہ رن کی افتتاحی رفاقت نبھائی ہے۔ دھون نے تو دونوں میاچس میں سنچریاں بنائی ہیں اور ان کے پاس مسلسل تیسری مرتبہ سنچری بنانے کا موقع حاصل ہے۔ علاوہ ازیں ویراٹ کوہلی، دنیش کارتک، دھونی، سریش رائنا، رویندر جڈیجہ بھی اچھی فام میں ہیں۔ جڈیجہ نے بہترین بیاٹنگ کے ساتھ اچھی گیند بازی کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 وکٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کے علاوہ بھبنیشور کمار، امیش یادو، ایشانت شرما، روی چندرن اشون پر پاکستانی بیاٹسمنوں کو ایک بار پھر ناکام کرنے کی ذمہ داری ہوگی۔ پاکستانی بولرس میں محمد عرفان، جنید خان، سعید اجمل، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیا ہے لیکن ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف ایک یونٹ کے طور پر کھیل کا مظاہرہ کرے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کی دہلی پولیس نے تردید کی
نئی دہلی
(یو این آئی)
دہلی پولیس نے آج ڈیلی میل کی اس رپورٹ کی تردید کی کہ پولیس کمشنر نیرج کمار، کرکٹ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ معاملہ میں ضمانت دینے کے عدالت کے فیصلہ سے خوش نہیں ہیں۔ آج ڈیلی میل کے ایڈیٹر کو لکھے گئے ایک خط میں پولیس نے کہا کہ مذکورہ خبر افسوسناک ہے اور پولیس کمشنر کی بات کو رپورٹر نے غلط ڈھنگ سے پیش کیا ہے۔ خط کے مطابق پولیس کا کوئی بھی عہدیدار کھلے عام مجسٹر یٹ پر نکتہ چینی نہیں کرسکتا اور یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجسٹریٹ کے پا س ضمانت دینے کی معقول وجہ ہونی چاہئے ورنہ پولیس اسے پکڑلے گی۔ خط کے مطابق یہ بات نہیں کہی گئی تھی کہ 10 جون 2013 والے حکم کے خلاف بڑی عدالت میں اپیل کی جائے گی۔ صرف یہ کہا گیا تھا کہ ضمانت کا حکمنامہ موصول ہوتے ہی قانونی ماہرین کی مدد سے اس کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ سینئر عہدیدار کے منہ سے من گھڑت الفاظ ادا کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ خبر رپورٹر کے ناپختہ ذہن کا پتہ دیتی ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے پولیس کمشنر کو زبردست پریشانی ہوئی۔

ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ : ہندوستان کو شکست
چینائی
(یو این آئی)
مردوں کی ورلڈ ٹیم اسکوائش چمپئن شپ میں فرانس کے شہر ملہاوس میں کل شب ہندوستانی کھلاڑیوں نے اعلیٰ درجہ کی ٹیم مصر کے خلاف کوارٹر فائنل میں شکست کھانے سے قبل ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ آج صبح یہاں موصولہ اطلاعات کے بموجب ہریندر پال سندھو اور سورو گھوشال نے مصر کے نامور کھلاڑیوں کے خلاف جی جان سے مقابلہ کیا تاہم ہندوستان کو 0-2 سے شکست ہوگئی ۔ اب ہندوستان پلے آف میں 5 ویں تا 8 ویں مقام کیلئے مقابلہ کرے گا ۔ اگر اسکور کو دیکھیں تو اس سے پتہ نہیں چلے گا کہ ہندوستانی جوڑی نے آسانی کے ساتھ شکست اٹھائی ۔ دنیا کے سابق نمبر ایک کھلاڑی کریم درویش کے خلاف پہلا گیم جیت لیا۔ ہریندر نے کوالالمپور اور مکاؤ اوپن چمپئن شپ کے چمپئن کے خلاف ہر اسٹروک پر مقابلہ کیا ۔ ہریندر پال گیند پر اچھی طرح ضرب لگارہے تھے اور درویش کو دباو میں رکھا۔ بدقسمتی سے ہریندر پال کامیابی کیلئے ونرس پر صحیح ضرب لگانے میں ناکام رہے ۔ کریم نے اپنے تجربہ اور بالادستی کو منواتے ہوئے دوسرا گیم جیت لیا ۔ کریم نے اپنے شاندار مظاہرہ کے ساتھ ثابت کردیا کہ انھیں روکنا مشکل ہے اور لگاتار 2 گیمس میں انھوں نے صرف 6 پوائنٹس ہارے ۔ دوسرے سنگلس میں سورو نے نمبر ایک کھلاری رمی اشور کے خلاف جراء ت مندانہ مظاہرہ کیا ۔ گزشتہ ایک برس میں بی ایس اے ورلڈ پلیر آف دی ایئر اشور نے ایک میاچ نہیں ہارا اور برٹش اوپن میں کامیابی کے ساتھ وہ تازہ دم دکھائی دیئے ۔ سورو نے کئی مرتبہ رمی اشور کیلئے مشکلات پیدا کیں لیکن وہ جیت حاصل نہ کرسکے۔ سورو کی لاکھ کوشش کے باوجود رمی نے پہلا گیم 11-7 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں ایک مرحلہ پر سورو 9-5 سے آگے تھے اور اچھا کھیل رہے تھے ۔ انھوں نے اپنے حریف کو کورٹ کے سامنے انتہائی دباو میں رکھا ۔ دونوں نے ہی بہترین مظاہرہ کیا تاہم رمی 11-9 سے جیتنے میں کامیاب رہے ۔ ہندوستان اب 5 ویں تا 8 ویں مقام کیلئے پلے آف میں چھٹے درجہ کی ٹیم جرمنی کے خلاف مقابلہ کرے گا۔

ہندوستانی جونیر شوٹرس کا عمدہ مظاہرہ
نئی دہلی
(یواین آئی)
ہندوستانی جونیر نشانہ بازوں نے چیک جمہوریہ کے لیزن میں جاری شوٹنگ ہوپس چمپئن شپ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج ایک گولڈ، 2 سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کیا۔ ہندوستانی جونیر ٹیم کا ورلڈ شوٹنگ فیڈریشن کے نئے ضابطوں کے تحت دوسرا عالمی ٹورنمنٹ تھا۔ اس سے پہلے جرمنی کے سول میں 3 تا 8 ؍ جون منعقدہ جونیر انٹرنیشنل چمپئن شپ میں ہندوستانی شوٹرس 2 گولڈ، ایک سلور اور 4 برانز میڈلس جیتے تھے۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائکا گوئل نے ایر پستول ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ملائیکا نے کوالیفیکیشن میں 400 میں سے 381 پوائنٹس اور فائنل میں 201 پوائنٹس اسکور کئے۔ ملائیکا (381)، یش ونی (376) اور شریا گاوڑے (374) نے ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ فری پستول ایونٹ میں سومیک کمار نے 547 اور 188.5 کے اسکور کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔ گولڈ میڈل چیک جمہوریہ کے شوٹر نے حاصل کیا۔ ٹیم ایونٹ میں ارون (539)، کرن پرتاپ سنگھ (534) اور کپل کمار نے (533) نے 1606 کے اسکور کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔

شکھر دھون کو متواتر تیسری سنچری کا ریکارڈ مساوی کرنے کا موقع
برمنگھم
(یو این آئی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سرکردہ اوپنر شیکھر دھون کل ہفتہ کو جب پاکستان کے خلاف چمپئنس ٹروفی کے آئندہ مقابلوں کیلئے میدان میں اتریں گے تو ان کے پاس مسلسل تیسری ونڈے سنچری بنانے کے ریکارڈ کی برابری کا موقع رہے گا۔ بائیں ہاتھ کے بیاٹسمن دہلی کے دھون نے چمپئنس ٹروفی کے پہلے میاچ میں جنوبی آفریقہ کے خلاف 114 رن جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 102 رن (ناٹ آؤٹ) بنائے تھے۔ ونڈے تاریخ میں اب تک صرف 4 بیاٹسمن ہی مسلسل 3 سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دے پائے ہیں۔ پاکستان کے ظہیر عباس اور سعید انور اور جنوبی آفریقہ کے ہرشل گبس اور اے بی ڈیویلیرس اب تک یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ظہیر عباس نے1982-83ء میں ہندوستان کے خلاف یہ سنگ میل قائم کیا تھا جبکہ سعید انور نے1993میں، گبس نے سال 2002 میں اور ڈیویلیرس نے2010میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ دھون ونڈے تاریخ میں مسلسل دوسری سنچری بنانے والے دنیا کے78 ویں اور ہندوستان کے 9ویں بیاٹسمن ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے ان سے قبل گوتم گمبھیر، سورو گنگولی، راہول دراویڈ، سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن، یوراج سنگھ، ویراٹ کوہلی اور روہت شرما یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

شطرنج : آنند کو شکست
ماسکو
(یواین آئی)
ہندوستان کے ورلڈ چمپئن وشواناتھن آنند کو تال میموریل شطرنج ٹورنمنٹ کے پہلے دور میں اٹلی کے فیبیو کروآنا کے خلاف کیریر میں پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اطالوی کھلاڑی کے خلاف سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے آنند حریف کھلاڑی کی چالوں کے سامنے بے بس نظر آئے۔ 10 سرفہرست کھلاڑیوں کے درمیان راؤنڈ رابن بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ میں کل دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی ناروے کے میگنیس کارلسن نے روس کے ولادیمیر کرامنک کو شکست دے کر اپنی خطابی مہم کا آغاز کیا۔ ایک دیگر مقابلہ میں آذربائیجان کے شخریاف محمدوف نے امریکہ کے ہکارو ناکامورا کو شکست دی۔ کارلسن، کروآنا اور شخریاف نے جیت کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ روس کے سرگئی کرجاکن، دیمیتری آندورف کن اور الیکزینڈر مورو چووچ کے ساتھ اسرائیل کے بورس گیل فینڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آنند، کرامنک اور ناکامورا ابھی تک کھاتہ بھی نہیں کھول پائے ہیں۔

اتھلیٹ ڈومنیک بلیک پر 6 سال کا امتناع
کنگسٹن
(رائٹر)
جمائیکا کے 400 میٹر کی دوڑ میں ماہر ڈومنیک بلیک کے دوسری بار ڈوپنگ میں پکڑے جانے پر آج ان پر 6 سال کیلئے امتناع عائد کردیا گیا ۔ اولمپک ٹرائل کے موقع پر بلیک طاقت کو بڑھانے والی ممنوعہ دوا Methylhexanamine کے استعمال کے مرتکب پائے گئے اور جمائیکا کی اینٹی ڈوپنگ ڈسپلنری پیانل نے آج سزا جاری کی ۔ 2006ء میں طاقت کو بڑھانے والی دوا کی جانچ میں مثبت پائے جانے کے بعد ڈومنیک بلیک کو 9 مہینوں کیلئے معطل کردیا گیا تھا ۔ اینٹی ڈوپنگ ڈسپلنری پیانل کے چیرمین کینٹ پنٹری نے کہا کہ پیانل کا یہ متفقہ احسا س ہے کہ مس بلیک اپنے اس دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہیں کہ ان کے جسم میں طاقت کو بڑھانے والی جو دوا پائی گئی، انھوں نے دانستہ طور پر نہیں لی ۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ ان پر 13 جون سے 6 سال کیلئے امتناع عائد کیا جائے ۔

ایشیائی جونیر ریسلنگ چمپئن شپ:ہندوستان کو پہلے دن 4میڈلس
چندی گڑھ
(یو این آئی)
ہندوستان کے جونیر ریسلرس نے تھائی لینڈ میں پھکیٹ شہر میں جاری ایشیائی جونیر ریسلنگ چمپئن شپ میں پہلے دن 4 برانز میڈلس حاصل کئے ہیں جبکہ ایران کے پہلوانوں نے پہلے دن منعقد ہونے والے 6 فائنل مقابلوں میں اپنی برتری ثابت کی ہے۔ کشتی کی عالمی تنظیم فیلا کے ضابطوں کے تحت منعقد ہونے والی اس چمپئن شپ میں نتن نے 25 کلوگرام، دیپک کمار 60 کلوگرام، پرب پال سنگھ نے 84 کلوگرام اور پروین ڈاگر نے 96 کلوگرام زمروں میں برانز میڈلس حاصل کئے۔ گریکو رومن اسٹائل مقابلوں میں ایرانی ریسلرس نے اپنا دبدبہ قائم رکھا جنہوں نے وہاں 2 گولڈ ، ایک سلور اور 3 برانز میڈلس حاصل کئے۔ ایران کی جانب سے یوسف گردریان نے 84 کلوگرام اور سعید مصطفی نے 96 کلوگرام میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ رامن طاہری سرتنگ نے 66 کلوگرام زمرہ کے فائنل میں سلور میڈل حاصل کیا۔ جہاں انہیں تاجکستان کے اوبلو بردیف خوسرو کے خلاف زبردست مزاحمت کرنی پڑی تاہم تاجکستان نے اس زمرہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ایران نے اس کے علاوہ 3 برانز میڈلس بھی حاصل کئے۔ بہرود ملیکی 55 کلوگرام اور 60 کلوگرام زمرہ اور فرہاد رستمی نے 74 کلوگرام زمرہ میں کانسے کے تمغے حاصل کئے۔ اس موقع پر ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر راج سنگھ موجود تھے۔ انہوں نے فاتح ریسلرس میں میڈلس تقسیم کئے۔ 55 کلوگرام گریکو رومن زمرہ میں ازبکستان کے محمدوف احمدجان نے طلائی تمغہ، کوریا کے کم سیونگ ہا نے نقرئی اور ہندوستان کے نتن نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ جاپان کے مورا کامی رایو نے 66 کلوگرام میں گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ کرغستان کے عطا نالیس بیک بولسن نے نقرئی اور ہندوستان کے دیپک کمار نے ایران کے بہرود ملیکی کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔

سائنا نیہوال ،انڈونیشیا اوپن کے سیمی فائنل میں داخل
جکارتہ
(یو این آئی)
ہندوستان کی دفاعی چمپئن اور دوسرے درجہ والی سائنا نیہوال نے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے اسپین کی کیرولینا مارلن کو آج 21-16, 21-19 سے شکست دے کر انڈونیشیا اوپن بیاڈمنٹن کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا لیکن آر ایم وی گروسائی دت اور اجئے جے رام کو کوارٹر فائنل میں ہار کے ساتھ باہر ہونا پڑا۔ سائنا نے مارلن کے خلاف مقابلہ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 39 منٹ میں جیت حاصل کرلی۔ تھائی لینڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کی تلخ یادوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سائنا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے ٹائٹل سے قربت حاصل کرلی۔ وہ اپنے خطاب سے 2 قدم کی دوری پر ہیں۔ سائنا کا سیمی فائنل میں جرمنی کی چوتھی سیڈ جولیان شانکے سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایک دیگر کوارٹر فائنل میں جو ینگ تائی کو 56 منٹ میں 16-21, 21-10, 21-23 سے ہرایا۔ مردوں کے سنگلس زمرہ کے میاچ میں اجئے جے رام کو جرمنی کے مارک جوئبرلر نے 34 منٹ میں 21-16, 21-15 سے اور سائی دت کو انڈونیشیا کے ٹامی سوبی یاتو نے ایک گھنٹہ 6 منٹ میں 19-11, 21-11, 21-10 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی۔ سائی دت نے سوگی یاتو کے خلاف زبردست مزاحمت کی حالانکہ اس نے دوسرا گیم جیت کر 1-1 سے برابری کرلی تھی لیکن تیسرے و فیصلہ کن گیم میں انہیں شکست کے ساتھ ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا۔

Russian city bids for world speed skating championships

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں