شمالی ہند میں سیلاب کی تباہ کاریاں - 60 سے زائد ہلاکتیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-18

شمالی ہند میں سیلاب کی تباہ کاریاں - 60 سے زائد ہلاکتیں

مانسون نے شمالی ہند کے کئی حصوں کو اپنی گرفت میں لے لیا اور پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ و ہماچل پردیش میں زبردست بارش کی وجہہ سے 60 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہزاروں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ ہریانہ کے کئی حصوں میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہوگئی ہے اور جمنا کی سطح میں خطرناک حدتک اضافہ ہورہا ہے۔ گنگا ندی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے بارش کی بنا سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور اترا کھنڈ میں جہاں سب سے زیادہ تباہ کاری ہوئی 37افراد ہلاک، 34 زخمی ہوگئے اور 164 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے دہرادون میں بتایاکہ 7 افراد لاپتہ ہیں اور 5گاڑیاں بشمول ایک ہیلی کاپٹر بارش میں بہہ گیا، جن کی تلاش کی جارہی ہے۔ اترپردیش میں بارش کی وجہہ سے علیحدہ واقعات میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ ضلع سہارنپور میں سیلاب کی وجہہ سے زیادہ تباہ کاریاں ہوئی۔ آئی جی (لاء اینڈ آرڈر) آر کے وش کرما نے بتایاکہ سیلاب کی وجہہ سے پھنسے ہوئے تقریباً 45 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ محفوظ مقام منتقل کیاگیا۔ ہماچل پردیش میں ہائی الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے راحت کاری کاموں کیلئے فوج کی مدد طلب کی گئی ہے۔ یہاں بارش کی وجہ سے 10افراد ہلاک ہوگئے اور کروڑہا روپئے کی املاک کو نقصان پہنچا۔ ایک ہی خاندان کے 5ارکان بشمول 3بچے مکان منہدم ہونے سے ملبے میں دب گئے۔ ضلع کناور کا رابطہ ساری ریاست سے منقطع ہوگیا اور اس شاہراہ پر تقریباً 1700 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ 700 سے زیادہ لوگ بشمول چیف منسٹر ویر بھدرا سنگھ اسی علاقہ میں 23 جون کولوک سبھا ضمنی انتخابات کے سلسلے میں کیمپ کئے ہوئے تھے۔ چیف سکریٹری ایس رائے نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے چیف منسٹر کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منتقل کرنے کی اجازت دی ہے لیکن خراب موسم کی وجہہ سے کاپٹر لینڈ نہ کرسکا اور واپس ہوگیا۔ کرکٹر ہربھجن سنگھ اتراکھنڈ میں بارش کی وجہ سے پھنس گئے ہیں اور انڈو تبتن بارڈ پولیس کیمپ میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی میں دوسرے دن بھی زبردست بارش ہوئی جس کے وجہہ سے پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ ضلع کنارہ میں تقریباً 25بیرونی سیاح اور دوردرشن کی ٹیم سیلاب کی وجہہ سے پھنسی ہوئی ہے۔

Fatal Floods Hit North India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں