مرکزی مجلس وزرا میں رد و بدل - کھرگے نئے وزیر ریلوے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-18

مرکزی مجلس وزرا میں رد و بدل - کھرگے نئے وزیر ریلوے

مرکزی مجلس وزراء میں آج ردوبدل اور توسیع کی گئی۔ یوپی اے۔II حکومت کابینہ میں غالباً یہ آخری ردوبدل اور توسیع ہے۔ ملکارجن کھرگے کو وزیر ریلوئے بنایا گیا ہے۔ مزید 8قائدین کو بھی وزارتی عہدے دئیے گئے ہیں۔ ان قائدین میں سیسرام اولا اور آسکر فرنانڈیز جیسے سینئر قائدین شامل ہیں۔ موخر الذکر 2قائدین کو دوسری مرتبہ مجلس وزراء میں شامل کیا گیا ہے۔ کل پارٹی سطح یعنی کانگریس کی سطح پر ردوبدل کے بعد راجستھان کی سینئر خاتون لیڈر گریجادیاس اور آندھراپردیش کے قائدین کے ایس راؤ کو آج بحیثیت کابینی وزراء شامل کیا گیا ہے۔ یہ ردوبدل کلیتاً کانگریس کا معاملہ ہے۔ 3 نئے چہروں یعنی سنتوش چودھری، جے ڈی سیلم اور ای این ایس نچی اپن ونیز مہاراشٹرا کے سینئر لیڈر مانک راؤ گوٹ کو مملکتی وزراء بنایا گیا ہے۔ نئے وزراء کی شمولیت کے بعد مرکزی مجلس وزراء کی عددی طاقت 77تک پہنچ گئی ہے۔ راشٹرا پتی بھون میں منعقدہ تقریب میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس تقریب میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، صد رکانگریس سونیا گاندھی اور مرکزی وزراء اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ 71سالہ ملکارجن کھرگے گذشتہ ماہ کرناٹک میں، چیف منسٹر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کا وزارت محنت و روزگار کا قلمدان تبدیل کرتے ہوئے وزارت ریلوئے کا اہم قلمدان تفویض کیا گیا ہے اور اس طرح گذشتہ ماہ کی صورتحال کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ اب وزارت لیبر کا قلمدان سیسرام اولا کو تفویض کیا گیا ہے۔ 86 سالہ اولا، راجستھان کے جاٹ لیڈر ہیں۔ انہیں وہی قلمدان دوبارہ دیا گیا ہے جو یوپی اے۔I کے دور میں دیا گیا تھا۔ آسکر فرنانڈیز یوپی اے۔I دور حکومت میں وزیر لیبر و اسپورٹس اور امور نوجوانان تھے۔ اب انہیں شوارع اور شاہراہوں کی وزارت دی گئی ہے۔ وہ سی پی جوشی کے جانشین ہوئے جنہوں نے گذشتہ شنبہ کو استعفیٰ دے دیا تھا۔ گریجادیاس کو امکنہ، شہری ترقی اور انسداد غربت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ پہلے یہ قلمدان اجئے ماکن کے تفویض تھا۔ ماکن نے بھی پارٹی کیلئے کام کرنے کی خاطر گذشتہ شنبہ کو اپنے عہدہ وزات سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 69 سالہ کے ایس راؤ، ساحلی آندھرا سے 5مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ سال گذشتہ کابینہ میں توسیع کے موقع پر انہیں نظر انداز کردئیے جانے کے بعد وہ لوک سبھا سے مستعفی ہونے کے قریب ہوگئے تھے۔ اب انہیں وزارت پارچہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ نئے مملکتی وزراء میں سیلم شامل ہیں جو ایک سابق آئی اے ایس عہدیدار اور آندھراپردیش کے دلتوں کے رہنما ہیں۔ گوٹ(78سالہ)، مہاراشٹرا کے ایک قبائلی لیڈرہیں اور 9مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوچکے ہیں، انہیں سماجی انصاف اور امپاورمنٹ قلمدان دیا گیا ہے۔

Manmohan Singh inducts 8 new ministers in Cabinet reshuffle

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں