خالد مجاہد کا خاندان مرن برت شروع کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

خالد مجاہد کا خاندان مرن برت شروع کرے گا

پولیس تحویل میں پراسرار انداز میں شہید کئے گئے خالد مجاہد کے افراد خاندان نے دھمکی دی ہے کہ اگر 6جون تک نمیش کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی تو وہ لکھنؤ میں اسمبلی کے سامنے مرن برت شروع کریں گے۔ مجاہد کے چچا ظہیر عالم فلاحی نے کہاکہ وہ اور ان کے ہمدرد بطور احتجاج مرن برت رکھیں گے۔ واضح رہے کہ خالد مجاہد کو فیض آباد کی عدالت میں پیشی کے بعد جیل روانگی کے دورا پولیس تحویل میں18مئی کو ہلاک کیا گیا۔ ظہیر عالم فلاحی نے بتایا کہ اترپردیش حکومت نے اگرچہ آرڈی نمیش کمیشن رپورٹ کے بعض اقتباسات منظر عام پرلانے کی باتیں کررہی ہے لیکن حکومت کے قول و عمل پر کوئی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ یہ نمیش کمیشن مایاوتی حکومت کے دور میں قائم کیا گیا تھا۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ اکھلیش یادو کی حکومت کو 31اگست 2012 کو پیش کردی ہے۔ ظہیر عالم فلاحی نے کہاکہ اب انصاف کیلئے لڑائی صرف مجاہد تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ دہشت گردی کے جھوٹے الزامات میں گرفتار ان تمام مسلم نوجوانوں کے حق میں لڑی جائے گی جو جیلوں میں محروس ہیں۔ خالد مجاہد کی موت کی تحقیقات ریاستی پولیس کی جانب سے نہیں کی جاسکتی، کیونکہ پولیس پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرسکتی ہے، لہذا اس پراسرار ہلاکت کی تحقیقات سی بی آئی کے ذریعہ کرائی جائے۔ اسی طرح اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی نے مجاہد کی موت پر تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔ یہ کمیٹی اترپردیش کے ہوم سکریٹری اور ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پر مشتمل ہے۔ ظہیر عالم طارق قاسمی، سجاد الرحمن اور محمد اختر کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا، جو دہشت گردی کے کیس میں شریک ملزم ہیں اور اب ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

Mujahid kin threaten fast-unto-death, want probe report out

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں