تلنگانہ پر کانگریس کا جلد فیصلہ متوقع - غلام نبی آزاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

تلنگانہ پر کانگریس کا جلد فیصلہ متوقع - غلام نبی آزاد

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے آج بتایاکہ کانگریس رواں مہینہ میں تلنگانہ مسئلہ پر فیصلہ کرے گی۔ دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی یہ فیصلہ کرنے سے قبل مزید مشاورت کرے گی۔ غلام نبی آزاد جو آندھراپردیش میں پارٹی ماور کے انچارج بھی ہیں، نے تلنگانہ کے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ فیصلہ کا انتظار کریں۔ 2ارکان پارلیمنٹ اور بعض دیگر قائدین کے کانگریس چھوڑ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان قائدین کو خود کیلئے اور اپنے ارکان خاندان کیلئے عہدوں میں زیادہ دلچسپی ہے۔ کانگریس ارکان جی ویویک اور جگناتھم اور سینئر قائد کے کیشور راؤ نے گذشتہ ہفتہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس کے کور گروپ نے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس اجلاس میں غلام نبی آزاد نے بھی شرکت کی۔ امکان ہے کہ پارٹی علیحدہ ریاست تلنگانہ کے مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرے گی۔ قیادت کو احساس ہے کہ اس مسئلہ کو طول دینا پارٹی کیلئے نقصاندہ ہوگا۔ ریاست میں آئندہ سال انتخابات ہونے والے ہیں۔ ٹی آرایس ، کانگریس قائدین کو یہ کہتے ہوئے راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ مرکز نے متعدد مرتبہ بے وفائی کی۔ کانگریس قیادت یہ باور کرتی ہے کہ اس پیچیدہ مسئلہ پر واضح موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کانگریس قائدین بشمول ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی مرکزی قیادت سے علیحدہ تلنگانہ ریاست کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس چھوڑ کر ٹی آرایس میں شامل ہونے والے قائدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے آج الزام لگایا کہ انہوں نے شخصی مفادات کیلئے پارٹی کو چھوڑا ہے، تلنگانہ کاز کیلئے نہیں۔ یہ قائدین آنے والے انتخابات میں اپنے اور اپنے رشتہ داروں کیلئے پارٹی ٹکٹس کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ معاملہ شدت اختیار کرنے کے بعد کانگریس کور گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آندھراپردیش کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس پیچیدہ مسئلہ پر کانگریس نے ہنوز اپنا موف واضح نہیں کیا ہے۔ علیحدہ ریاست کا مسئلہ پارٹی کیلئے عرصہ دراز سے پریشان کن بن گیا ہے۔ تلنگانہ مسئلہ پر کانگریس کی زیر قیادت ریاست علاقائی خطوط پر منقسم ہے۔ آندھراپردیش چند بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے، جہاں پارٹی کو اپنے طورپر اقتدار حاصل ہے۔ آئندہ سال عام انتخابات سے قبل اس مسئلہ کی یکسوئی ناگزیر ہے۔

Congress decision on Telangana expected soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں