Mamata Banerjee wants to increase bargaining power: Left on Federal Front
وفاقی محاذ کی تشکیل کیلئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی اپیل کو کانگریس اور بی جے پی کے ساتھ سودے بازی کی طاقت میں اضافہ کا ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے بائیں بازو جماعتوں نے آج کہا کہ مشترکہ اقل ترین پروگرام کے بغیر یہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔ سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو رکن و قائد اپوزیشن سوریہ کانتا مشرا نے یہاں پی ٹی آئی کو بتایاکہ ممتا بنرجی نے 2014ء کے انتحابات سے قبل بی جے پی اور کانگریس کے ساتھ سودے بازی کی طاقت میں اضافہ کرنے یہ ہتھکنڈہ اختیار کیا ہے۔ ہر شخص ان کے سیاسی ریکارڈسے واقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا اتحاد کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ وہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر نہیں چل سکتی ہیں۔ سی پی آئی لیڈر اے بی بردھن نے مشرا کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہاکہ مرکز میں اقتدار کے حصول کیلئے صرف چند چیف منسٹرس کا متحدہ ہونا سودمند نہیں ہوگا۔ مشترکہ پروگرام کے بغیر ایسا محاذ کامیاب نہیں ہوسکتا۔ قبل ازیں ہم نے ہم خیال سیکولر جماعتوں کے ساتھ مشترکہ ایجنڈہ کی بنیاد پر تیسرے محاذ کی بات کی تھی۔ وہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور اڈیشہ میں ان کے ہم منصب نوین پٹنائک کا حوالہ دے رہے تھے جن سے ممتا بنرجی نے وفاقی محاذ کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ ممتا بنرجی نے چند دن قبل فیس بک پر یہ تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے یہ تجویز ایک ایسے وقت پیش کی ہے جب کہ کانگریس زیر قیادت یوپی اے کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہی ہے اور چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو بی جے پی کی انتخابی کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے کے سبب جنتادل یو کے این ڈی اے سے علیحدہ ہوجانے کے امکانات ہیں۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں